سنن نسائي
كتاب النكاح -- کتاب: نکاح (شادی بیاہ) کے احکام و مسائل
15. بَابُ : الْمَرْأَةِ الصَّالِحَةِ
باب: نیک اور صالح عورت کا بیان۔
حدیث نمبر: 3234
أَخْبَرَنَا مُحَمَّدُ بْنُ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ يَزِيدَ، قَالَ: حَدَّثَنَا أَبِي، قَالَ: حَدَّثَنَا حَيْوَةُ، وَذَكَرَ آخَرَ، أَنْبَأَنَا شُرَحْبِيلُ بْنُ شَرِيكٍ، أَنَّهُ سَمِعَ أَبَا عَبْدِ الرَّحْمَنِ الْحُبُلِيَّ يُحَدِّثُ، عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عَمْرِو بْنِ الْعَاصِ، أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، قَالَ:" إِنَّ الدُّنْيَا كُلَّهَا مَتَاعٌ، وَخَيْرُ مَتَاعِ الدُّنْيَا الْمَرْأَةُ الصَّالِحَةُ".
عبداللہ بن عمرو بن العاص رضی الله عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: دنیا ساری کی ساری پونجی ہے (برتنے کی چیز ہے) ۱؎ لیکن ساری دنیا میں سب سے بہترین (قیمتی) چیز نیک و صالح عورت ہے۔

تخریج الحدیث: «صحیح مسلم/الرضاع 17 (1467)، سنن ابن ماجہ/النکاح 5 (1855)، (تحفة الأشراف: 8849)، مسند احمد (2/168) (صحیح)»

وضاحت: ۱؎: یعنی دنیا مطلوب بالذات نہیں ہے، صرف فائدہ اٹھانے کی جگہ ہے، اس لیے اس سے صرف حسب ضرورت فائدہ اٹھایا جائے۔

قال الشيخ الألباني: صحيح
  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث3234  
´نیک اور صالح عورت کا بیان۔`
عبداللہ بن عمرو بن العاص رضی الله عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: دنیا ساری کی ساری پونجی ہے (برتنے کی چیز ہے) ۱؎ لیکن ساری دنیا میں سب سے بہترین (قیمتی) چیز نیک و صالح عورت ہے۔‏‏‏‏ [سنن نسائي/كتاب النكاح/حدیث: 3234]
اردو حاشہ:
دنیا بذات خود مقصود نہیں اور نہ یہ باقی ہی رہنے والی ہے بلکہ وقتی فائدے کے لیے ہے۔ دنیا میں سے بہترین چیز نیک عورت ہے کیونکہ خاوند کا بیوی کے ساتھ ہر وقت کا تعلق ہے۔ اگر وہ اچھی ہے تو پوری دنیوی زندگی امن وسکون سے گزرے گی۔ اور اگر عورت اچھی نہ ہوئی تو ہر وقت جھگڑا رہے گا، پریشانی کا دور دورہ ہوگا اور زندگی اجیرن بن جائے گی۔ أعاذنا اللہ منھا
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 3234   
  مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث1855  
´بہترین عورت کا بیان۔`
عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: دنیا متاع (سامان) ہے، اور دنیا کے سامانوں میں سے کوئی بھی چیز نیک اور صالح عورت سے بہتر نہیں ہے۔‏‏‏‏ [سنن ابن ماجه/كتاب النكاح/حدیث: 1855]
اردو حاشہ:
فوائدو مسائل:

(1)
دنیا کی چیزں سے حلال طریقے سے فائدہ حاصل کرنا جائز ہے۔
ترک دنیا جائز نہیں۔

(2)
دنیا کی چیزیں اس انداز سے استعمال کرنی چاہیيں کہ آخرت میں فائدہ حاصل ہو۔
نیک عورت ایک بڑی نعمت ہے کیونکہ وہ دنیا کے معاملات میں بھی اچھی مشیر ثابت ہوتی ہے، اچھی شریک حیات ہوتی ہے اور آخرت کے معاملات میں بھی خاوند سے تعاون کرتی ہے۔
اس طرح دونوں کو بلند درجات حاصل ہو جاتے ہیں۔
نیک مرد بھی عورت کے لیے ایک ایسی ہی نعمت ہے۔
   سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 1855