صحيح البخاري
كِتَاب تَفْسِيرِ الْقُرْآنِ -- کتاب: قرآن پاک کی تفسیر کے بیان میں
27. بَابُ: {أُحِلَّ لَكُمْ لَيْلَةَ الصِّيَامِ الرَّفَثُ إِلَى نِسَائِكُمْ هُنَّ لِبَاسٌ لَكُمْ وَأَنْتُمْ لِبَاسٌ لَهُنَّ عَلِمَ اللَّهُ أَنَّكُمْ كُنْتُمْ تَخْتَانُونَ أَنْفُسَكُمْ فَتَابَ عَلَيْكُمْ وَعَفَا عَنْكُمْ فَالآنَ بَاشِرُوهُنَّ وَابْتَغُوا مَا كَتَبَ اللَّهُ لَكُمْ} :
باب: آیت کی تفسیر ”جائز کر دیا گیا ہے تمہارے لیے روزوں کی رات میں اپنی بیویوں سے مشغول ہونا، وہ تمہارے لیے لباس ہیں اور تم ان کے لیے لباس ہو، اللہ کو خبر ہو گئی کہ تم اپنے کو خیانت میں مبتلا کرتے رہتے تھے، پس اس نے تم پر رحمت سے توجہ فرمائی اور تم کو معاف کر دیا، سو اب تم ان سے ملو ملاؤ اور اسے تلاش کرو، جو اللہ نے تمہارے لیے لکھ دیا ہے“۔
حدیث نمبر: 4508
حَدَّثَنَا عُبَيْدُ اللَّهِ , عَنْ إِسْرَائِيلَ , عَنْ أَبِي إِسْحَاقَ، عَنْ الْبَرَاءِ. ح وحَدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ عُثْمَانَ , حَدَّثَنَا شُرَيْحُ بْنُ مَسْلَمَةَ , قَالَ: حَدَّثَنِي إِبْرَاهِيمُ بْنُ يُوسُفَ , عَنْ أَبِيهِ , عَنْ أَبِي إِسْحَاقَ، قَالَ: سَمِعْتُ الْبَرَاءَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ:" لَمَّا نَزَلَ صَوْمُ رَمَضَانَ كَانُوا لَا يَقْرَبُونَ النِّسَاءَ رَمَضَانَ كُلَّهُ، وَكَانَ رِجَالٌ يَخُونُونَ أَنْفُسَهُمْ، فَأَنْزَلَ اللَّهُ عَلِمَ اللَّهُ أَنَّكُمْ كُنْتُمْ تَخْتَانُونَ أَنْفُسَكُمْ فَتَابَ عَلَيْكُمْ وَعَفَا عَنْكُمْ سورة البقرة آية 187".
ہم سے عبیداللہ نے بیان کیا، انہوں نے کہا ہم سے اسرائیل نے بیان کیا، ان سے ابواسحاق نے اور ان سے براء رضی اللہ عنہ نے (دوسری سند) اور ہم سے احمد بن عثمان نے بیان کیا، ان سے شریح بن مسلمہ نے بیان کیا، کہا کہ مجھ سے ابراہیم بن یوسف نے بیان کا، ان سے ان کے والد نے، ان سے ابواسحاق نے بیان کیا، انہوں نے براء بن عازب رضی اللہ عنہ سے سنا کہ جب رمضان کے روزے کا حکم نازل ہوا تو مسلمان پورے رمضان میں اپنی بیویوں کے قریب نہیں جاتے تھے اور کچھ لوگوں نے اپنے کو خیانت میں مبتلا کر لیا تھا۔ اس پر اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل فرمائی «علم الله أنكم كنتم تختانون أنفسكم فتاب عليكم وعفا عنكم‏» اللہ نے جان لیا کہ تم اپنے کو خیانت میں مبتلا کرتے رہتے تھے۔ پس اس نے تم پر رحمت سے توجہ فرمائی اور تم کو معاف کر دیا۔
  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 4508  
4508. حضرت براء ؓ سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا: جب رمضان کے روزوں کی فرضیت نازل ہوئی تو لوگ پورا رمضان اپنی بیویوں کے پاس نہیں جاتے تھے، البتہ کچھ لوگ خیانت کا ارتکاب ضرور کرتے۔ اس پر اللہ تعالٰی نے یہ آیت اتاری: "اللہ تعالٰی کو تمہاری پوشیدہ خیانتوں کا علم ہے، مگر اس نے تمہارا قصور معاف کر دیا اور تم سے درگزر فرمایا۔" [صحيح بخاري، حديث نمبر:4508]
حدیث حاشیہ:
خیانت سے مراد رات میں بیویوں سے ملاپ کرلینا ہے۔
بعد میں اس کی کھلے عام رات کو اجازت دے دی گئی۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 4508   
  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:4508  
4508. حضرت براء ؓ سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا: جب رمضان کے روزوں کی فرضیت نازل ہوئی تو لوگ پورا رمضان اپنی بیویوں کے پاس نہیں جاتے تھے، البتہ کچھ لوگ خیانت کا ارتکاب ضرور کرتے۔ اس پر اللہ تعالٰی نے یہ آیت اتاری: "اللہ تعالٰی کو تمہاری پوشیدہ خیانتوں کا علم ہے، مگر اس نے تمہارا قصور معاف کر دیا اور تم سے درگزر فرمایا۔" [صحيح بخاري، حديث نمبر:4508]
حدیث حاشیہ:

