سنن دارمي
من كتاب الاستئذان -- کتاب الاستئذان کے بارے میں
52. باب مَا يَقُولُ إِذَا انْتَبَهَ مِنْ نَوْمِهِ:
جاگنے کے وقت کیا دعا کرنی چاہیے؟
حدیث نمبر: 2722
أَخْبَرَنَا مُحَمَّدُ بْنُ يَزِيدَ الْحِزَامِيُّ، حَدَّثَنَا الْوَلِيدُ بْنُ مُسْلِمٍ، حَدَّثَنَا الْأَوْزَاعِيُّ، قَالَ: حَدَّثَنِي عُمَيْرُ بْنُ هَانِئٍ الْعَنْسِيُّ، قَالَ: حَدَّثَنِي جُنَادَةُ بْنُ أَبِي أُمَيَّةَ، قَالَ: حَدَّثَنِي عُبَادَةُ بْنُ الصَّامِتِ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ , قَالَ: "مَنْ تَعَارَّ مِنَ اللَّيْلِ، فَقَالَ: لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ وَحْدَهُ لَا شَرِيكَ لَهُ، لَهُ الْمُلْكُ وَلَهُ الْحَمْدُ، وَهُوَ عَلَى كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌ، سُبْحَانَ اللَّهِ، وَالْحَمْدُ لِلَّهِ، وَاللَّهُ أَكْبَرُ، وَلَا حَوْلَ وَلَا قُوَّةَ إِلَّا بِاللَّهِ". ثُمَّ قَالَ:"رَبِّ اغْفِرْ لِي أَوْ قَالَ: ثُمَّ دَعَا اسْتُجِيبَ لَهُ فَإِنْ عَزَمَ فَتَوَضَّأَ ثُمَّ صَلَّى قُبِلَتْ صَلَاتُهُ".
سیدنا عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ نے حدیث بیان کی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو شخص رات کو بیدار ہو کر یہ پڑھے: «لَا إِلٰهَ إِلَّا اللّٰهُ ........... وَلَا حَوْلَ وَلَا قُوَّةَ إِلَّا بِاللّٰهِ» اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں، وہ اکیلا ہے، اس کا کوئی شریک نہیں، ملک اسی کے لئے ہے اور تمام تعریفیں بھی اسی کے لئے ہیں اور وہ ہر چیز پر قادر ہے، اس کی ذات پاک ہے، اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور الله سب سے بڑا ہے اور الله کی مدد کے بغیر نہ کسی کو گناہوں سے بچنے کی طاقت ہے نہ نیکی کرنے کی ہمت۔ پھر یہ کہے: اے اللہ! میری مغفرت فرما یا یہ کہا کہ کوئی دعا کرے تو اس کی دعا قبول ہوگی، پھر اگر اس نے وضو کیا اور نماز پڑھی تو اس کی نماز بھی قبول ہوگی۔

تخریج الحدیث: تحقيق الحديث: حسين سليم أسد الداراني: «إسناده صحيح، [مكتبه الشامله نمبر: 2729]»
اس حدیث کی سند صحیح ہے۔ دیکھئے: [بخاري 1154]، [أبوداؤد 5060]، [ترمذي 3414]، [ابن ماجه 3878]، [ابن حبان 2596]

وضاحت: (تشریح احادیث 2720 سے 2722)
ان احادیث سے سو کر اٹھنے یا رات کو بیدار ہونے کے وقت ان ادعیہ و اذکار کو پڑھنے کی فضیلت معلوم ہوئی۔
ابن بطال نے اس حدیث کے ضمن میں لکھا ہے کہ الله تعالیٰ نے اپنے نبی کی زبان میں یہ وعدہ فرمایا ہے کہ جو مسلمان بھی رات میں اس طرح بیدار ہو کہ اس کی زبان پر اللہ تعالیٰ کی توحید پر ایمان و یقین، اس کی کبریائی اور سلطنت کے سامنے تسلیم اور بندگی، اس کی نعمتوں کا اعتراف اور اس پر اس کا شکر و حمد، اور اس کی ذاتِ پاک کی تنزیہ و تقدیس سے بھر پور کلمات زبان پر جاری ہو جائیں تو الله تعالیٰ اس کی دعا بھی قبول کرتا ہے اور اس کی نماز بھی بارگاہِ رب العزت میں مقبول ہوتی ہے، اس لئے جس شخص تک بھی یہ حدیث پہنچے اسے اس حدیث پر عمل کو غنیمت سمجھنا چاہیے، اور اپنے رب کے لئے تمام اعمال میں نیّتِ خالص پیدا کرنی چاہیے کہ سب سے پہلی شرطِ قبولیت یہی خلوص ہے۔
(تفہیم البخاری)۔