سلسله احاديث صحيحه
التوبة والمواعظ والرقائق -- توبہ، نصیحت اور نرمی کے ابواب

اگر اللہ تعالیٰ کو اپنے بندوں سے پیار ہے، تو جہنم کا کیا تُک ہے؟
حدیث نمبر: 2295
-" والله، لا يلقي الله حبيبه في النار".
سیدنا انس رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اپنے بعض صحابہ کے پاس سے گزرے اور وہاں ایک بچہ راستے کے وسط میں کھڑا تھا۔ جب اس کی ماں نے چوپائیوں کو آتے دیکھا تو اسے یہ خطرہ لاحق ہو گیا کہ وہ بچے کو روند ڈالیں گے، اس لیے وہ بدحواسی کے عالم میں یہ کہتے ہوئے بھاگ پڑی: میرا بچہ! میرا بچہ! اتنے میں اس نے اپنا بچہ اٹھا لیا۔ صحابہ نے (یہ منظر دیکھ کر) کہا: اے اللہ کے نبی! کیا یہ عورت اپنے بیٹے کو آگ میں پھینک سکتی ہے؟ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: نہیں، اللہ کی قسم! نہیں۔ اللہ تعالیٰ بھی اپنے پیارے کو آگ میں نہیں پھینکے گا۔