صحيح البخاري
كِتَاب الْهِبَةِ وَفَضْلِهَا وَالتَّحْرِيضِ عَلَيْهَا -- کتاب: ہبہ کےمسائل فضیلت اور ترغیب کا بیان
7. بَابُ قَبُولِ الْهَدِيَّةِ:
باب: ہدیہ کا قبول کرنا۔
حدیث نمبر: 2574
حَدَّثَنَا إِبْرَاهِيمُ بْنُ مُوسَى ، حَدَّثَنَا عَبْدَةُ ، حَدَّثَنَا هِشَامٌ ، عَنْ أَبِيهِ ، عَنْ عَائِشَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا،" أَنَّ النَّاسَ كَانُوا يَتَحَرَّوْنَ بِهَدَايَاهُمْ يَوْمَ عَائِشَةَ يَبْتَغُونَ بِهَا، أَوْ يَبْتَغُونَ بِذَلِكَ مَرْضَاةَ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ".
ہم سے ابراہیم بن موسیٰ نے بیان کیا، کہا ہم سے عبدہ بن سلیمان نے بیان کیا، کہا ہم سے ہشام بن عروہ نے بیان کیا، ان سے ان کے والد نے اور ان سے عائشہ رضی اللہ عنہا نے کہ لوگ (رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں) تحائف بھیجنے کے لیے عائشہ رضی اللہ عنہا کی باری کا انتظار کیا کرتے تھے۔ اپنے ہدایا سے، یا اس خاص دن کے انتظار سے (راوی کو شک ہے) لوگ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خوشی حاصل کرنا چاہتے تھے۔
  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 2574  
2574. حضرت عائشہ ؓ سے روایت ہے: لوگ اس بات کااہتمام کرتے تھے کہ عائشہ کی باری کے دن اپنے تحائف بھیجیں اور اس طریقے سے وہ رسول اللہ ﷺ کی خوشنودی چاہتے تھے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:2574]
حدیث حاشیہ:
خدمت نبوی میں تحفہ اور پھر حضرت عائشہ ؓ کی باری میں پیش کرنا ہر دو امور رسول کریم ﷺ کی خوشی کا باعث تھے۔
راوی کے بیان کا یہی مطلب ہے۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 2574   
  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:2574  
2574. حضرت عائشہ ؓ سے روایت ہے: لوگ اس بات کااہتمام کرتے تھے کہ عائشہ کی باری کے دن اپنے تحائف بھیجیں اور اس طریقے سے وہ رسول اللہ ﷺ کی خوشنودی چاہتے تھے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:2574]
حدیث حاشیہ:
جس دن رسول اللہ ﷺ حضرت عائشہ ؓ کے گھر تشریف فرما ہوتے تو لوگ آپ کو ہدایا اور نذرانے بھیجا کرتے تھے۔
لوگوں کے دلوں میں حضرت عائشہ ؓ کا احترام دو پہلوؤں سے تھا:
٭ رسول اللہ ﷺ کو آپ سے خصوصی تعلق خاطر تھا، اس بنا پر لوگ رسول اللہ ﷺ کی خوشنودی حاصل کرنا چاہتے تھے۔
٭ اپنے علم اور مرتبے کے لحاظ سے بھی ان کا ایک خاص مقام تھا، اس بنا پر لوگوں کا احترام اپنی جگہ پر قابل تعریف تھا۔
خدمت نبوی میں تحفہ اور پھر اسے حضرت عائشہ ؓ کی باری میں پیش کرنا ہر دو امور رسول اللہ ﷺ کی خوشی کا باعث تھے۔
اس کے باوجود رسول اللہ ﷺ اس طریقے سے جو چیزیں حضرت عائشہ ؓ کے گھر پہنچتی تھیں ان میں سے تمام ازواج کو بھیجتے تھے۔
(فتح الباري: 256/5)
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 2574