مختصر صحيح بخاري
زکوٰۃ کے بیان میں

(ایک فقیر کو) زکوٰۃ یا صدقہ میں سے کس قدر دینا چاہیے؟
حدیث نمبر: 731
ام عطیہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ نسیہ انصاریہ رضی اللہ عنہا (جو کہ حقیقت میں ام عطیہ ہی کا نام ہے) کے پاس ایک صدقہ کی بکری بھیجی گئی تو اس نے اس میں سے کچھ ام المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کو بھی دے دیا۔ پھر جب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم گھر میں تشریف لائے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تمہارے پاس کچھ ہے؟ ام المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا نے جواب دیا کہ کچھ بھی نہیں سوائے اس کے جو صدقہ کی بکری (کے گوشت) میں سے ہے، جسے نسیبہ نے بھیجا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اس کو لاؤ کیونکہ وہ اپنے مقام پر پہنچ چکا (یعنی اب ہمارے لیے وہ صدقہ نہیں ہے)۔