مختصر صحيح مسلم
آداب کا بیان

محمد (صلی اللہ علیہ وسلم) کے نام کے ساتھ نام رکھنا۔
حدیث نمبر: 1397
سیدنا جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ ہم میں سے ایک شخص کے ہاں لڑکا پیدا ہوا اس نے اس کا نام محمد رکھا۔ اس کی قوم نے اس سے کہا کہ ہم تجھے یہ نام نہیں رکھنے دیں گے، تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا نام رکھتا ہے۔ چنانچہ وہ شخص اپنے بچے کو اپنی پیٹھ پر اٹھا کر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس لایا اور عرض کی کہ اے اللہ کے رسول میرا لڑکا پیدا ہوا، میں نے اس کا نام محمد رکھا تو میری قوم کے لوگ کہتے ہیں کہ ہم تجھے نہیں چھوڑیں گے، تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا نام رکھتا ہے۔ پس رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ میرا نام رکھو لیکن میری کنیت (یعنی ابوالقاسم) نہ رکھو کیونکہ میں قاسم ہوں میں تمہارے درمیان تقسیم کرتا ہوں (دین کا علم اور مال غنیمت وغیرہ)۔