سنن ابن ماجه
كِتَابُ الْأَضَاحِي -- کتاب: قربانی کے احکام و مسائل
16. بَابُ : ادِّخَارِ لُحُومِ الأَضَاحِيِّ
باب: قربانی کا گوشت ذخیرہ کرنے کی اجازت۔
حدیث نمبر: 3160
حَدَّثَنَا أَبُو بَكْرِ بْنُ أَبِي شَيْبَةَ ، حَدَّثَنَا عَبْدُ الْأَعْلَى بْنُ عَبْدِ الْأَعْلَى ، عَنْ خَالِدٍ الْحَذَّاءِ ، عَنْ أَبِي الْمَلِيحِ ، عَنْ نُبَيْشَةَ ، أَنّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ:" كُنْتُ نَهَيْتُكُمْ عَنْ لُحُومِ الْأَضَاحِيِّ فَوْقَ ثَلَاثَةِ أَيَّامٍ، فَكُلُوا وَادَّخِرُوا".
نبیشہ (نبیشہ بن عبداللہ الہذلی) رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: میں نے تمہیں قربانی کا گوشت تین دن سے زیادہ رکھنے سے منع کیا تھا، لیکن اب اسے کھاؤ اور ذخیرہ اندوزی کرو ۱؎۔

تخریج الحدیث: «سنن ابی داود/الأضاحي 10 (2813)، 20 (2830)، سنن النسائی/الفرع والعتیرة 1 (4235)، (تحفة الأشراف: 11585)، وقد أخرجہ: مسند احمد (5/75، 76)، سنن الدارمی/الأضاحي 6 (2001) (صحیح)» ‏‏‏‏

وضاحت: ۱؎: یعنی جتنے دن چاہو اسے کھاؤ اور محفوظ کر کے رکھو، اس لئے کہ اب فقر و فاقہ کے دن گئے، لوگ خوشحال ہو گئے،اس لئے اب اس کو تین دن میں کھانا اور تقسیم کرنا غیر ضروری ہو گیا۔

قال الشيخ الألباني: صحيح
  مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث3160  
´قربانی کا گوشت ذخیرہ کرنے کی اجازت۔`
نبیشہ (نبیشہ بن عبداللہ الہذلی) رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: میں نے تمہیں قربانی کا گوشت تین دن سے زیادہ رکھنے سے منع کیا تھا، لیکن اب اسے کھاؤ اور ذخیرہ اندوزی کرو ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كِتَابُ الْأَضَاحِي/حدیث: 3160]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
قربانی کا گوشت استعمال کرتے وقت دوسروں کے حالات کا لحاظ رکھا جائے۔
اگر زیادہ لوگ ضرورت مند ہوں تو ان میں تقسیم کردیا جائے۔
اپنے لیے معمولی مقدار میں رکھا جائے۔
اگر عام لوگ خوشحال ہوں تو حسب خواہش رکھ لیا جائے۔

(2)
  شریعت میں مختلف حالات کی رہنمائی موجود ہے۔
امام کو چاہیے کہ جیسے حالات ہوں ان کے مطابق شرعی احکام بیان کرے۔

(3)
عوام میں مشہور ہے کہ قربانی کے گوشت کے تین حصے کرنے چاہیئں ایک گھر والوں کے لیےایک رشتہ داروں کے لیےایک غریبوں اور مسکینوں کے لیے۔
بعض لوگ بالکل برابر تین حصوں میں تقسیم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
یہ درست نہیں بلکہ گھر میں حسب ضرورت تھوڑا بہت رکھ کر باقی دوسروں میں تقسیم کیا جائے۔
اس میں غریب رشتہ داروں کو یا اڑوس پڑوس کے غریب لوگوں کو زیادہ اہمیت دی جائے۔
   سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 3160