صحيح البخاري
كِتَاب الْبُيُوعِ -- کتاب: خرید و فروخت کے مسائل کا بیان
15. بَابُ كَسْبِ الرَّجُلِ وَعَمَلِهِ بِيَدِهِ:
باب: انسان کا کمانا اور اپنے ہاتھوں سے محنت کرنا۔
حدیث نمبر: 2075
حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ مُوسَى، حَدَّثَنَا وَكِيعٌ، حَدَّثَنَا هِشَامُ بْنُ عُرْوَةَ، عَنْ أَبِيهِ، عَنْ الزُّبَيْرِ بْنِ الْعَوَّامِ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ، قَالَ: قَالَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ:" لَأَنْ يَأْخُذَ أَحَدُكُمْ أَحْبُلَهُ".
ہم سے یحییٰ بن موسیٰ نے بیان کیا، کہا کہ ہم سے وکیع نے بیان کیا، کہا کہ ہم سے ہشام بن عروہ نے بیان کیا، ان سے ان کے والد نے اور ان سے زبیر بن عوام رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اگر کوئی اپنی رسیوں کو سنبھال لے اور ان میں لکڑی باندھ کر لائے تو وہ اس سے بہتر ہے جو لوگوں سے مانگتا ہے پھرتا ہے۔
  مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث1836  
´سوال کرنا اور مانگنا مکروہ اور ناپسندیدہ کام ہے۔`
زبیر بن عوام رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اگر تم میں سے کوئی اپنی رسی لے اور پہاڑ پر جا کر ایک گٹھا لکڑیوں کا اپنی پیٹھ پر لادے، اور اس کو بیچ کر اس کی قیمت پر قناعت کرے، تو یہ اس کے لیے لوگوں کے سامنے مانگنے سے بہتر ہے کہ لوگ دیں یا نہ دیں ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب الزكاة/حدیث: 1836]
اردو حاشہ:
فوائد  و مسائل:

(1)
بھیک مانگنا اسلام کی نظر میں قابل نفرت چیز ہے۔
اگر آدمی کوئی ایسا پیشہ اختیار کرنے کی پوزیشن میں نہ ہو جو معاشرے میں وقار کا حال سمجھا جاتا ہے تو محنت مزدوری کو عار نہیں سمجھنا چاہیے۔
جو چیز کسی کی ملکیت نہ ہو اس میں سے ہر شخص ضرورت کے مطابق لے سکتا ہے۔
جو پیشہ لوگوں کی نظر میں حقیر ہے اس کے ذریعے سے دیانت داری کے ساتھ کام کرتے ہوئے روزی کمانا بھی عزت کا باعث ہے۔
جو شخص معذوری کی وجہ سے روزی نہیں کما سکتا، اسلامی حکومت یا مسلمان عوام کا فرض ہے کہ اس کی جائز ضروریات پوری کرنے کا اہتمام کیا جائے تاکہ وہ بھیک مانگنے پر مجبور نہ ہو۔
   سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 1836   
  علامه صفي الرحمن مبارك پوري رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث بلوغ المرام 518  
´نفلی صدقے کا بیان`
سیدنا زبیر بن عوام رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اگر تم میں سے کوئی رسی لے کر لکڑیوں کا گٹھا جنگل سے اپنی پشت پر اٹھا کر لائے پھر اسے فروخت کر دے تو (اللہ تعالیٰ) اس وجہ سے اس کے چہرے کو مانگنے سے روک دیتا ہے۔ یہ (کام) اس کے لیے اس سے بہتر ہے کہ وہ لوگوں سے مانگتا پھرے اور لوگ اسے دیں یا نہ دیں۔ (بخاری) [بلوغ المرام/حدیث: 518]
لغوی تشریح 518:
بِحُزْمَۃِ الْحَطَبِ حزمۃ کی حا پر ضمہ اور زا ساکن ہے۔ لکڑیوں کا گٹھا۔
فَیَکُفَّ الْلّٰہَ بِھَا وَجھَہُ یعنی اللہ تعالیٰ اس کے ذریعے سے اس کی عزت وآبرو کو محفوظ رکھتا ہے اور دستِ سوال دراز کرنے کی رسوائی سے باز رکھتا ہے۔

فائدہ 518:
اس حدیث کی رو سے گداگری اور بھیک مانگنا قابلِ مذمت فعل ہے۔ کما کر کھانا اور محنت و مشقت کر کے حاصل کرنا بہتر ہے۔ سوالی اور گداگر کو اگر کچھ مل بھی جائے تو سوال کرنے کی ذلت کیا کچھ کم ہے۔ بھیک مانگنے سے عزت وآبرو نہیں رہتی۔ معاشرے میں وقار کم ہو جاتا ہے۔ لوگوں کی نگاہوں میں ایسے آدمی کا کوئی مقام ومرتبہ نہیں رہتا۔ مفت خوری کی بد عادت ایسے آدمی کو کاہل و سست بنا کر رکھ دیتی ہے۔ معاشرے کی ترقی متأثر ہو جاتی ہے۔ اور ایسا شخص بسا اوقات چوری اور ہیراپھیری جیسی بری عادات کا خوگر بن کر رہ جاتا ہے۔
   بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 518   
  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 2075  
2075. حضرت زبیر بن عوام رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے، انھوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: "تم میں سے کوئی شخص اپنی رسیوں کولے(اور لکڑیاں اکٹھی کرکے لائے تو ایسا کرنالوگوں کے سامنے دست سوال پھیلانے سے بہتر ہے۔)" [صحيح بخاري، حديث نمبر:2075]
حدیث حاشیہ:
یعنی سوال سے بچنا اور خود محنت مزدوری کرکے گذران کرنا ایک سچے مسلمان کی زندگی یہی ہونی ضروری ہے۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 2075   
  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:2075  
2075. حضرت زبیر بن عوام رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے، انھوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: "تم میں سے کوئی شخص اپنی رسیوں کولے(اور لکڑیاں اکٹھی کرکے لائے تو ایسا کرنالوگوں کے سامنے دست سوال پھیلانے سے بہتر ہے۔)" [صحيح بخاري، حديث نمبر:2075]
حدیث حاشیہ:
اس حدیث میں ایک سچے مسلمان کی علامت بیان ہوئی ہے کہ وہ محنت مزدوری کر کے اپنا اور اپنے بچوں کا پیٹ پالتا ہے،دوسروں کے سامنے دست سوال نہیں پھیلاتا کیونکہ اس میں ذلت ورسوائی ہے۔
مسلمان کبھی دوسروں کے سامنے خود کو ذلیل وخوار نہیں کرتا۔
مسند احمد میں ایک حدیث ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے دریافت کیا گیا:
کون سی کمائی زیادہ پاک اور اچھی ہے؟تو آپ نے فرمایا:
"آدمی کا اپنے ہاتھ سے کوئی کام کرنا،نیز ہر تجارت جو پاکبازی کے ساتھ ہو۔
"(مسند احمد: 4/141)
اس سے معلوم ہوا کہ سب سے اچھی کمائی تو وہ ہے جو خود اپنے دست وبازو اور محنت سے کی جائے اور اس تجارت کی کمائی بھی پاکیزہ ہے جو شریعت کے احکام کے مطابق اور دیانت داری کے ساتھ ہو۔
والله اعلم.
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 2075