الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری رحمہ اللہ
  علامه صفي الرحمن مبارك پوري رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث بلوغ المرام 26  
لغوی تشریح:
«مِنْ بَوْلِ الْجَارِيَةِ» اس میں «مِنْ» علت کے لیے ہے۔ معنی یہ ہوئے کہ کپڑے اور بدن وغیرہ پر لڑکی کا پیشاب لگنے کی وجہ سے۔
«اَلْجَارِيَةِ» کے معنی لڑکی، بچی کے ہیں۔
«يُرَشُّ» «رَشّ» سے ماخوذ ہے اور مجہول کا صیغہ ہے۔ اس کے معنی چھڑکنے کے ہیں۔ وہ اس طرح کہ جہاں پیشاب لگا ہو وہاں پانی اتنا چھڑکا جائے کہ اتنے متاثرہ حصے پر پانی غالب آ جائے اور متاثرہ جگہ کو ڈھانپ لے، مگر اتنی کثیر مقدار میں چھڑکنے کی چنداں ضرورت نہیں کہ پانی وہاں سے بہہ نکلے اور قطروں کی صورت میں نیچے گرنے لگے۔

فوائد و مسائل:
➊ حدیث سے یہ ثابت ہوا کہ لڑکے اور لڑکی کے پیشاب کی بابت شرعی حکم الگ الگ ہے۔
➋ لڑکی کا پیشاب لگنے سے کپڑے کو دھونا اور لڑکے کے پیشاب کے لیے پانی کا چھڑکنا اس وقت تک ہے جب تک دونوں کی مستقل غذا دودھ ہے۔ دودھ کے علاوہ غذا کھانے کی صورت میں دونوں کا پیشاب نجاست کے اعتبار سے یکساں حکم رکھتا ہے۔
➌ بچے کے پیشاب پر پانی چھڑکنے کا یہ مطلب نہیں کہ وہ پاک ہے۔ بس حدیث میں اس سے زیادہ کچھ دلیل نہیں کہ بچے کے پیشاب کو پاک کرنے میں شریعت نے ذرا نرمی دی ہے۔ [سبل السلام]
➍ خلاصہ کلام یہ ہے کہ لڑکی اور لڑکے کے پیشاب میں فرق ہے۔ شیرخوارگی کے ایام میں لڑکی کا پیشاب لڑکے کی بہ نسبت زیادہ ناپاک ہے۔ شیرخوارگی کے بعد دونوں میں کوئی فرق نہیں۔
➎ امام شافعی، امام احمد، ابن وہب، حسن بصری، اسحاق بن راہویہ رحمہما اللہ اور سیدنا علی رضی اللہ عنہ کے نزدیک لڑکے کے پیشاب پر پانی چھڑکنا کافی ہے۔ امام مالک اور امام ابوحنیفہ رحمہما اللہ دھونے کو ضروری قرار دیتے ہیں جو کہ صحیح نہیں ہے۔

راوی حدیث:
SR أَبُو السَّمْح رضی اللہ عنہ ER سین پر فتحہ اور میم ساکن۔ أبو سمح ان کی کنیت ہے۔ ایاد (ہمزہ کے کسرہ کے ساتھ) ان کا نام ہے۔ بعض لوگوں کا خیال ہے کہ نام اور کنیت ایک ہی ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کے آزاد کردہ غلام اور آپ کے خادم تھے۔ علامہ ابن عبدالبر رحمہ اللہ کہتے ہیں کہ ایک قول کے مطابق یہ گم ہو گئے تھے۔ معلوم نہیں کہاں وفات پائی؟ ان سے صرف یہی ایک حدیث مروی ہے۔
339

http://islamicurdubooks.com/ 2005-2023 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to www.islamicurdubooks.com will be appreciated.