مختصر صحيح بخاري
مساقات کا بیان

پانی پلانے کی فضیلت کا بیان۔
حدیث نمبر: 1094
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ایک شخص اس حالت میں کہ چلا جا رہا تھا اس پر تشنگی غالب ہوئی تو وہ کنویں میں اترا اور اس نے اس سے پانی پیا پھر وہاں سے نکلا تو کیا دیکھتا ہے کہ ایک کتا ہانپ رہا ہے اور پیاس کی شدت کی وجہ سے گیلی مٹی چاٹ رہا ہے تو اس شخص نے (اپنے دل میں) کہا کہ اس کو بھی ویسی ہی پیاس لگی ہے جیسی مجھے لگی تھی لہٰذا وہ پھر کنویں میں اترا اور اس نے اپنا موزہ پانی سے بھرا پھر اس کو اپنے دانت سے پکڑا اس کے بعد اوپر چڑھا اور کتے کو پانی پلایا تو اللہ تعالیٰ نے اس کا یہ کام قبول فرما لیا اور اس کو معاف فرما دیا۔ لوگوں نے عرض کی یا رسول اللہ! کیا ہمیں جانوروں کی (خدمت) میں ثواب ملے گا؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ہاں! ہر (تر جگر) جاندار کی خدمت میں ثواب ملتا ہے۔