الادب المفرد
كِتَابُ السِّبَابِ -- كتاب السباب
198. بَابُ السِّبَابِ
گالیاں بکنے کی ممانعت
حدیث نمبر: 419
حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ أُمَيَّةَ، قَالَ‏:‏ حَدَّثَنَا عِيسَى بْنُ مُوسَى، عَنْ عَبْدِ اللهِ بْنِ كَيْسَانَ، عَنْ عِكْرِمَةَ، عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ قَالَ‏:‏ اسْتَبَّ رَجُلاَنِ عَلَى عَهْدِ رَسُولِ اللهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، فَسَبَّ أَحَدُهُمَا وَالْآخَرُ سَاكِتٌ، وَالنَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ جَالِسٌ، ثُمَّ رَدَّ الْآخَرُ‏.‏ فَنَهَضَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، فَقِيلَ‏:‏ نَهَضْتَ‏؟‏ قَالَ‏:‏ ”نَهَضَتِ الْمَلاَئِكَةُ فَنَهَضْتُ مَعَهُمْ، إِنَّ هَذَا مَا كَانَ سَاكِتًا رَدَّتِ الْمَلاَئِكَةُ عَلَى الَّذِي سَبَّهُ، فَلَمَّا رَدَّ نَهَضَتِ الْمَلاَئِكَةُ‏.‏“
سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے عہد میں دو آدمیوں نے گالم گلوچ کیا۔ ان میں سے ایک نے گالی دی اور دوسرا خاموش رہا جبکہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم بھی تشریف فرما تھے۔ پھر دوسرے شخص نے بھی جواب دیا تو نبی صلی اللہ علیہ وسلم اٹھ کر چل دیے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کیا گیا: آپ اٹھ گئے ہیں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: فرشتے اٹھ کر چلے گئے تو میں بھی ان کے ساتھ چل دیا۔ یہ شخص جب تک خاموش تھا تو گالیاں دینے والے کو فرشتے جواب دے رہے تھے، جب اس نے جواب دیا تو فرشتے اٹھ کر چلے گئے۔

تخریج الحدیث: «ضعيف: انظر الضعيفة: 2923»

قال الشيخ الألباني: ضعيف
  الشيخ الحديث مولانا عثمان منيب حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، الادب المفرد: 419  
1
فوائد ومسائل:
اس روایت کی سند ضعیف ہے، تاہم برائی کا جواب برائی کے بجائے اچھائی سے دینا افضل ہے جیسا کہ سنن ابی داؤد (۴۸۹۶)میں صحیح سند سے مروی ہے کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی موجودگی میں ایک شخص نے سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ کو اذیت پہنچائی تو ابوبکر رضی اللہ عنہ خاموش رہے، پھر دوسری مرتبہ اس نے اذیت دی تو تب بھی وہ خاموش رہے۔ تیسری مرتبہ اس نے اذیت دی تو ابوبکر رضی اللہ عنہ نے اسے جواب دیا اور بدلہ لے لیا۔ جب انہوں نے بدلہ لیا تو رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اٹھ کر چلے گئے۔ سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ نے عرض کیا:اے اللہ کے رسول! آپ مجھ سے ناراض ہوگئے ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:آسمان سے ایک فرشتہ اتر کر اس کی اس بات کی تکذیب کر رہا تھا جو اس نے تمہارے بارے میں کہی تھی۔ جب تم نے انتقام لیا تو درمیان میں شیطان کود پڑا تو جب شیطان کود پڑا تو میں کیسے بیٹھ سکتا تھا۔ (الصحیحة للالباني، حدیث:۲۳۷۶)
   فضل اللہ الاحد اردو شرح الادب المفرد، حدیث/صفحہ نمبر: 419