عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جو اپنے مسلمان بھائی کی پردہ پوشی کرے گا، قیامت کے روز اللہ تعالیٰ اس کی پردہ پوشی فرمائے گا، اور جو اپنے مسلمان بھائی کا کوئی عیب فاش کرے گا، اللہ تعالیٰ اس کا عیب فاش کرے گا، یہاں تک کہ وہ اسے اس کے گھر میں بھی ذلیل کرے گا“۱؎۔
وضاحت: ۱؎: یہ تجربہ کی بات ہے کہ جو کوئی اپنے بھائی مسلمان کا عیب اس کو ذلیل کرنے کے لئے ظاہر کرتا ہے وہ اس سے بڑھ کر عیب میں گرفتار ہوتا ہے، اور اس سے بڑھ کر ذلیل و خوار ہوتا ہے۔
تخریج الحدیث: «تفرد بہ ابن ماجہ، (تحفة الأشراف: 6043، ومصباح الزجاجة: 903) (صحیح)» (سند میں محمد بن عثمان جُمَحِي ضعیف راوی ہیں، لیکن شواہد کی بناء پر یہ صحیح ہے، نیز ملاحظہ ہو: تراجع الألبانی: رقم: 387)
قال الشيخ الألباني: صحيح
قال الشيخ زبير على زئي: ضعيف إسناده ضعيف محمد بن عثمان بن صفوان الجمحي: ضعيف (تقريب: 6130) والحديث السابق (الأصل: 2544) يُغني عنه انوار الصحيفه، صفحه نمبر 471
مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث2546
اردو حاشہ: فوائد ومسائل:
(1) مذکورہ حدیث ہمارے فاضل محقق نے سنداً ضعیف قرار دے کر کہا کہ حدیث نمبر: 2544 اور225 اس سےکفایت کرتی ہیں علاوہ ازیں دیگر محققین نےبھی اسے صیحح قراردیا ہے لہٰذامذکورہ روایت سنداً ضعیف ہونے کے باجود دیگر شواہد کی بنا قابل حجت ہے۔ مزید تفصیل کے لیے دیکھیے: (الصحیحة للألبانی رقم: 2341)
(2) برہنگی چپھانے سے ظاہری معنیٰ بھی مراد ہوسکتے ہیں جس کو کپڑے کی ضرورت ہو اسے کپڑا پہنایا جائے اور کسی کو رسوا ہونے سے بچانا بھی مراد ہو سکتا ہے کہ اگرکسی کے عیب کاعلم ہو جائے تو دوسروں کو بتانے کی بجائے اسے تنہائی میں نصیجت کی جائے تاکہ وہ باز آ جائے۔
(3) کسی مسلمان کو ذلیل کرنے کی کوشش کرنے ولا خود ذلیل ہوکر رہتا ہے۔
(4) عزت اور ذلت اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ کسی کو رسواکرتے وقت یہ نہیں سوچنا چاہیے کہ مجھ میں یہ عیب نہیں اس لیے مجھے رسوائی کا اندیشہ نہیں۔ انسان کسی بھی لمحے اپنی کمزوری کا یا شیطان کے وسوسوں کا شکار ہو کر گناہ کا مرتکب ہو سکتا ہےاس لیے اللہ تعالیٰ سے عافیت طلب کرنی چاہیے۔
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 2546