مختصر صحيح بخاري
عمرہ کے بیان میں

نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے کتنے عمرے ادا فرمائے ہیں؟
حدیث نمبر: 865
سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے پوچھا گیا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے کتنے عمرے ادا فرمائے؟ تو ابن عمر رضی اللہ عنہما نے جواب دیا کہ چار۔ ان میں سے ایک رجب میں۔ پس سائل نے کہا کہ ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا سے میں نے پوچھا کہ کیا آپ کو خبر ملی کہ ابوعبدالرحمن (ابن عمر رضی اللہ عنہما) کیا کہہ رہے ہیں؟ ام المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا نے پوچھا کہ کیا کہتے ہیں؟ اس نے کہا کہ وہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے چار عمرے ادا فرمائے جن میں سے ایک رجب میں تھا۔ ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا نے جواب دیا کہ اللہ ابوعبدالرحمن پر رحم فرمائے جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے عمرہ ادا فرمایا تو وہ ضرور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہمراہ تھے لیکن (اس کے باوجود بھول گئے) آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کبھی بھی رجب میں عمرہ ادا نہیں فرمایا۔