صحيح البخاري
كِتَاب الصَّلَاةِ -- کتاب: نماز کے احکام و مسائل
80. بَابُ الْخَوْخَةِ وَالْمَمَرِّ فِي الْمَسْجِدِ:
باب: مسجد میں کھڑکی اور راستہ رکھنا۔
حدیث نمبر: 466
حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ سِنَانٍ، قَالَ: حَدَّثَنَا فُلَيْحٌ، قَالَ: حَدَّثَنَا أَبُو النَّضْرِ، عَنْ عُبَيْدِ بْنِ حُنَيْنٍ، عَنْ بُسْرِ بْنِ سَعِيدٍ، عَنْ أَبِي سَعِيدٍ الْخُدْرِيِّ، قَالَ:" خَطَبَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، فَقَالَ: إِنَّ اللَّهَ خَيَّرَ عَبْدًا بَيْنَ الدُّنْيَا وَبَيْنَ مَا عِنْدَهُ فَاخْتَارَ مَا عِنْدَ اللَّهِ، فَبَكَى أَبُو بَكْرٍ الصِّدِّيقُ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ، فَقُلْتُ فِي نَفْسِي: مَا يُبْكِي هَذَا الشَّيْخَ؟ إِنْ يَكُنِ اللَّهُ خَيَّرَ عَبْدًا بَيْنَ الدُّنْيَا وَبَيْنَ مَا عِنْدَهُ فَاخْتَارَ مَا عِنْدَ اللَّهِ، فَكَانَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ هُوَ الْعَبْدَ، وَكَانَ أَبُو بَكْرٍ أَعْلَمَنَا، قَالَ: يَا أَبَا بَكْرٍ لَا تَبْكِ، إِنَّ أَمَنَّ النَّاسِ عَلَيَّ فِي صُحْبَتِهِ وَمَالِهِ أَبُو بَكْرٍ، وَلَوْ كُنْتُ مُتَّخِذًا خَلِيلًا مِنْ أُمَّتِي لَاتَّخَذْتُ أَبَا بَكْرٍ، وَلَكِنْ أُخُوَّةُ الْإِسْلَامِ وَمَوَدَّتُهُ لَا يَبْقَيَنَّ فِي الْمَسْجِدِ بَابٌ إِلَّا سُدَّ، إِلَّا بَابُ أَبِي بَكْرٍ".
ہم سے محمد بن سنان نے بیان کیا، کہ کہا ہم سے فلیح بن سلیمان نے، کہا ہم سے ابونضر سالم بن ابی امیہ نے عبید بن حنین کے واسطہ سے، انہوں نے بسر بن سعید سے، انہوں نے ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے، انہوں نے بیان کیا کہ ایک دفعہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے خطبہ میں فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے ایک بندے کو دنیا اور آخرت کے رہنے میں اختیار دیا (کہ وہ جس کو چاہے اختیار کرے) بندے نے وہ پسند کیا جو اللہ کے پاس ہے یعنی آخرت۔ یہ سن کر ابوبکر رضی اللہ عنہ رونے لگے، میں نے اپنے دل میں کہا کہ اگر اللہ نے اپنے کسی بندے کو دنیا اور آخرت میں سے کسی کو اختیار کرنے کو کہا اور اس بندے نے آخرت پسند کر لی تو اس میں ان بزرگ کے رونے کی کیا وجہ ہے۔ لیکن یہ بات تھی کہ بندے سے مراد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہی تھے اور ابوبکر رضی اللہ عنہ ہم سب سے زیادہ جاننے والے تھے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے فرمایا۔ ابوبکر آپ روئیے مت۔ اپنی صحبت اور اپنی دولت کے ذریعہ تمام لوگوں سے زیادہ مجھ پر احسان کرنے والے آپ ہی ہیں اور اگر میں کسی کو خلیل بناتا تو ابوبکر کو بناتا۔ لیکن (جانی دوستی تو اللہ کے سوا کسی سے نہیں ہو سکتی) اس کے بدلہ میں اسلام کی برادری اور دوستی کافی ہے۔ مسجد میں ابوبکر رضی اللہ عنہ کی طرف کے دروازے کے سوا تمام دروازے بند کر دئیے جائیں۔
