مختصر صحيح بخاري
خمس کے فرض ہونے کا بیان

تالیف قلب کے لیے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم بعض نئے مسلمانوں اور پرانے مسلمانوں کو خمس میں سے مال و دولت وغیرہ دیا کرتے تھے (اور جس طرح چاہتے اور جس کو چاہتے دیتے)۔
حدیث نمبر: 1334
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ہمراہ جا رہا تھا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے جسم پر (اس وقت) ایک موٹے حاشیہ کی نجرانی چادر تھی تو ایک اعرابی نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو پکڑ لیا اور زور سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو دبایا، یہاں تک کہ میں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی گردن مبارک کے ظاہری حصے پر دیکھا کہ بوجہ اس کے زور سے دبانے کے، چادر کے حاشیہ کا نشان پڑ گیا تھا۔ اس کے بعد اس اعرابی نے کہا کہ مجھے بھی اللہ کے اس مال میں سے جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس ہے دلوا دیجئیے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کی طرف دیکھا اور مسکرائے اس کے بعد اسے کچھ دے دینے کا حکم فرما دیا۔