مسند اسحاق بن راهويه
كتاب البيوع -- خرید و فروخت کے احکام و مسائل

بٹائی پر کاشت کاری کی ممانعت
حدیث نمبر: 458
اَخْبَرَنَا وَکِیْعٌ، عَنْ سُفْیَانَ، عَنْ عَمْرِو بْنِ دِیْنَارٍ قَالَ: سَمِعْتُ ابْنَ عُمَرَ یَقُوْلُ: کُنَّا نُخَابِرُ فَـلَا نَرٰی بِذَلِكَ بَأْسًا، حَتّٰی زَعَمَ رَافِعُ بْنُ خَدِیْجٍ اَنَّ النَّبِیَّ صَلَّی اللّٰهُ عَلَیْهِ وَسَلَّمَ نَهٰی عَنْهُ.
سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں: ہم بٹائی پر کاشت کاری کرتے تھے اور اس میں کوئی مضائقہ نہیں سمجھتے تھے، حتیٰ کہ سیدنا رافع بن خدیج رضی اللہ عنہ نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے منع فرمایا ہے۔

تخریج الحدیث: «بخاري، كتاب الحرث والمزارعة، باب كان من اصحاب النبى صلى الله عليه واله وسلم يواشي الخ، رقم: 2344. مسلم، كتاب البيوع، باب كراء الارض، رقم: 1547. سنن ابوداود، رقم: 3389. سنن نسائي، رقم: 3867.»
   الشيخ حافظ عبدالشكور ترمذي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث مسند اسحاق بن راهويه 458  
سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں: ہم بٹائی پر کاشت کاری کرتے تھے اور اس میں کوئی مضائقہ نہیں سمجھتے تھے، حتیٰ کہ سیدنا رافع بن خدیج رضی اللہ عنہ نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے منع فرمایا ہے۔
[مسند اسحاق بن راهويه/حدیث:458]
فوائد:
ایک دوسری حدیث میں ہے کہ سیدنا حنظلہ بن قیس انصاری کہتے ہیں میں نے سیّدنا رافع بن خدیج رضی اللہ عنہ سے پوچھا کہ زمین کو سونے چاندی کے عوض کرایہ پر دینا کیسا ہے؟ انہوں نے کہا: اس میں کوئی حرج نہیں۔ دراصل لوگ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے دور میں اس طرح کرتے تھے کہ جو کچھ پانی کے بہاؤ پر اور نالوں کے سروں پر ہوتا، اس پر اور کچھ کھیتی پر معاملہ طے کرتے تھے۔ تو پھر ایسے ہوتا کہ یہ ضائع ہوجاتی وہ بچ جاتی، یا وہ ضائع ہوجاتی اور یہ بچ رہتی۔ لوگوں کو زمین کرائے پر دینے کی بس یہی ایک صورت رائج تھی، جس کی وجہ سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس معاملے سے ڈانٹ کر روک دیا۔ لیکن وہ عوض اور بدلہ جو معلوم ومتعین ہو، اس میں کوئی حرج نہیں ہے۔ (مسلم، کتاب البیوع، رقم: 1547۔ سنن ابي داود، رقم: 3392)
معلوم ہوا نقدی یا معلوم منافع کے بدلے زمین کو ٹھیکے پر دینا جائز ہے۔ مذکورہ بالا روایت میں جو ممانعت ہے، اس سے مراد خاص حصے کی پیداوار ہے، جیسا کہ عہد نبوی میں لوگ کیا کرتے تھے اور اس کا نقصان ہوتا۔ کبھی ٹھیکے پہ لینے والے کو اور کبھی زمین کے اصل مالک کو، جس کی وجہ سے لڑائی جھگڑا ہوتا، تو نبی معظم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایسا کرنے سے منع کردیا۔ لہٰذا معین پیداوار، سونا، چاندی یا نقدی وغیرہ پر اگر زمین ٹھیکے پر دی جائے تو کوئی حرج نہیں ہے۔
   مسند اسحاق بن راھویہ، حدیث/صفحہ نمبر: 458