محمد بن جعفر نے کہا: ہمیں شعبہ نے سماک بن حرب سے حدیث بیان کی، انھوں نے مصعب بن سعد سے، انھوں نے اپنے والد (حضرت سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ) سے روایت کی، انھوں نے کہا: میرے بارے میں چار آیات نازل ہو ئیں پھر زبیر سے سماک کی حدیث کے ہم معنی بیان کیا اور شعبہ کی حدیث میں (محمد بن جعفر نے) مزید یہ بیان کیا کہ لوگ جب میری ماں کو کھانا کھلا نا چاہتے تو لکڑی سے اس کا منہ کھولتے، پھر اس میں کھا نا ڈالتے، اور انھی کی حدیث میں یہ بھی ہے کہ حضرت سعد رضی اللہ عنہ کی ناک پر ہڈی ماری اور ان کی ناک پھاڑ دی، حضرت سعد رضی اللہ عنہ کی ناک پھٹی ہوئی تھی۔
حضرت مصعب بن سعد اپنے باپ سے بیان کرتے ہیں،انہوں نے بتایا،میرے بارے میں چار آیات اتری ہیں،آگے اوپر کی روایت کے ہم معنی روایت ہے،شعبہ کی روایت میں یہ اضافہ ہے،جب وہ لوگ اسے(حضرت سعد رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی ماں کو) کھانا کھلانا چاہتے تو اس کا منہ ڈنڈے سےکھولتے،پھر اس میں کھانا ڈال دیتے اور اس کی حدیث میں یہ بھی ہے،اسے حضرت سعد رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی ناک پر مارا اور اسے پھاڑدیا،اس لیے حضرت سعد کی ناک پھٹی ہوئی تھی۔