مختصر صحيح بخاري
جنازہ کے بیان میں

جس شخص نے ارض مقدس (یعنی بیت المقدس) یا کسی اور متبرک مقام میں دفن ہونے کی خواہش کی۔
حدیث نمبر: 675
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ ملک الموت سیدنا موسیٰ علیہ السلام کے پاس بھیجا گیا تھا تو جب وہ آیا تو سیدنا موسیٰ علیہ السلام نے اس کے ایک ایسا طمانچہ مارا کہ اس کی ایک آنکھ پھوٹ گئی اور وہ اپنے پروردگار کے پاس واپس گیا اور عرض کی کہ تو نے مجھے ایسے بندے کے پاس بھیجا جو مرنا نہیں چاہتا۔ اللہ تعالیٰ نے اس کی آنکھ دوبارہ اسے عنایت فرمائی اور حکم دیا کہ موسیٰ علیہ السلام کے پاس پھر جا اور ان سے کہہ کہ وہ اپنا ہاتھ ایک بیل کی پیٹھ پر رکھیں، پس جس قدر بال ان کے ہاتھ کے نیچے آئیں گے، اتنے ہی سال کی زندگی انہیں اور دی جائے گی۔ (چنانچہ فرشتہ آیا اور موسیٰ علیہ السلام کو پیغام باری سنایا) تو انہوں نے کہا: اے پروردگار! (جب وہ سب برس گزر جائیں) گے تو پھر کیا ہو گا؟ تو اللہ تعالیٰ نے فرمایا: پھر موت آئے گی۔ انہوں نے کہا: ابھی سہی۔ پس انہوں نے اللہ تعالیٰ سے یہ دعا کی: انہیں ارض مقدس سے بقدر ایک پتھر پھینکنے کے قریب کر دے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ بیان فرما کر مزید کہا: اگر میں اس مقام پر ہوتا تو تمہیں موسیٰ علیہ السلام کی قبر، راستہ کے ایک طرف سرخ ٹیلے کے پاس دکھا دیتا۔