مختصر صحيح مسلم
جمعہ کے مسائل

جمعہ کے بعد کلام کرنے یا نکلے بغیر نماز نہ پڑھی جائے۔
حدیث نمبر: 425
عمر بن عطاء کہتے ہیں کہ سیدنا نافع بن جبیر نے انہیں سیدنا سائب بن اخت نمر کے پاس وہ چیز پوچھنے کے لئے بھیجا جو سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے ان کی نماز میں نوٹ کی تھی۔ (جب عمر بن عطاء نے جا کر پوچھا تو) سائب بن اخت نمر نے کہا کہ ہاں! میں نے ان (سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ) کے ساتھ مقصوریٰ (جگہ کا نام) میں نماز جمعہ پڑھی تھی۔ جب امام نے نماز سے سلام پھیرا تو میں نے اپنی جگہ پر کھڑے ہو کر نماز شروع کر دی۔ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے (گھر یا کسی کمرے وغیرہ) میں داخل ہونے کے بعد مجھے بلا بھیجا، اور کہا کہ آج جو کام تم نے کیا ہے آئندہ نہ کرنا۔ جب نماز جمعہ سے فارغ ہو جاؤ تو جب تک کوئی بات چیت نہ کر لو یا اس جگہ کو نہ چھوڑ دو، متصلا نماز نہ پڑھو۔ کیونکہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں اسی بات کا حکم دیا ہے۔ (آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس طرح فرمایا ہے) کہ ہم ایک نماز کے بعد متصلا دوسری نماز بات چیت کئے بغیر یا اس جگہ کو چھوڑے بغیر نہ پڑھیں۔