سلسله احاديث صحيحه
المواعظ والرقائق -- نصيحتين اور دل کو نرم کرنے والی احادیث

اللہ تعالیٰ کے ہاں دنیا کی اہمیت
حدیث نمبر: 2343
- (والله! للدُّنيا أهونُ على اللهِ من هذه السَّخلةِ على أهلِها، فلا أُلفينَّها أهلكت أحداً منكم).
سیدنا ابودردا رضی اللہ عنہ سے مروی ہے، وہ کہتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم گندگی کے ڈھیر کے پاس سے گزرے، وہاں بکری کا مردار بچہ پڑا تھا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کیا اس کے مالکوں کو اس کی کوئی ضرورت ہے، صحابہ نے کہا: اے اللہ کے رسول! اگر ان کو ضرورت ہوتی تو یوں نہ پھینکتے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ کی قسم! بکری کے بچے کا یہ مردار جس قدر اپنے مالکوں کی نگاہ میں (بے قیمت ہے)، دنیا اس سے کہیں زیادہ حقیر ہے۔ سو میں تم میں سے کسی کو اس حالت میں نہ پاؤں کہ دنیا نے اس کو ہلاک کر رکھا ہو۔