سلسله احاديث صحيحه
الخلافة والبيعة والطاعة والامارة -- خلافت، بیعت، اطاعت اور امارت کا بیان

اللہ تعالیٰ کی نافرمانی میں کسی کی اطاعت نہیں
حدیث نمبر: 1386
-" لا طاعة" لبشر" في معصية الله، إنما الطاعة في المعروف".
سیدنا علی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک لشکر بھیجا اور ان پر ایک آدمی کو امیر مقرر کیا۔ اس امیر نے آگ جلائی اور کہا: اس میں داخل ہو جاؤ۔ کچھ لوگوں نے (امیر کی اطاعت کرتے ہوئے) واقعی داخل ہونے کا ارادہ کر لیا، دوسروں نے کہا: ہم نے (اسلام قبول کر کے تو) آگ سے دور بھاگنے کی کوشش کی ہے (اور اب . . .)۔ جب یہ واقعہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو سنایا گیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان لوگوں سے فرمایا: جو داخل ہونا چاہتے تھے: اگر تم آگ میں داخل ہو جاتے تو روز قیامت تک اسی میں رہتے۔ اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دوسرے لوگوں کی تعریف کی اور فرمایا: اللہ تعالیٰ کی نافرمانی میں کسی بشر کی اطاعت نہیں کی جاتی، اطاعت تو نیکی کے کاموں میں ہوتی ہے۔