الادب المفرد
كِتَابُ -- كتاب
239. بَابُ عِيَادَةِ الْمُشْرِكِ
مشرک کی تیمار داری کرنا
حدیث نمبر: 524
حَدَّثَنَا سُلَيْمَانُ بْنُ حَرْبٍ، قَالَ: حَدَّثَنَا حَمَّادُ بْنُ زَيْدٍ، عَنْ ثَابِتٍ، عَنْ أَنَسٍ، أَنَّ غُلامًا مِنَ الْيَهُودِ كَانَ يَخْدُمُ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَمَرِضَ، فَأَتَاهُ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَعُودُهُ، فَقَعَدَ عِنْدَ رَأْسِهِ، فَقَالَ: ”أَسْلِمْ“، فَنَظَرَ إِلَى أَبِيهِ، وَهُوَ عِنْدَ رَأْسِهِ، فَقَالَ لَهُ: أَطِعْ أَبَا الْقَاسِمِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، فَأَسْلَمَ، فَخَرَجَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، وَهُوَ يَقُولُ: ”الْحَمْدُ لِلَّهِ الَّذِي أَنْقَذَهُ مِنَ النَّارِ.“
سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک یہودی لڑکا نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت کرتا تھا۔ وہ بیمار ہو گیا تو نبی صلی اللہ علیہ وسلم اس کی تیمارداری کے لیے تشریف لے گئے اور اس کے سرہانے بیٹھ کر فرمایا: اسلام قبول کر لو۔ اس لڑکے نے یہ سن کر سرہانے کھڑے اپنے باپ کی طرف دیکھا تو اس نے کہا: ابوالقاسم صلی اللہ علیہ وسلم کی بات مان لو، چنانچہ وہ لڑکا مسلمان ہو گیا۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم اس کے پاس سے باہر تشریف لائے تو فرما رہے تھے: ہر قسم کی تعریف اس ذات کے لیے ہے جس نے اسے آگ سے بچا لیا۔

تخریج الحدیث: «صحيح: أخرجه البخاري، كتاب الجنائز، باب إذا أسلم الصبي فمات: 1356، 5657 و أبوداؤد: 3095»

قال الشيخ الألباني: صحيح
  الشيخ الحديث مولانا عثمان منيب حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، الادب المفرد: 524  
1
فوائد ومسائل:
(۱)اس سے معلوم ہوا کہ مشرک اور کافر کی تیمار داری بھی جائز ہے لیکن اس کا مقصد باہم الفت و محبت نہ ہو بلکہ مقصد یہ ہو کہ شاید یہ مسلمان ہو جائے اور اس کے لیے اسے دعوت بھی دی جائے۔
(۲) یہ پیغمبرانہ درد اور تڑپ کہ لوگ مسلمان ہو جائیں اسلام کے داعی کے اندر ہونی چاہیے کہ انسان لوگوں کا ہمدرد اور ان کی خیر خواہی کرنے والا ہو۔
(۳) کافر کی تیمار داری کرتے وقت سابقہ احادیث میں مذکور دعا:لَا بأس طہورٌ۔ نہیں پڑھنی چاہیے کیونکہ بیماری صرف مسلمان کے گناہوں کا کفارہ ہے۔
(۴) کافر سے خدمت لینا جائز ہے، اسی طرح اسے نوکر بھی رکھا جاسکتا ہے۔ اگر وہ برتنوں کو ہاتھ لگا دیں تو بھی کوئی حرج نہیں۔
   فضل اللہ الاحد اردو شرح الادب المفرد، حدیث/صفحہ نمبر: 524