الادب المفرد
كِتَابُ الْوَالِدَيْنِ -- كتاب الوالدين
5. بَابُ لِيْنِ الْكَلاَمِ لِوَالِدَيْهِ
والدین سے نرمی سے بات کرنا
حدیث نمبر: 9
حَدَّثَنَا أَبُو نُعَيْمٍ، قَالَ‏:‏ حَدَّثَنَا سُفْيَانُ، عَنْ هِشَامِ بْنِ عُرْوَةَ، عَنْ أَبِيهِ قَالَ‏:‏ ‏ ﴿وَاخْفِضْ لَهُمَا جَنَاحَ الذُّلِّ مِنَ الرَّحْمَةِ﴾ ‏‏ [الإسراء: 24]، قَالَ‏:‏ لاَ تَمْتَنِعْ مِنْ شَيْءٍ أَحَبَّاهُ‏.‏
حضرت ہشام بن عروہ اپنے والد سے قرآن مجید کی آیت: «وَاخْفِضْ لَهُمَا جَنَاحَ الذُّلِّ مِنَ الرَّحْمَةِ» [الإسراء: 24] کی تفسیر بیان کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ انہوں نے فرمایا: (اس کا مطلب ہے) کہ جو بات انہیں محبوب ہو اسے بجا لاؤ اور اس کے خلاف نہ کرو۔

تخریج الحدیث: «صحيح: أخرجه ابن وهب فى الجامع: 118 و المروزي فى البر والصلة: 12 و هناد فى الزهد: 967 و ابن أبى الدنيا فى مكارم الاخلاق: 222»

قال الشيخ الألباني: صحیح
  الشيخ الحديث مولانا عثمان منيب حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، الادب المفرد: 9  
1
فوائد ومسائل:
(۱)یہ تفسیر ہشام اپنے باپ عروہ سے بیان کر رہے ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سلف صالحین اپنی اولاد کی اس طرح تربیت کرتے تھے کہ وہ مالی وراثت کے ساتھ ساتھ ان کے علم کے بھی وارث بنیں اور اپنے دین سے لگاؤ رکھنے والے ہوں۔ عصر حاضر میں علمائے کرام اپنی اولاد کو اکثر و بیشتر دینی تعلیم کی طرف نہیں لاتے، شاید اس کی بڑی وجہ عوام کا علماء کے ساتھ غیر مناسب رویہ ہے۔ اس لیے عوام کو علماء کے ساتھ اچھا رویہ رکھنا چاہیے اور علماء کو بھی اللہ کی رضا کی خاطر تکالیف برداشت کرتے ہوئے بھی اپنی اولاد کو دینی تعلیم کے زیور سے ضرور آراستہ کرنا چاہیے۔
(۲) والدین انسان کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں کہ جن کے ساتھ حسن سلوک انسان کی نیکیوں میں اضافے کا باعث بنتا ہے۔ مذکورہ بالا آیت کی تفسیر میں عروہ رحمہ اللہ نے بھی اسی بات کی طرف توجہ دلائی ہے کہ والدین کا رویہ خواہ کیسا بھی ہو بہرحال اولاد کو نرمی اور شفقت کے ساتھ والدین سے گفتگو کرنی چاہیے۔ والدین سے انداز گفتگو عام لوگوں سے ہٹ کر ہونا چاہیے۔ اہل عرب (حفض الجناح)کو تواضع، عاجزی اور اپنے آپ کو مٹا دینے کے لیے بطور کنایہ استعمال کرتے ہیں، یعنی اپنے جذبات اور خواہشات کو والدین کے لیے قربان کردو اور کوئی ایسی بات یا کام نہ کرو جس سے ان کے احساسات مجروح ہوں الا کہ وہ معصیت کا حکم دیں تو اس صورت میں ان کی پیروی درست نہیں ہے۔
   فضل اللہ الاحد اردو شرح الادب المفرد، حدیث/صفحہ نمبر: 9