صحيح البخاري
كِتَاب الْحَجِّ -- کتاب: حج کے مسائل کا بیان
41. بَابُ مِنْ أَيْنَ يَخْرُجُ مِنْ مَكَّةَ:
باب: مکہ سے جاتے وقت کون سی راہ سے جائے۔
حدیث نمبر: 1581
حَدَّثَنَا مُوسَى، حَدَّثَنَا وُهَيْبٌ، حَدَّثَنَا هِشَامٌ، عَنْ أَبِيهِ،" دَخَلَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ عَامَ الْفَتْحِ مِنْ كَدَاءٍ، وَكَانَ عُرْوَةُ يَدْخُلُ مِنْهُمَا كِلَيْهِمَا، وَكَانَ أَكْثَرَ مَا يَدْخُلُ مِنْ كَدَاءٍ أَقْرَبِهِمَا إِلَى مَنْزِلِهِ"، قَال أَبُو عَبْد اللَّهِ: كَدَاءٌ وَكُدًا مَوْضِعَانِ.
ہم سے موسیٰ بن اسماعیل نے بیان کیا، کہا کہ ہم سے وہیب بن خالد نے بیان کیا کہا کہ ہم سے ہشام نے اپنے باپ سے بیان کیا، انہوں نے بیان کیا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم فتح مکہ کے موقع پر کداء سے داخل ہوئے تھے۔ عروہ خود اگرچہ دونوں طرف سے (کداء اور کدیٰ) داخل ہوتے لیکن اکثر آپ کدیٰ کی طرف سے داخل ہوتے تھے کیونکہ یہ راستہ ان کے گھر سے قریب تھا۔ ابوعبداللہ (امام بخاری رحمہ اللہ) نے کہا کہ کداء اور کدیٰ دو مقامات کے نام ہیں۔
  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:1581  
1581. حضرت عروہ ہی سے روایت ہے، انھوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ فتح مکہ کے سال مقام کداء سے مکہ میں داخل ہوئے۔ حضرت عروہ مقام کُداء اور کَدا دونوں جانب سے مکہ میں آتے تھے لیکن اکثر وبیشتر کُداء کی جانب سے مکہ میں آتے کیونکہ یہ مقام ان کے گھر سے نزدیک تھا۔ ابو عبداللہ (امام بخاری ؓ) بیان کرتے ہیں کہ کُداء اور کدا مکہ میں دو مقام ہیں۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:1581]
حدیث حاشیہ:
(1)
مکہ مکرمہ میں تین مقامات تقریبا ہم نام ہیں جن کی تفصیل حسب ذیل ہے:
٭ كَدَاء:
یہ وہ گھاٹی ہے جو جنت معلیٰ کی طرف اترتی ہے اور جنت معلیٰ اہل مکہ کا مشہور قبرستان ہے۔
اسے آج کل حجون کہا جاتا ہے۔
٭ كُدا:
یہ گھاٹی قعیقعان پہاڑ کی جانب، شعب شامیین کے نزدیک باب شبیکہ کے پاس ہے۔
٭ كدی:
یہ وہ مقام ہے جو مکہ سے یمن کی طرف جانے کا راستہ ہے۔
اس طرف سے یمن والے مکہ میں داخل ہوتے تھے۔
(2)
ان احادیث سے معلوم ہوتا ہے کہ مکہ مکرمہ میں ثنیہ علیا کی جانب سے داخل ہونا اور ثنیہ سفلیٰ کی طرف سے نکلنا مستحب ہے۔
اس استحباب میں حج یا عمرہ کرنے والے اور بغیر احرام داخل ہونے والے سب برابر ہیں۔
واضح رہے کہ حضرت عروہ نے جب حدیث بیان کی تو انہوں نے رسول اللہ ﷺ کا عمل بتایا کہ آپ مکہ مکرمہ میں اوپر کی جانب سے داخل ہونا لازمی نہیں، اس لیے عروہ ؒ آسانی اور سہولت کے پیش نظر کداء کی طرف سے مکہ آتے تھے کیونکہ ان کے گھر سے مکہ آنے کے لیے یہ راستہ قریب پڑتا تھا۔
(3)
امام بخاری ؒ نے احادیث بیان کرنے کے بعد آخر میں وضاحت فرمائی ہے کہ کداء اور کدا، دو مقامات کے نام ہیں۔
حافظ ابن حجر ؒ لکھتے ہیں کہ اس تفسیر کی چنداں ضرورت نہ تھی کیونکہ حدیث کے سیاق ہی سے پتہ چلتا ہے کہ مکہ کے مضافات میں یہ دو الگ الگ مقام ہیں۔
(فتح الباری: 553/3)
شاید امام بخاری ؒ نے لفظی مشاکلت کی وجہ سے یہ وضاحت کرنا ضروری خیال کیا ہو۔
واللہ أعلم۔
(4)
ہشام بن عروہ نے اس حدیث کو مرسل اور موصول دونوں طرح بیان کیا ہے۔
امام بخاری ؒ نے دونوں اسناد اس لیے ذکر کی ہیں کہ مرسل روایت سے موصول روایت میں کوئی نقص لازم نہیں آتا کیونکہ موصول روایت حضرت سفیان بن عیینہ نے بیان کی ہے اور مرسل روایت میں دو ثقہ راویوں عمرو اور حاتم نے اس کی تائید اور متابعت کی ہے۔
متابعت کے طور پر مرسل روایات کو پیش کیا جا سکتا ہے۔
واللہ أعلم
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 1581