مختصر صحيح بخاري
روزے کے بیان میں

عاشورہ کے دن روزہ رکھنا کیسا ہے؟
حدیث نمبر: 971
سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ جب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم مدینہ میں تشریف لائے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہودیوں کو دیکھا کہ وہ عاشورے کے دن روزہ رکھتے ہیں تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے پوچھا کہ: یہ کیا (وجہ ہے کہ تم عاشورے کا روزہ رکھتے ہو؟)۔ انھوں نے کہا کہ یہ ایک عمدہ دن ہے، یہ وہ دن ہے کہ جس میں اللہ تعالیٰ نے بنی اسرائیل کو ان کے دشمن سے نجات دی تھی لہٰذا موسیٰ علیہ السلام اس دن روزہ رکھتے تھے۔ تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: میں تم سے زیادہ موسیٰ علیہ السلام کا حقدار ہوں۔ پس آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس دن کا روزہ رکھا اور اس کے رکھنے کا حکم دیا۔