صحيح البخاري
كِتَاب الْمَغَازِي -- کتاب: غزوات کے بیان میں
36. بَابُ غَزْوَةِ الْحُدَيْبِيَةِ:
باب: غزوہ حدیبیہ کا بیان۔
حدیث نمبر: 4151
حَدَّثَنِي فَضْلُ بْنُ يَعْقُوبَ , حَدَّثَنَا الْحَسَنُ بْنُ مُحَمَّدِ بْنِ أَعْيَنَ أَبُو عَلِيٍّ الْحَرَّانِيّ , حَدَّثَنَا زُهَيْرٌ , حَدَّثَنَا أَبُو إِسْحَاقَ , قَالَ: أَنْبَأَنَا الْبَرَاءُ بْنُ عَازِبٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمَا: أَنَّهُمْ كَانُوا مَعَ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَوْمَ الْحُدَيْبِيَةِ أَلْفًا وَأَرْبَعَ مِائَةٍ أَوْ أَكْثَرَ , فَنَزَلُوا عَلَى بِئْرٍ فَنَزَحُوهَا , فَأَتَوْا رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ , فَأَتَى الْبِئْرَ وَقَعَدَ عَلَى شَفِيرِهَا , ثُمَّ قَالَ:" ائْتُونِي بِدَلْوٍ مِنْ مَائِهَا" , فَأُتِيَ بِهِ فَبَصَقَ فَدَعَا ثُمَّ قَالَ:" دَعُوهَا سَاعَةً" , فَأَرْوَوْا أَنْفُسَهُمْ وَرِكَابَهُمْ حَتَّى ارْتَحَلُوا.
مجھ سے فضل بن یعقوب نے بیان کیا ‘ ہم سے حسن بن محمد بن اعین ابوعلی حرانی نے بیان کیا ‘ کہا ہم سے زہیر بن معاویہ نے بیان کیا ‘ کہا ہم سے ابواسحاق سبیعی نے بیان کیا کہ ہمیں براء بن عازب رضی اللہ عنہ نے خبر دی کہ وہ لوگ غزوہ حدیبیہ کے موقع پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ایک ہزار چار سو کی تعداد میں تھے یا اس سے بھی زیادہ۔ ایک کنویں پر پڑاؤ ہوا لشکر نے اس کا (سارا) پانی کھینچ لیا اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کنویں کے پاس تشریف لائے اور اس کی منڈیر پر بیٹھ گئے۔ پھر فرمایا کہ ایک ڈول میں اسی کنویں کا پانی لاؤ۔ پانی لایا گیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس میں کلی کی اور دعا فرمائی۔ پھر فرمایا کہ کنویں کو یوں ہی تھوڑی دیر کے لیے رہنے دو۔ اس کے بعد سارا لشکر خود بھی سیراب ہوتا رہا اور اپنی سواریوں کو بھی خوب پلاتا رہا۔ یہاں تک کہ وہاں سے انہوں نے کوچ کیا۔
  الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابي داود ، تحت الحديث 1832  
´محرم ہتھیار ساتھ رکھے اس کے حکم کا بیان۔`
براء رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حدیبیہ والوں سے صلح کی تو آپ نے ان سے اس شرط پر مصالحت کی کہ مسلمان مکہ میں جلبان السلاح کے ساتھ ہی داخل ہوں گے ۱؎ تو میں نے ان سے پوچھا: «جلبان السلاح» کیا ہے؟ انہوں نے کہا: «جلبان السلاح» میان کا نام ہے اس چیز سمیت جو اس میں ہو۔ [سنن ابي داود/كتاب المناسك /حدیث: 1832]
1832. اردو حاشیہ: اللہ عزوجل محدثین کو کروٹ کروٹ اپنی رحمتوں سے نوازے کسی خوبصورت انداز میں ایک تاریخی واقعہ سے فقہی مسئلہ استنباط کیا ہے۔کہ محرم کے لئے جائز ہے کہ اپنے ہتھیار رکھے۔اس سے بڑھ کر اور کیا دلیل ہوگی ان کے فقیہ ہونے کی کتب ا حادیث کا تمام ذخیرہ اس طائفہ منصورہ کے فقیہ ہونے کی بین دلیل ہے۔
   سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعدی، حدیث/صفحہ نمبر: 1832   
  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:4151  
4151. حضرت براء بن عازب ؓ ہی سے روایت ہے، انہوں نے بتایا کہ حدیبیہ کے روز رسول اللہ ﷺ کے ہمراہ چودہ سو یا اس سے زیادہ لوگ تھے۔ انہوں نے وہاں ایک کنویں پر پڑاؤ کیا اور اس کا سارا پانی نکال لیا۔ پھر نبی ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے تو آپ ﷺ اس کنویں پر تشریف لائے اور اس کے کنارے پر بیٹھ گئے، پھر فرمایا: میرے پاس اس پانی کا ڈول لاؤ۔ جب ڈول بھر کر لایا گیا تو آپ نے اس میں لعاب دہن ڈالا اور دعا فرمائی، اس کے بعد فرمایا: اسے تھوڑی دیر تک یوں ہی رہنے دو۔ پھر انہوں نے خود پیا اور اپنی سواریوں کو بھی سیراب کیا، پھر وہاں سے مدینہ کے لیے عازم سفر ہوئے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:4151]
حدیث حاشیہ:

ان دونوں روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے اس کنویں کے پانی کا ایک ڈول منگوایا، اس میں کلی کی اور لعاب دہن ڈالا اور دعا بھی فرمائی، پھر اسے کنویں میں ڈال دیا۔
موسیٰ بن عقبہ کی ایک روایت میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے کنویں کی گہرائی میں ایک تیرگاڑا توپانی جوش مارنے لگا بہرحال آپ نے اس وقت یہ سب کام کیے تھے۔
(دلائل النبوة للبیهقي: 167/4 حدیث: 1448)

ارشاد باری تعالیٰ ہے:
اے نبی کریم ﷺ! ہم نےآپ کو واضح فتح عطا کردی۔
(الفتح 1: 48)
اس فتح سے کیا مراد ہے، صلح حدیبیہ یا فتح مکہ؟ ہمارے رجحان کے مطابق اس سے مراد صلح حدیبیہ ہے کیونکہ یہ فتح مکہ کا پیش خیمہ ثابت ہوئی۔
صلح کی وجہ سے لوگوں کو امن نصیب ہوا اور مشرکین سے جنگ وقتال ختم ہوگیا۔
رسول اللہ ﷺ نے مشرکین سے فارغ ہوکر دیار عرب میں بے شمار فتوحات حاصل کیں اور لوگ جوقدرجوق اسلام قبول کرنے لگے۔
جو کوئی مسلمان ہونا چاہتا وہ بلا روک ٹوک مدینہ طیبہ کا رخ کرتا اور اسلام قبول کرتا، چنانچہ اس دوران میں حضرت خالد بن ولید ؓ اور عمرو بن عاص ؓ جیسے عظیم جرنیل مسلمان ہوکر مدینے پہنچے۔
صلح حدیبیہ کے وقت مسلمانوں کی تعداد چودہ سو تھی۔
صلح کی برکات سے فتح مکہ تک یہ تعداد دس ہزار تک پہنچ گئی۔
(فتح الباري: 550/7)
اس مؤقف کی تائید ایک روایت سے بھی ہوتی ہے۔
حضرت مجمع بن جاریہ ؓ سے روایت ہے، انھوں نے کہا کہ صلح حدیبیہ سے واپسی کے موقع پر رسول اللہ ﷺ کراع الغمیم کے مقام پر کھڑے ہوئے، لوگوں کو جمع کیا اور یہ آیت پڑھی:
ہم نے آپ کو واضح فتح عطا کردی۔
ایک آدمی نے عرض کی:
اللہ کے رسول ﷺ! کیا یہ فتح ہے؟ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
اللہ کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے! یہی واضح فتح ہے۔
البتہ ﴿إِذَا جَاءَ نَصْرُ اللَّهِ وَالْفَتْحُ﴾ سے مراد فتح مکہ ہے۔
(مسند أحمد: 420/3)
واللہ اعلم۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 4151