ابن الحسن محمدی حفظ اللہ
  الشيخ ابن الحسن محمدي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث سنن ابي داود 722  
´ہر تکبیر پر رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا رفع الیدین فرمانا`
«. . . يَرْفَعُهُمَا فِي كُلِّ تَكْبِيرَةٍ يُكَبِّرُهَا قَبْلَ الرُّكُوعِ حَتَّى تَنْقَضِيَ صَلَاتُهُ . . .»
. . . (آپ صلی اللہ علیہ وسلم) رکوع سے پہلے ہر تکبیر کے وقت دونوں ہاتھ اٹھاتے، یہاں تک کہ آپ کی نماز پوری ہو جاتی . . . [سنن ابي داود/أبواب تفريع استفتاح الصلاة: 722]

فوائد و مسائل:
اس حدیث سے ثابت ہوتا ہے کہ رکوع سے پہلے کہی جانے والی ہر تکبیر پر رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم رفع الیدین فرماتے تھے۔ تکبیرات عیدین بھی چونکہ رکوع سے پہلے ہوتی ہیں، لہٰذا ان میں رفع الیدین کرنا سنت نبوی سے ثابت ہے۔ ائمہ حدیث نے بھی اس حدیث کو تکبیرات عیدین میں رفع الیدین پر دلیل بنایا ہے۔

امام شافعی رحمہ اللہ
◈ امام، ابوعبداللہ، محمد بن ادریس شافعی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
نماز جنازہ اور عیدین کی ہر تکبیر پر رفع الیدین کیا جائے گا، حدیث نبوی کی بنا پر بھی اور یہ قیاس کرتے ہوئے بھی کہ قیام کی تکبیر پر رفع الیدین کیا جاتا ہے۔ [الام: 127/1]

امام ابن منذر رحمہ اللہ
◈ امام، ابوبکر، محمد بن ابراہیم، ابن منذر، نیشاپوری رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
اس لیے بھی کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے قیام میں ہر تکبیر پر رفع الیدین بیان فرمایا ہے اور عیدین و جنازہ کی تکبیرات بھی قیام ہی میں ہیں، لہٰذ ان تکبیرات میں رفع الیدین ثابت ہو گیا۔ [الأوسط فى السنن والاجماع والاختلاف: 5/ 428]
◈ نیز فرماتے ہیں:
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے نماز شروع کرتے وقت، رکوع جاتے وقت اور رکوع سے سر اٹھاتے وقت رفع الیدین کرنے کو سنت بنایا ہے۔ یہ ساری صورتیں قیام کی حالت میں تکبیر کی ہیں۔ لہٰذا جو بھی شخص قیام کی حالت میں تکبیر کہے گا، وہ اسی سنت سے استدلال کرتے ہوئے رفع الیدین کرے گا۔ [الأوسط: 4/ 282]

امام بیہقی رحمہ اللہ
◈ امام، ابوبکر، احمد بن حسین، بیہقی رحمہ اللہ، (384۔ 458ھ) نے مذکورہ بالا حدیث پر یوں باب قائم فرمایا ہے:
«باب رفع اليدين فى تكبير العيد»
عید کی تکبیرات میں رفع الیدین کا بیان۔ [السنن الكبري: 411/3]

امام اوزاعی رحمہ اللہ
◈امام عبدالرحمٰن بن عمرو، اوزاعی رحمہ اللہ (م: 157ھ) سے تکبیرات عیدین میں رفع الیدین کے بارے میں پوچھا گیا، تو انہوں نے فرمایا:
«نعم ارفع يديك مع كلهن»
ہاں، تمام تکبیرات کے ساتھ رفع الیدین کرو۔ [احكام العيدين للفريابي: 136، وسنده صحيح]

امام مالک رحمہ اللہ:
امام مالک بن انس رحمہ اللہ (93-179ھ) سے پوچھا گیا، تو انہوں نے فرمایا:
«نعم، ارفع يديك مع كل تكبيرة، ولم اسمع فيه شيئا»
ہاں، ہر تکبیر کے ساتھ رفع الیدین کرو، میں نے اس بارے میں کوئی اختلاف نہیں سنا۔ [احکام العیدین للفریابی: ۱۳۷، وسندہ صحیح]

امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ
امام اہل سنت، احمد بن حنبل رحمہ اللہ (164-241ھ) فرماتے ہیں:
«يرفع يديه فى كل تكبيرة»
ہر تکبیر کے ساتھ رفع الیدین کرے گا۔ [مسائل الامام احمد بروايه ابي داؤد: 87]

امام اسحاق بن راھویہ رحمہ اللہ
امام اسحاق بن راہویہ رحمہ اللہ (161۔ 238ھ) کا بھی یہی مذہب ہے۔ [مسائل الامام احمد و اسحاق: 4054/8، م: 2890]
1326

http://islamicurdubooks.com/ 2005-2023 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to www.islamicurdubooks.com will be appreciated.