سنن دارمي
من كتاب الاحدود -- حدود کے مسائل
20. باب فِيمَنْ يَقَعُ عَلَى جَارِيَةِ امْرَأَتِهِ:
جو آدمی اپنی بیوی کی لونڈی سے زنا کرے اس کا بیان
حدیث نمبر: 2366
أَخْبَرَنَا يَحْيَى بْنُ حَمَّادٍ، حَدَّثَنَا أَبَانُ بْنُ يَزِيدَ، عَنْ قَتَادَةَ، قَالَ: كَتَبَ إِلَيَّ خَالِدُ بْنُ عُرْفُطَةَ عَنْ حَبِيبِ بْنِ سَالِمٍ: أَنَّ غُلَامًا كَانَ يُنْبَزُ قُرْقُورًا، فَوَقَعَ عَلَى جَارِيَةِ امْرَأَتِهِ، فَرُفِعَ إِلَى النُّعْمَانِ بْنِ بَشِيرٍ، فَقَالَ: لَأَقْضِيَنَّ فِيهِ بِقَضَاءٍ شَافٍ: "إِنْ كَانَتْ أَحَلَّتْهَا لَهُ جَلَدْتُهُ مِائَةً، وَإِنْ كَانَتْ لَمْ تُحِلَّهَا لَهُ، رَجَمْتُهُ"، فَقِيلَ لَهَا: زَوْجُكِ!، فَقَالَتْ: إِنِّي قَدْ أَحْلَلْتُهَا لَهُ. فَضَرَبَهُ مِائَةً. قَالَ يَحْيَى: هُوَ مَرْفُوعٌ.
حبیب بن سالم سے روایت ہے کہ ایک لڑکا جس کا نام قرقور تھا وہ اپنی بیوی کی لونڈی سے جماع کر بیٹھا، یہ معاملہ (صحابی رسول) سیدنا نعمان بن بشیر رضی اللہ عنہ (جو کوفہ کے حاکم تھے)، کے پاس لے جایا گیا، انہوں نے کہا: میں اس بارے میں شافی فیصلہ کروں گا، اگر اس کی بیوی نے اپنی لونڈی کو اس کے لئے حلال کر دیا ہو تو میں اس غلام کو سو کوڑے رسید کروں گا، اور اگر اس کی بیوی نے اس کو اس کی اجازت نہ دی ہو تو میں اس غلام کو رجم کر دوں گا، اس عورت سے پوچھا گیا: تم اپنے شوہر کیلئے کیا کہتی ہو، اس عورت نے کہا: میں نے اپنی لونڈی کو اپنے شوہر کے لئے حلال کر دیا تھا (یعنی اس سے جماع کی اجازت دیدی تھی)، چنانچہ سیدنا نعمان رضی اللہ عنہ نے اس کو سو کوڑے لگائے۔
یحییٰ بن حماد (شیخ الدارمی) نے کہا: یہ مرفوع ہے۔

تخریج الحدیث: تحقيق الحديث: حسين سليم أسد الداراني: «إسناده ضعيف موقوفا، [مكتبه الشامله نمبر: 2374]»
اس روایت کی سند ضعیف و موقوف ہے اور مرفوع کہنا صحیح نہیں ہے۔ دیکھئے: [أبوداؤد 4458]، [ترمذي 1451]، [نسائي 3360]، [ابن ماجه 2551]، [أحمد 276/4]

وضاحت: (تشریح احادیث 2364 سے 2366)
مرد اپنی لونڈی سے جماع کر سکتا ہے کسی اور کی لونڈی سے نہیں، میاں بیوی کی لونڈی اگر مشترک ہو تو بھی مرد کے لئے اس لونڈی سے جماع کرنا جائز ہے جیسا کہ ابن ماجہ کی حدیث (2552) میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس ایک شخص لایا گیا جس نے اپنی بیوی کی لونڈی سے وطی کی تھی، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کو حد نہیں لگائی۔
اس حدیث کے پیشِ نظر اکثر علماء نے کہا کہ اگر کوئی اپنی بیوی کی لونڈی سے جماع کرے تو اس کو حد نہیں لگائی جائے گی کیونکہ میاں بیوی کے املاک اکثر مشترک ہوتے ہیں اور ایک دوسرے کی ملک سے فائدہ اٹھایا جاتا ہے اس لئے اس میں شبہ پڑ گیا اور حدیث کا قاعدہ ہے «إِدْرَؤُوا الْحُدُوْدَ بِالشُّبُهَاتِ.» شبہ پڑ جائے تو حدود کو ہٹادو۔
نیز یہ کہ مذکورہ بالا حدیث ضعیف بھی ہے اور احتمال ہے کہ سیدنا نعمان بن بشیر رضی اللہ عنہ کو دھوکہ ہوا ہو۔
واللہ اعلم۔