الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری رحمہ اللہ
  علامه صفي الرحمن مبارك پوري رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث بلوغ المرام 82  
´قابلِ ستر اعضاء کو چھپانا واجب ہے`
«. . . قال رسول الله صلى الله عليه وآله وسلم: إذا تغوط الرجلان فليتوار كل واحد منهما عن صاحبه،‏‏‏‏ ولا يتحدثا،‏‏‏‏ فإن الله يمقت على ذلك . . .»
. . . رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جب دو آدمی قضائے حاجت کریں تو ان کو ایک دوسرے سے پردہ میں ہونا چاہیئے اور اس حالت میں ایک دوسرے سے باہم گفتگو بھی نہ کریں اس لئے کہ ایسے فعل پر اللہ تعالیٰ ناراض ہوتے ہیں . . . [بلوغ المرام/كتاب الطهارة: 82]

لغوی تشریح:
«تَغَوَّطَ» قضائے حاجت کے لیے نکلے اور اپنی حاجت پوری کرے۔
«فَلْیَتَوَارَ» اس میں لام امر کا ہے اور را پر فتحہ ہے۔ معنی ہیں کہ چھپنا چاہیے، پردے میں ہونا چاہیے۔
«وَلَا یَتَحَدَّثَا» قضائے حاجت کے وقت دونوں کو بات چیت نہیں کرنی چاہیے۔
«یمقت» «مقت» سے ماخوز ہے، سخت ناراضی کو کہتے ہیں۔
«علی ذلک» اس کا مشار الیہ مذکورہ تمام چیزیں ہیں، یعنی دونوں کے مابین پردے کا نہ ہونا اور رفع حاجت کے وقت بات چیت کرنا مراد ہے۔
«وَھُوَ مَعْلُوْلٌ» کہا گیا ہے کہ اس حدیث میں علت یہ ہے کہ اسے عکرمہ بن عمار نے یحییٰ بن ابی کثیر سے روایت کیا ہے۔ عکرمہ منفرد ہے اور اس کی یحییٰ سے روایت میں کلام ہے، البتہ امام مسلم اور امام بخاری رحمہ اللہ رحمہما اللہ نے یحییٰ کی روایت کو بطور استشہاد ذکر کیا ہے۔

فوائد ومسائل:
➊ علامہ ابن حجر عسقلانی رحمہ اللہ نے اس حدیث کو عکرمہ بن عمار عن یحییٰ بن ابی کثیر کی وجہ سے معلول قرار دیا ہے، تاہم دوسری صحیح احادیث سے معلوم ہوتا ہے کہ قابل ستر اعضاء کو چھپانا واجب ہے، نیز قضائے حاجت، یعنی بول و براز کے وقت باہم گفتگو کرنا حرام ہے، اس لیے ایسے فعل پر اللہ تعالیٰ کی ناراضی اور بغض شدید کی صورت میں وعید فرمائی گئی ہے۔
➋ اگر یہ فعل بقول بعض مکروہ ہوتا تو اتنی سخت وعید کی ضرورت نہیں تھی۔ ایسے موقع پر نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے سلام کا جواب چھوڑنا بھی عملاً ثابت ہے جو اس کا مؤید ہے۔
393

http://islamicurdubooks.com/ 2005-2023 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to www.islamicurdubooks.com will be appreciated.