  الشیخ ڈاکٹر عبد الرحمٰن فریوائی حفظ اللہ، فوائد و مسائل، سنن ترمذی، تحت الحديث 3660  
´فضائل ابوبکر رضی الله عنہ پر ایک اور باب`
ابو سعید خدری رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے منبر پر بیٹھ کر فرمایا: ایک بندے کو اللہ نے اختیار دیا کہ وہ دنیا کی رنگینی کو پسند کرے یا ان چیزوں کو جو اللہ کے پاس ہیں، تو اس نے ان چیزوں کو اختیار کیا جو اللہ کے پاس ہیں، اسے سنا تو ابوبکر رضی الله عنہ نے کہا: اللہ کے رسول! ہم نے اپنے باپ دادا اور اپنی ماؤں کو آپ پر قربان کیا ۱؎ ہمیں تعجب ہوا، لوگوں نے کہا: اس بوڑھے کو دیکھو! اللہ کے رسول ایک ایسے بندے کے بارے میں خبر دے رہے ہیں جسے اللہ نے یہ اختیار دیا کہ وہ یا تو دنیا کی رنگینی کو اپنا لے یا اللہ کے پاس جو کچ۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ترمذي/كتاب المناقب/حدیث: 3660]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
یعنی: ہمارے ماں باپ کی عمریں آپﷺ کو مل جائیں تاکہ آپﷺ کا سایہ ہم پر تادیر اور مزید قائم رہے۔

2؎:
یہ ابوبکر رضی اللہ عنہ کی تمام صحابہ پر فضیلت کی دلیل ہے۔
مسجد نبوی میں یہ دروازہ آج بھی موجود ہے،
محراب کی دائیں جانب پہلا دروازہ باب السلام ہے اوردوسرا خوخۃ ابی بکر رضی اللہ عنہ
   سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 3660   
  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:466  
466. حضرت ابوسعید خدری ؓ سے روایت ہے، انھوں نے کہا: نبی ﷺ نے ایک دن خطبہ دیتے ہوئے فرمایا: بےشک اللہ تعالیٰ نے اپنے ایک بندے کو اختیار دیا ہے کہ وہ دنیا میں رہے یا جو اللہ کے پاس ہے اسے اختیار کرے۔ تو اس نے وہ پسند کیا جو اللہ کے پاس ہے۔ یہ سن کر حضرت ابوبکر صدیق ؓ رونے لگے۔ میں نے اپنے دل میں کہا: یہ بوڑھا کس لیے روتا ہے؟بات تو صرف یہ ہے کہ اللہ نے اپنے ایک بندے کو دنیا یا آخرت دونوں میں سے جسے چاہے پسند کرنے کا اختیار دیا ہے اور اس نے آخرت کو پسند کیا ہے۔ (تو اس میں رونے کی کیا بات ہے)؟ مگر بعد میں یہ راز کھلا کہ بندے سے مراد خود رسول اللہ ﷺ تھے اور حضرت ابوبکر صدیق ؓ ہم سب سے زیادہ سمجھنے والے تھے۔ پھر رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:ابوبکر تم مت روؤ، میں لوگوں میں سے کسی کے مال اور صحبت کا اتنا زیر بار نہیں جتنا ابوبکر کا ہوں۔ اگر میں اپنی امت سے کسی کو خلیل۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [صحيح بخاري، حديث نمبر:466]
حدیث حاشیہ:

امام بخاری ؒ یہ بیان کرنا چاہتے ہیں کہ اگر مسجد سےمتصل مکان کی کھڑکی مسجد کی طرف کھول دی جائے تاکہ مسجد میں آنے کی سہولت ہو تو اس کا کیا حکم ہے؟مذکورہ روایات سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ اہل علم و فضل کے لیے یہ خصوصی اجازت ہے کہ وہ مسجد میں حاضری کی سہولت کے پیش نظر مکان کے عقبی جانب کوئی کھڑکی وغیرہ نکالیں۔
