سلسله احاديث صحيحه
الزواج ، والعدل بين الزوجات وتربية الاولاد والعدل بينهم وتحسين اسمائهم -- شادی، بیویوں کے مابین انصاف، اولاد کی تربیت، ان کے درمیان انصاف اور ان کے اچھے نام

نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا بیویوں سے دل لگی کرنا
حدیث نمبر: 1510
-" هذه بتلك السبقة".
سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ سفر میں تھی، اس وقت میں (کم سن) لڑکی تھی اور موٹے بدن والی نہیں تھی۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے صحابہ سے فرمایا: تم لوگ آگے نکل جاؤ۔ سو وہ آگے نکل گئے۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے فرمایا: آؤ، میں تجھ سے (دوڑ میں) مقابلہ کرتا ہوں۔ میں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے مقابلہ کیا اور آگے نکل گئی۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم خاموش رہے، بعد میں میں موٹے بدن والی ہو گئی اور اس واقعہ کو بھول گئی۔ (پھر ایک دن) آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ سفر پر نکلی، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے صحابہ سے فرمایا: تم لوگ آگے نکل جاؤ۔ پس وہ آگے نکل گئے۔ پھر مجھے فرمایا: آؤ، میں تم سے (دوڑ میں) مقابلہ کرتا ہوں۔ میں پہلے والے مقابلے کو بھول چکی تھی، چونکہ میرا بدن بھاری ہو چکا تھا اس لیے میں نے کہا: اے اللہ کے رسول! میری یہ حالت ہے، میں آپ سے کیسے مقابلہ کر سکتی ہوں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تجھے ایسا ضرور کرنا ہو گا۔ پس میں نے مقابلہ کیا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم مجھ سے آگے نکل گئے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم مسکرانے لگ گئے اور فرمایا: یہ اس (سابقہ) فتح کے بدلے میں ہے۔