صحيح مسلم
كِتَاب صَلَاةِ الْعِيدَيْنِ -- نماز عیدین کے احکام و مسائل
3. باب مَا يُقْرَأُ بِهِ فِي صَلاَةِ الْعِيدَيْنِ:
باب: نماز عید میں کیا پڑھنا چاہیے؟
حدیث نمبر: 2060
وحَدَّثَنَا إسحاق بْنُ إِبْرَاهِيمَ ، أَخْبَرَنَا أَبُو عَامِرٍ الْعَقَدِيُّ ، حَدَّثَنَا فُلَيْحٌ ، عَنْ ضَمْرَةَ بْنِ سَعِيدٍ ، عَنْ عُبَيْدِ اللَّهِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عُتْبَةَ ، عَنْ أَبِي وَاقِدٍ اللَّيْثِيِّ ، قَالَ: " سَأَلَنِي عُمَرُ بْنُ الْخَطَّابِ عَمَّا قَرَأَ بِهِ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فِي يَوْمِ الْعِيدِ، فَقُلْتُ: بِ اقْتَرَبَتِ السَّاعَةُ وَق وَالْقُرْآنِ الْمَجِيدِ ".
فلیح نے ضمر ہ بن سعید سے، انھوں نے عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ سے اور انھوں نے حضرت ابو واقد لیثی رضی اللہ عنہ سے روایت کی، انھوں نے فرمایا، حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ نے مجھ سے اس بارے میں پوچھا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے عید کی نماز میں کیا پڑھا؟تو میں نے کہا: اقْتَرَ‌بَتِ السَّاعَۃُ اور ق وَالْقُرْ‌آنِ الْمَجِیدِ
حضرت ابوواقد لیثی بیان کرتے ہیں کہ عمر بن خطاب رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے مجھ سے پوچھا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے عید کی نماز میں کیا پڑھا تھا؟ تو میں نے کہا: ﴿اقْتَرَ‌بَتِ السَّاعَةُ﴾ اور ﴿ق ۚ وَالْقُرْ‌آنِ الْمَجِيدِ﴾ کی قرآت کی تھی۔
  الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابي داود ، تحت الحديث 1154  
´عید الاضحی اور عیدالفطر میں کون سی سورتیں پڑھے؟`
عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ بن مسعود سے روایت ہے کہ عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ نے ابوواقد الیثی رضی اللہ عنہ سے پوچھا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم عید الاضحی اور عید الفطر میں کون سی سورت پڑھتے تھے؟ آپ نے کہا: آپ صلی اللہ علیہ وسلم ان میں «ق والقرآن المجيد» اور «اقتربت الساعة وانشق القمر» پڑھتے تھے۔ [سنن ابي داود/تفرح أبواب الجمعة /حدیث: 1154]
1154۔ اردو حاشیہ:
عیدین میں ان سورتوں کی قرأت مسنون اور مستحب ہے۔
   سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعدی، حدیث/صفحہ نمبر: 1154   
  مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث1282  
´نماز عیدین میں پڑھی جانے والی سورتوں کا بیان۔`
عبیداللہ بن عبداللہ کہتے ہیں کہ عمر رضی اللہ عنہ عید کے دن نکلے تو ابوواقد لیثی رضی اللہ عنہ کے پاس یہ پوچھنے کے لیے انہوں نے آدمی بھیجا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اس دن نماز عید میں کون سی سورۃ پڑھتے تھے، تو انہوں نے کہا: سورۃ «قٓ» اور «اقتربت الساعۃ» ۔ [سنن ابن ماجه/كتاب إقامة الصلاة والسنة/حدیث: 1282]
اردو حاشہ:
فائدہ:
عیدین کی نمازوں میں دونوں احادیث میں مذکور سورتیں پڑھنا درست ہے۔
دونوں میں سے جس حدیث کے مطابق تلاوت کی جائےگی سنت پر عمل ہوجائے گا۔
   سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 1282   
  الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 2060  
1
حدیث حاشیہ:
فوائد ومسائل:
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم عیدین میں سورۃ اعلیٰ اور سورۃ غاشیہ کی بجائے کبھی سورۃ ق اور سورۃ ﴿اقْتَرَبَتِ السَّاعَةُ﴾ بھی پڑھا کرتے تھے کیونکہ سورۃ ق میں قرآن مجید کی عظمت کے ذکر کے بعد مرنے کے بعد دوبارہ اٹھنے کو ثابت کیا ہے اور بتایا ہے کہ لوگوں کے اعمال واقوال کا ریکارڈ محفوظ رکھنے کے لیے ہوشیار اور حاضر باش فرشتے مقرر ہیں اور اس کے لیے ایک رجسٹر ہے جس میں ان کا اندراج ہو رہا ہے قیامت کی تصویر کشی ہے۔
مکذبین کے حالات کی تفصیل ہے اور ایمان داروں کی سرفرازی کا بیان ہے۔
قوموں کے عروج وزوال کی داستان ہے رسول کی ذمہ داری کا بیان اور اس کے لیے جس صبر واستقامت کی ضرورت ہے اس کے حصول کے لیے نماز کی تلقین ہے اس طرح یہ سورۃ انتہائی عبرت انگیز اور سبق آموز ہے۔
اسی طرح سورۃ ﴿اقْتَرَبَتِ السَّاعَةُ﴾ میں مختلف قوموں کے حالات وواقعات بیان کرکے ان کے انجام سے سبق لینے کی ہدایت ہے اوربتایا گیا ہے کہ قرآن مجید عبرت ونصیحت اور یاد دہانی حاصل کرنے کے لیے ہر پہلو سے آراستہ ہے اس لیے تم اس سے فائدہ اٹھا کر اپنا انجام اچھا بنا لو۔
   تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 2060