ابتدائے اسلام میں یہ حکم تھا کہ روزہ افطار کرنے کے بعد عشاء کی نماز یا سونے تک کھانے پینے اور بیوی سے مباشرت کی اجازت تھی۔
سونے کے بعد ان میں سے کوئی کام نہیں کیا جاسکتا تھا۔
ظاہر بات ہے کہ یہ پابندی عرب کے لیے بہت گراں اور اس پر عمل انتہائی مشکل تھا۔
اللہ تعالیٰ نے اس آیت کریمہ میں دونوں پابندیاں اٹھا لیں، افطار سے لے کر صبح صادق تک کھانے پینے اور بیوی سے مباشرت کی اجازت دے دی۔

رمضان کی راتوں میں اپنی بیوی سے مباشرت نہ کرنے کا حکم لوگوں نے خود اپنے آپ پر عائد کرلیاتھا، پھر اس کے ناجائز یا مکروہ ہونے کا خیال دل میں لیے ہوئے بسا اوقات اپنی بیویوں کے پاس چلے جاتے تھے۔
یہ گویا اپنے ضمیر کے ساتھ خیانت تھی اور اس سے یہ اندیشہ تھا کہ ایک مجرمانہ سوچ ان کے اندر پرورش پاتی رہے گی، اس لیے اللہ تعالیٰ نے پہلے تو اس ضمیر کی خیانت پر تنبیہ فرمائی پھر فرمایا کہ یہ فعل تمہارے لیے جائز ہے، لہذا اب اسے بُرا فعل سمجھتے ہوئے نہیں بلکہ اللہ کی اجازت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے قلب وضمیر کی پوری طہارت کے ساتھ اسے سرانجام دو۔

بعض حضرات کا خیال ہے کہ ر مضان کی راتوں میں اپنی بیوی سے مباشرت نہ کرنے کا حکم اللہ کی طرف سے تھا۔
اس میں یہ حکمت تھی کہ صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین باوجود سخت تقاضائے جماع اوربیش بہا مردمی قوت کے وہ اللہ اور اس کے رسولﷺ کا حکم مانتے ہوئے سَمِعْنَا وَأَطَعْنَا کہتے تھے، یہود کی طرح سَمِعْنَا وَعَصَيْنَا کے مرتکب نہ ہوتے تھے، یعنی اللہ تعالیٰ کے حکم کو اپنے اختیار کی حد سے نکل کر بھی تسلیم کرتے تھے تاکہ بعد میں آنے والوں پر ان کی شرافت، جان نثاری، وفاداری اور اطاعت گزاری ثابت کی جائے۔
واقعی ایسے حالات میں یہ پابندی بہت صبر آزما تھی لیکن انھوں نے بخوشی اسے قبول کیا۔
بعد میں اللہ تعالیٰ نے انھیں رمضان کی راتوں میں جماع کرنے کی اجازت دے دی۔
واللہ اعلم۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 4508