حضرت ابو بکر صدیق ؓ کا مکان مسجد سے متصل تھا اور اس کا اصل دروازہ مغربی جانب تھا، لیکن اس کے عقبی جانب مسجد نبوی میں آنے کے لیے ایک کھڑی تھی جس سے بوقت ضرورت مسجد میں آتے جاتے تھے۔
دیگر صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین نے بھی اپنے اپنے مکانات سے مسجد نبوی کی جانب کھڑکیاں کھول رکھی تھیں۔
نبی ﷺ نے مرض وفات میں اللہ کے حکم سے ان تمام دروازوں اور کھڑکیوں کو بند کردینے کا حکم دیا اور فرمایا کہ ا بو بکر کی کھڑکی کے علاوہ تمام دروازے بند کردیے جائیں۔

اس حدیث میں حضرت ابو بکر صدیق ؓ کی خلافت کی طرف بھی اشارہ تھا کہ انھیں خلافت کے زمانے میں نماز پڑھانے کے لیے آنے جانے میں سہولت رہے گی۔
چنانچہ ابن حبان ؒ نے اس روایت کی بایں الفاظ تشریح کی ہے:
یہ حدیث رسول اللہ ﷺ کے بعد حضرت ابو بکر صدیق ؓ کے خلیفہ ہونے کی واضح دلیل ہے کیونکہ آپ نے یہ کہہ کر کہ مسجد میں سے ابو بکر ؓ کے علاوہ تمام صحابہ کی کھڑکیاں بند کردی جائیں تمام لوگوں کی خلافت سے متعلق دلچسپی کو یکسر ختم کردیا۔
(فتح الباري: 19/7)
حضرت شاہ ولی اللہ محدث دہلوی ؒ شرح تراجم بخاری میں لکھتے ہیں طبع سلیم رکھنے والوں کے لیے اس روایت میں حضرت ابو بکرصدیق ؓ کی خلافت کے متعلق بالکل واضح استدلال ہے۔
متعدد احادیث سے اس کی تائید ہوتی ہے ایک یہ کہ رسول اللہ ﷺ کے پاس ایک عورت آئی تو آپ نے اسے دوبارہ آنے کے متعلق فرمایا:
اس نے عرض کیا:
اگر میں دوبارہ آؤں اور آپ دنیا سے رخصت ہو چکے ہوں تو کس کے پاس جاؤں؟ آپ نے فرمایا:
اگر تم مجھے نہ پاؤں تو ابوبکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے پاس آنا۔
(صحیح البخاري، فضائل أصحاب النبي، صلی اللہ علیه وسلم، حدیث: 3659)

مسجد نبوی کی طرف دروازہ باقی رکھنے کی فضیلت حضرت علی ؓ کے متعلق بھی منقول ہے چنانچہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
مسجد کے تمام دروازے بند کردیے جائیں، لیکن حضرت علی ؓ کا دروازہ بند نہ کیا جائے۔
(مسند أحمد: 331/1)
حضرت علی ؓ کے گھر کا دروازہ مسجد نبوی میں کھلتا تھا۔
امام ابن جوزی ؒ نے اس روایت کو موضوع قراردیا ہے اور لکھا ہے کہ روافض نے حضرت ابو بکر صدیق ؓ کی فضیلت سے معارضے کے لیے اس روایت کو وضع کیا ہے، لیکن حافظ ابن حجر ؒ نے اس روایت پر کلام کرتے ہوئے بتایا ہے کہ حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی منقبت سے متعلق یہ روایت متعدد طرق سے ثابت ہے اور کچھ روایات درجہ حسن کی ہیں اس لیے اسے موضوع قراردینا درست نہیں۔
البتہ ان کے مابین تعارض کو اس طرح ختم کیا جا سکتا ہے کہ یہ ایک وقت کی بات نہیں دوبار الگ الگ اوقات میں دروازے بند کرنے کے واقعات پیش آئے ہیں۔
حضرت علی ؓ کے دروازے کا کھلا رہنا بہت پہلے کی بات ہے اور اس کا سبب یہ تھا کہ ان کے گھر کا دروازہ ہی ایک تھا اور وہ مسجد میں کھلتا تھا اس مجبوری کے پیش نظر جب پہلی بار دروازے بند کرائے تو حضرت علی ؓ کا دروازہ کھلا رہا دیگر دروازے بندے کردیے گئے۔
