صحيح البخاري
كِتَاب الرَّهْنِ -- کتاب: رہن کے بیان میں
5. بَابُ الرَّهْنِ عِنْدَ الْيَهُودِ وَغَيْرِهِمْ:
باب: یہود وغیرہ کے پاس کوئی چیز گروی رکھنا۔
حدیث نمبر: 2513
حَدَّثَنَا قُتَيْبَةُ، حَدَّثَنَا جَرِيرٌ، عَنِ الْأَعْمَشِ، عَنْ إِبْرَاهِيمَ، عَنِ الْأَسْوَدِ، عَنْ عَائِشَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا، قَالَتْ:" اشْتَرَى رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مِنْ يَهُودِيٍّ طَعَامًا، وَرَهَنَهُ دِرْعَهُ".
ہم سے قتیبہ بن سعید نے بیان کیا، کہا ہم سے جریر نے بیان کیا، ان سے اعمش نے، ان سے ابراہیم نے، ان سے اسود نے اور ان سے عائشہ رضی اللہ عنہا نے بیان کیا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کچھ مدت ٹھہرا کر ایک یہودی سے غلہ خریدا اور اپنی زرہ اس کے پاس گروی رکھی۔
  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 2513  
2513. حضرت عائشہ ؓ سے روایت ہے، انھوں نے فرمایا کہ رسول اللہ ﷺ نے ایک یہودی سے غلہ خریدا اور اس کے پاس اپنی زرہ گروی رکھ دی۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:2513]
حدیث حاشیہ:
یہودی کا نام ابوالشحم تھا۔
آپ ﷺ نے اس یہودی سے جو کے تیس صاع قرض لیے تھے اور جو زرہ گروی تھی اس کا نام ذات الفضول تھا۔
بعضوں نے کہا کہ آپ نے وفات سے پہلے یہ زرہ چھڑا لی تھی۔
ایک روایت میں ہے کہ آپ کی وفات تک وہ گروی رہی۔
(وحیدی)
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 2513   
  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:2513  
2513. حضرت عائشہ ؓ سے روایت ہے، انھوں نے فرمایا کہ رسول اللہ ﷺ نے ایک یہودی سے غلہ خریدا اور اس کے پاس اپنی زرہ گروی رکھ دی۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:2513]
حدیث حاشیہ:
(1)
اس عنوان کا مقصد یہ ہے کہ غیر مسلم حضرات سے مالی معاملات کرنے جائز ہیں بشرطیکہ وہ حربی نہ ہوں، اس کی دو صورتیں ممکن ہیں:
٭ ان سے صلح کا معاہدہ ہو اور تجارتی لین دین کے لیے عام ہو۔
٭ وہ غیر مسلم کسی مسلمان حکومت کے ماتحت ہوں اور ان کی حیثیت ذمی کی ہو۔
جن غیر مسلم حکومتوں سے صلح نہیں یا جو غیر مسلم کسی مسلمان حکومت کے ماتحت نہیں ہیں ان سے مالی معاملات کرنے درست نہیں۔
(2)
مذکورہ حدیث سے یہ بھی معلوم ہوا کہ رسول اللہ ﷺ انتہائی متواضع تھے۔
آپ نے قرض لینے کا معاملہ کسی صحابی سے نہیں کیا کہ شاید وہ آپ سے غلے کی قیمت نہ لے یا اس وقت ان کے پاس زائد غلہ نہ ہو گا، اس لیے آپ نے ایک یہودی سے اناج قرض لیا اور اپنی زرہ اس کے پاس گروی رکھ دی۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 2513