صحيح البخاري
كِتَاب الْمَغَازِي -- کتاب: غزوات کے بیان میں
14. بَابُ حَدِيثِ بَنِي النَّضِيرِ:
باب: بنو نضیر کے یہودیوں کے واقعہ کا بیان۔
حدیث نمبر: 4030
حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ أَبِي الْأَسْوَدِ، حَدَّثَنَا مُعْتَمِرٌ، عَنْ أَبِيهِ، سَمِعْتُ أَنَسَ بْنَ مَالِكٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ، قَالَ:" كَانَ الرَّجُلُ يَجْعَلُ لِلنَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ النَّخَلَاتِ حَتَّى افْتَتَحَ قُرَيْظَةَ وَالنَّضِيرَ , فَكَانَ بَعْدَ ذَلِكَ يَرُدُّ عَلَيْهِمْ".
ہم سے عبداللہ بن ابی الاسود نے بیان کیا، ان سے معمر نے بیان کیا، ان سے ان کے والد نے، انہوں نے انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے سنا، انہوں نے بیان کیا کہ انصاری صحابہ نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے کچھ کھجور کے درخت مخصوص رکھتے تھے (تاکہ اس کا پھل آپ کی خدمت میں بھیج دیا جائے) لیکن جب اللہ تعالیٰ نے بنو قریظہ اور بنو نضیر پر فتح عطا فرمائی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم ان کے پھل واپس فرما دیا کرتے تھے۔
  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:4030  
4030. حضرت انس بن مالک ؓ سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا کہ انصار کے لوگ نبی ﷺ کے لیے کچھ کھجوریں بطور تحفہ دے دیتے تھے، حتی کہ جب بنو قریظہ اور بنو نضیر کو آپ نے فتح کیا تو اس کے بعد آپ وہ کھجوریں واپس کر دیتے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:4030]
حدیث حاشیہ:

حضرت انس ؓ کا بیان ہے کہ میرے اہلخانہ نے مجھے بھیجا تاکہ ہماری کھجوریں ہمیں واپس مل جائیں جبکہ رسول اللہ ﷺ نے وہ کھجوریں ام ایمن ؓ کو دے دی تھیں۔
اتنے میں وہ بھی آگئیں اور میری گردن میں کپڑا ڈال کر کہنے لگیں:
اللہ کی قسم!یہ پھل تمھیں نہیں ملیں گے جو رسول اللہ ﷺ نے مجھے عنایت کررکھے ہیں۔
رسول اللہ ﷺ نے انھیں دس گنا دینے کے وعدے پر وہ درخت ان سے واگزار فرمائے۔
(صحیح البخاري، المغازي، حدیث: 4120۔
)


رسول اللہ ﷺ نے بنونضیر کی جلاوطنی کے بعد انصار سے فرمایا:
اگر تم چاہوتو میں تمھیں اس مال فے سے حصہ دوں لیکن اس صورت میں مہاجرین تمہاری جائیدادوں پر قابض رہیں گے اور اگر تم چاہوتو مال فے سے انھیں حصہ دو، اس صورت میں وہ تمہارے مکانات اور باغات واپس کردیں گے۔
توا نھوں نے دوسری صورت کو اختیار کیا۔
(فتح الباري: 416/7)
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 4030