لیکن مسجد نبوی میں آتے وقت فاصلہ کم کرنے کے لیے کھڑکیاں باقی رکھی گئیں۔
پھر جب آپ وفات سے چند یوم پہلے مسجد میں تشریف لائے تو ان تمام کھڑکیوں کو بھی بند کردیا گیا صرف حضرت ابو بکرصدیق ؓ کی کھڑکی کو کھلا رہنے کی اجازت دی گئی تاکہ رسول اللہ ﷺ کی وفات کے بعد نماز پڑھانے کی خدمت بجا لانے میں سہولت رہے اور حضرت ابو بکر صدیق ؓ کی خلافت کے متعلق بھی واضح ہدایت ہوجائے۔
حافظ ابن حجر ؒ نے اس تطبیق کو ابو بکر کلا بازی ؒ اور امام طحاوی ؒ کی طرف منسوب کر کے بیان کیا ہے۔
(فتح الباري: 20/7)

حضرت ابن عباس ؓ کی روایت سے علوم ہوتا ہے کہ یہ واقعہ آپ کے مرض وفات میں پیش آیا، چنانچہ آپ کی وفات سے چار دن پہلے جو جمعرات تھی اس کی صبح واقعہ قرطاس پیش آیا کہ آپ کچھ تحریر کرانا چاہتے تھے لیکن لوگوں کے باہمی اختلاف اور شور و شغب درست نہیں۔
اس کے بعد آپ نے آرام فرمایا:
پھر ظہر کے وقت جب بیماری میں کچھ کمی محسوس ہوئی تو ارشاد فرمایا کہ پانی کی سات مشکیں میرے سر پر ڈالوشاید کچھ سکون ہواوربعض لوگوں کو کچھ وصیت کر سکوں۔
حکم کی تعمیل کی گئی تو قدرے سکون ہوا۔
پھر آپ حضرت عباس ؓ اور حضرت علی ؓ کا سہارا لے کر مسجد میں تشریف لائے ظہر کی نماز پڑھائی اور اس کے بعد منبر پر فروکش ہو کر خطبہ ارشاد فرمایا۔
یہ خطبہ آپ کی زندگی کا آخری خطبہ تھا واقعہ قرطاس صبح کو پیش آیا اور اسی دن ظہر کے بعد آپ نے خطبہ دیا۔
اس سے معلوم ہوتا ہے کہ اس خطبے میں وہی مضمون تھا جو آپ تحریر فرمانا چاہتے تھے۔

خلت سے مراد تعلق ہے جو صرف اللہ تعالیٰ اور بندے کے درمیان ہو سکتا ہے یہی وجہ ہے کہ آپ نے ایسے الفاظ استعمال فرمائے جن سے معلوم ہوتا ہے کہ ابو بکر اور آپ کے درمیان یہ تعلق ممکن ہی نہیں، البتہ اسلامی اخوت اور دینی محبت کا اعلیٰ سے اعلیٰ جو درجہ ہو سکتا ہے وہ ابو بکر صدیق ؓ اور آپ کے درمیان قائم ہے ان کے برابر نہ کسی کی مودت ہے اور نہ اخوت ان الفاظ میں حضرت ابو بکرصدیق ؓ کی جو منقبت بیان ہوئی ہے اس کا حاصل یہ ہے کہ پوری امت میں ان کے درجے کا کوئی نہیں ہے۔
۔
۔
رضی اللہ عنہ۔
۔
۔
واضح رہے کہ حضرت ابو بکر صدیق ؓ کا یہ مکان مسجد نبوی سے متصل اور باب السلام اور باب الرحمة کے درمیان واقع تھا پھر آپ نے اس مکان کو فروخت کردیا اور اس کی قیمت مسلمانوں کی اجتماعی ضرورت پر صرف کردی لیکن اس کے بعد بھی وہ مکان حضرت ابو بکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے نام سے مشہور رہا۔
اب وہاں مسجد نبوی کا ایک مستقل دروازہ باب ابی بکر کے نام سے تعبیر کردیا گیا ہے اور اس کھڑکی کی جگہ:
(هذه خوخة أبي بكر(الصديق رضي الله عنه)
لکھ دیا گیا ہے۔
نوٹ:
۔
ان دوں احادیث کے بقیہ فوائد "کتاب فضائل أصحاب النبي صلی اللہ علیه وسلم "میں تحریر کیے جائیں گے۔
بإذن اللہ تعالیٰ
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 466