الحمدللہ ! قرآن پاک روٹ ورڈ سرچ اور مترادف الفاظ کی سہولت پیش کر دی گئی ہے۔

 
مختصر صحيح بخاري کل احادیث 2230 :حدیث نمبر
مختصر صحيح بخاري
صلح کا بیان
सुल्ह यानि मेलमिलाप के बारे में
1. جو شخص لوگوں کے درمیان صلح کرا دے وہ جھوٹا نہیں ہے۔
حدیث نمبر: 1184
پی ڈی ایف بنائیں مکررات اعراب
سیدہ ام کلثوم بنت عقبہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ انھوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم یہ فرماتے ہوئے سنا: جو شخص لوگوں کے درمیان صلح کروانے کے لیے کسی اچھی بات کی چغلی کھائے یا اسی سلسلہ کی اور کوئی اچھی بات کہہ دے وہ جھوٹا نہیں ہے۔
2. امام کا اپنے ساتھیوں سے یہ کہنا کہ ہمیں لے چلو ہم صلح کرا دیں۔
حدیث نمبر: 1185
پی ڈی ایف بنائیں مکررات اعراب
سیدنا سہل بن سعد رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ قباء والوں نے (ایک دفعہ) باہم جنگ کی یہاں تک کہ باہم پتھر مارے۔ پس رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اس کی خبر دی گئی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ہمیں لے چلو، ہم ان کے درمیان صلح کرا دیں۔
3. (صلح نامہ) کیوں کر لکھا جائے (کیا اس طرح لکھے) کہ ”یہ وہ صلح نامہ ہے جس میں فلاں بن فلاں نے صلح کی“ اور خاندان اور نسب نامہ لکھنا ضروری نہیں“۔
حدیث نمبر: 1186
پی ڈی ایف بنائیں مکررات اعراب
سیدنا براء بن عازب رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ذیقعدہ میں عمرہ کیا تو اہل مکہ نے اس بات کو نہ مانا کہ آپ کو مکہ میں داخل ہونے دیں حتیٰ کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے اس بات پر فیصلہ کر لیا کہ تین دن مکہ میں قیام کریں پھر جب ان لوگوں نے تحریر لکھی تو یہ لکھوایا کہ یہ صلح نامہ ہے جس پر محمد اللہ کے رسول ( صلی اللہ علیہ وسلم ) راضی ہوئے۔ تو مشرکوں نے کہا کہ ہم اس بات کا اقرار نہیں کرتے کیونکہ اگر ہم جانتے کہ آپ اللہ کے پیغمبر ہیں تو ہم آپ کو (عمرے سے ہرگز) نہ روکتے بلکہ (ہم یہ جانتے ہیں کہ) آپ محمد بن عبداللہ ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: میں اللہ کا رسول ہوں اور محمد بن عبداللہ بھی ہوں۔ اس کے بعد آپ نے سیدنا علی رضی اللہ عنہ سے فرمایا: تم رسول اللہ (کے لفظ) کو مٹا دو۔ تو انھوں نے عرض کی کہ نہیں اللہ کی قسم! میں آپ (کے نام) کو ہرگز نہ مٹاؤں گا چنانچہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے وہ تحریر خود لے لی اور لکھ (لکھوا) دیا کہ یہ وہ صلح نامہ ہے جس پر محمد بن عبداللہ ( صلی اللہ علیہ وسلم ) نے فیصلہ کیا، وہ مکہ میں ہتھیار غلاف میں رکھ کر داخل ہوں گے اور مکہ والوں میں جو کوئی ان کے ساتھ جانا چاہے گا اس کو ساتھ نہیں لے جائیں گے اور اپنے ساتھ والوں میں سے اگر کوئی مکہ میں رہ جانا چاہے گا تو اس کو منع نہیں کریں گے۔ پھر جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم مکہ میں داخل ہوئے اور مدت گزر گئی تو لوگ سیدنا علی رضی اللہ عنہ کے پاس آئے اور ان سے کہا کہ تم اپنے صاحب ( صلی اللہ علیہ وسلم ) سے کہو کہ اب ہمارے پاس سے چلے جائیں کیونکہ (مقررہ) وقت گزر گیا پس نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم مکہ سے باہر آ گئے پھر سیدنا حمزہ رضی اللہ عنہ کی بیٹی ان کے پیچھے اے چچا! اے چچا! کہتی ہوئی دوڑی تو اس کو سیدنا علی رضی اللہ عنہ نے لے لیا اور اس کا ہاتھ پکڑ کے سیدہ فاطمۃالزہراء (رضی اللہ عنہا کے پاس لائے اور) کہا کہ اپنے چچا کی بیٹی کو لے لو، میں اس کو اٹھا لایا ہوں پھر سیدنا علی رضی اللہ عنہ اور سیدنا زید رضی اللہ عنہ اور سیدنا جعفر رضی اللہ عنہ نے باہم اختلاف کیا۔ سیدنا علی رضی اللہ عنہ کہتے تھے کہ میں اس لڑکی کا زیادہ مستحق ہوں، یہ میرے چچا کی بیٹی ہے اور سیدنا جعفر رضی اللہ عنہ کہتے تھے کہ وہ میرے چچا کی بیٹی ہے اور اس کی خالہ میرے نکاح میں ہے اور سیدنا زید رضی اللہ عنہ نے کہا کہ وہ میرے بھائی کی بیٹی ہے تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس لڑکی کو اس کی خالہ کو دلوا دیا اور فرمایا: خالہ ماں کی طرح ہے۔ اور سیدنا علی رضی اللہ عنہ سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم مجھ سے ہو اور میں تم سے ہوں۔ اور سیدنا جعفر رضی اللہ عنہ سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم میری صورت اور سیرت (دونوں) کے مشابہ ہو۔ اور سیدنا زید رضی اللہ عنہ سے فرمایا: تم میرے بھائی ہو اور میرے مولا ہو۔
4. نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا سیدنا حسن بن علی رضی اللہ عنہ کی نسبت فرمانا کہ یہ میرا بیٹا سید ہے۔
حدیث نمبر: 1187
پی ڈی ایف بنائیں مکررات اعراب
سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو منبر پر دیکھا اور سیدنا حسن بن علی رضی اللہ عنہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پہلو میں تھے۔ آپ کبھی لوگوں کی طرف متوجہ ہوتے تھے اور کبھی ان کی طرف اور فرماتے تھے: یہ میرا بیٹا سردار ہے اور امید ہے کہ اللہ تعالیٰ اس کے ذریعہ مسلمانوں کے دو بڑے گروہوں کے درمیان صلح کرا دے گا۔
5. کیا (درست ہے کہ) امام صلح کے لیے اشارہ کر دے؟
حدیث نمبر: 1188
پی ڈی ایف بنائیں مکررات اعراب
ام المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ (ایک مرتبہ) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کچھ جھگڑنے والوں کی بلند آوازیں (مسجد کے) دروازے سے سنیں اور یکایک (آپ کو یہ معلوم ہوا کہ) ان میں سے ایک دوسرے سے (قرض میں) کمی کرنے کی گزارش کر رہا ہے اور نرمی طلب کرتا ہے اور وہ یہ کہتا ہے کہ اللہ کی قسم! میں ایسا نہ کروں گا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ان کے پاس تشریف لے گئے اور فرمایا: اس امر پر اللہ کی قسم کھانے والا کہ وہ اچھی بات پر عمل نہ کرے گا کہاں ہے؟ تو اس شخص نے عرض کی کہ یا رسول اللہ! میں یہ ہوں (اچھا اب میں راضی ہوں کہ) جو کچھ میرا حریف چاہے گا وہ اسے دے دوں گا۔


http://islamicurdubooks.com/ 2005-2023 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to www.islamicurdubooks.com will be appreciated.