مسند اسحاق بن راهويه
كتاب المناسك -- اعمال حج اور اس کے احکام و مسائل

محرم کا نکاح کرنے یا کروانے کا بیان
حدیث نمبر: 340
اَخْبَرَنَا الثَّقَفِیُّ، نَا اَیُّوْبُ، عَنْ عِکْرَمَةَ، عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ اَنَّ رَسُوْلَ اللّٰهِ صَلَّی اللّٰهُ عَلَیْهِ وَسَلَّمَ تَزَوَّجَ مَیْمُوْنَةَ وَهُوَ مُحْرِمٌ، وَبَنیٰ بِهَا بِسَرَفٍ، وَهُوَ حَلَالٌ.
سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے سیدہ میمونہ رضی اللہ عنہا سے شادی کی جبکہ آپ حالت احرام میں تھے، اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مقام سرف پر ان سے تعلق قائم کیا جبکہ آپ حالت احرام میں نہیں تھے۔

تخریج الحدیث: «السابق»
   الشيخ حافظ عبدالشكور ترمذي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث مسند اسحاق بن راهويه 340  
سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے سیدہ میمونہ رضی اللہ عنہا سے شادی کی جبکہ آپ حالت احرام میں تھے، اور آپ نے مقام سرف پر ان سے تعلق قائم کیا جبکہ آپ حالت احرام میں نہیں تھے۔
[مسند اسحاق بن راهويه/حدیث:340]
فوائد:
ایک دوسری حدیث میں ہے، سیّدنا عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ((لَا یَنْکِحُ الْمُحْرِمُ وَلَا یُنْکَحْ)) (مسلم، کتاب النکاح، رقم: 1409۔ سنن ابي داود، رقم: 1841) .... محرم اپنا نکاح کرے نہ کسی دوسرے کا۔
سیّدنا سعید بن مسیب رحمہ اللہ فرماتے ہیں: سیّدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما کو وہم ہوگیا ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے حالت احرام میں سیّدہ میمونہ رضی اللہ عنہا سے شادی کی۔ (صحیح ابوداود، رقم: 1628)
کیونکہ جب نبی معظم صلی اللہ علیہ وسلم کا نکاح ہوا، اس وقت سیّدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما چھوٹے تھے اور پھر سیّدہ میمونہ رضی اللہ عنہا خود فرماتی ہیں: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ سے مقام سرف میں نکاح کیا تھا اور ہم دونوں حلال تھے۔ (مسلم، رقم: 1411۔ سنن ابي داود، رقم: 1843)
لہٰذا حالت احرام میں شادی کرنا یا کروانا ممنوع ہے جائز نہیں ہے۔ جبکہ پچھنے لگوانا جائز ہے۔
   مسند اسحاق بن راھویہ، حدیث/صفحہ نمبر: 340