Make PDF File
Note: Copy Text and paste to word file

صحيح البخاري
كِتَاب اللِّبَاسِ
کتاب: لباس کے بیان میں
8. بَابُ لُبْسِ الْقَمِيصِ:
باب: قمیص پہننا (کرتہ قمیص ہر دو ایک ہی ہیں)۔
حدیث نمبر: 5795
حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ عُثْمَانَ، أَخْبَرَنَا ابْنُ عُيَيْنَةَ، عَنْ عَمْرٍو، سَمِعَ جَابِرَ بْنَ عَبْدِ اللَّهِ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمَا، قَالَ: أَتَى النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ عَبْدَ اللَّهِ بْنَ أُبَيٍّ بَعْدَ مَا أُدْخِلَ قَبْرَهُ، فَأَمَرَ بِهِ، فَأُخْرِجَ وَوُضِعَ عَلَى رُكْبَتَيْهِ وَنَفَثَ عَلَيْهِ مِنْ رِيقِهِ، وَأَلْبَسَهُ قَمِيصَهُ، فَاللَّهُ أَعْلَمُ.
ہم سے عبداللہ بن محمد مسندی نے بیان کیا، کہا ہم کو ابن عیینہ نے خبر دی، انہیں عمرو نے اور انہوں نے جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے سنا، انہوں نے بیان کیا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم عبداللہ بن ابی (منافق) کے پاس جب اسے قبر میں داخل کیا جا چکا تھا تشریف لائے پھر آپ کے حکم سے اس کی لاش نکالی گئی اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے گھٹنوں پر اسے رکھا گیا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس پر دم کرتے ہوئے اپنی قمیص پہنائی اور اللہ ہی خوب جاننے والا ہے۔

تخریج الحدیث: «أحاديث صحيح البخاريّ كلّها صحيحة»

صحیح بخاری کی حدیث نمبر 5795 کے فوائد و مسائل
  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 5795  
حدیث حاشیہ:
بعض روایتوں میں آیا ہے کہ عبداللہ بن ابی نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے چچا حضرت عباس رضی اللہ عنہ کو اپنی قمیص ایک موقع پر پہنائی تھی۔
اس لیے اس کے بدلہ کے طور پر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم بھی اسے اپنی قمیص ایسے موقع پر دی یہ سب کچھ آپ نے اس کے بیٹے کا دل خوش کرنے کے لیے کیا جو سچا مسلمان تھا، واللہ أعلم بالصواب۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 5795   

تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله، سنن نسائي، تحت الحديث 1902  
´کفن میں قمیص کے ہونے کا بیان۔`
جابر بن عبداللہ رضی الله عنہما کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم عبداللہ بن ابی کی قبر پر آئے، اور اسے اس کی قبر میں رکھا جا چکا تھا، تو آپ اس پر کھڑے ہوئے، اور اس کے نکالنے کا حکم دیا تو اسے نکالا گیا، تو آپ نے اسے اپنے دونوں گھٹنوں پر رکھا، اور اپنی قمیص پہنائی اور اس پر تھو تھو کیا، واللہ تعالیٰ اعلم۔ [سنن نسائي/كتاب الجنائز/حدیث: 1902]
1902۔ اردو حاشیہ: یہ روایت مشہور روایا ت سے متعارض معلوم ہوتی ہے جن میں قمیص پہلے دینے، جنازہ پڑھنے اور پھر قبر پر جنازے کے ساتھ آنے کا ذکر ہے، حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے اس کا ایک حل یہ پیش کیا ہے کہ پہلی روایت میں دینے سے مراد دینے کا وعدہ ہے، وعدے پر عطیہ کا لفظ بول دیا گیا ہے۔ دوسرا حل اور تطبیق یہ ہے کہ ممکن ہے دو مرتبہ آپ نے قمیص دی ہو، ایک پہلے اور دوسری مرتبہ جب آپ قبر پر حاضر ہوئے۔ مزید دیکھیے: (فتح الباري الجنائز، باب الکفن في القمیص الذی یکف أولا یکف، حدیث: 1270) واللہ أعلم۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 1902   

  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث2022  
´میت کو لحد میں رکھنے کے بعد باہر نکالنے کا بیان۔`
جابر بن عبداللہ رضی الله عنہما کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے عبداللہ بن ابی کو اس کی قبر سے نکلوایا، پھر اس کا سر اپنے دونوں گھٹنوں پر رکھا، اور اس پر تھو تھو کیا، اور اسے اپنی قمیص پہنائی۔ اور اس کی نماز (جنازہ) پڑھی، واللہ اعلم۔ [سنن نسائي/كتاب الجنائز/حدیث: 2022]
اردو حاشہ:
تفصیل کے لیے دیکھیے حدیث: 1901، 1902 - 1968۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 2022   

  مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث1524  
´اہل قبلہ کی نماز جنازہ ادا کرنا۔`
جابر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ منافقین کا سردار (عبداللہ بن ابی) مدینہ میں مر گیا، اس نے وصیت کی کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اس کی نماز جنازہ پڑھیں، اور اس کو اپنی قمیص میں کفنائیں، تو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کی نماز جنازہ پڑھی، اور اسے اپنے کرتے میں کفنایا، اور اس کی قبر پہ کھڑے ہوئے، تو اللہ تعالیٰ نے یہ آیت کریمہ نازل فرمائی: «ولا تصل على أحد منهم مات أبدا ولا تقم على قبره» منافقوں میں سے جو کوئی مر جائے تو اس کی نماز جنازہ نہ پڑھیں، اور اس کی قبر پہ مت کھڑے ہوں۔ [سنن ابن ماجه/كتاب الجنائز/حدیث: 1524]
اردو حاشہ:
فائدہ:
مذکورہ روایت کوہمارے فاضل محقق نے سنداً ضعیف اور معناً صحیح قراردیا ہے۔
جبکہ دیگر محققین نے اس کی بابت لکھا ہے کہ اس روایت میں وصیت کا تذکرہ منکر ہے اس کے علاوہ باقی حدیث صحیح ہے جیسا کہ گزشتہ حدیث میں بھی اس کا تذکرہ ہے تفصیل کےلئے دیکھئے: (سنن ابن ماجه للدکتور بشار عواد، حدیث: 1524، وأحکام الجنائز، ص: 160)
   سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 1524   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 1270  
1270. حضرت جابر ؓ سے روایت ہے،انھوں نے کہا:نبی کریم ﷺ عبداللہ بن ابی منافق کے دفن ہونے کے بعد تشریف لائے، اسے قبر سے باہر نکالا اور اس کے منہ میں اپنا لعاب ڈالا اور اسے اپنی قمیص پہنائی۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:1270]
حدیث حاشیہ:
عبد اللہ بن ابی مشہور منافق ہے جو جنگ احد کے موقع پر راستے میں سے کتنے ہی سادہ لوح مسلمانوں کو بہکا کر واپس لے آیا تھا اور اسی نے ایک موقع پر یہ بھی کہا تھا کہ ہم مدنی اور شریف لوگ ہیں اور یہ مہاجر مسلمان ذلیل پردیسی ہیں۔
ہمارا داؤ لگے گا تو ہم ان کو مدینہ سے نکال باہر کریں گے۔
اس کا بیٹا عبداللہ سچا مسلمان صحابی رسول تھا۔
آپ ﷺ نے ان کی دل شکنی گوارا نہیں کی اور ازراہ کرم اپنا کرتہ اس کے کفن کے لیے عنایت فرمایا۔
بعضوں نے کہا کہ جنگ بدر میں جب حضرت عباس ؓ قید ہو کر آئے تو وہ ننگے تھے۔
ان کا یہ حال زاردیکھ کر اسی عبداللہ بن ابی نے اپنا کرتا ان کو پہنادیا تھا۔
آنحضرت ﷺ نے اس کا بدلہ ادا کردیا کہ یہ احسان باقی نہ رہے۔
ان منافق لوگوں کے بارے میں پہلی آیت ﴿اسْتَغْفِرْ لَهُمْ أَوْ لَا تَسْتَغْفِرْ لَهُمْ إِن تَسْتَغْفِرْ لَهُم﴾ (التوبة: 80)
نازل ہوئی تھی۔
اس آیت سے حضرت عمر ؓ سمجھے کہ ان پر نماز پڑھنا منع ہے۔
آنحضرت ﷺ نے ان کو سمجھایا کہ اس آیت میں مجھ کو اختیار دیا گیا ہے۔
تب حضرت عمر ؓ خاموش رہے۔
بعد میں آیت ﴿وَلَا تُصَلِّ عَلَىٰ أَحَدٍ مِّنْهُم﴾ (التوبة: 84)
نازل ہوئی۔
جس میں آپ ﷺ کو اللہ نے منافقوں پر نماز جنازہ پڑھنے سے قطعاً روک دیا۔
پہلی اور دوسری روایتوں میں تطبیق یہ ہے کہ پہلے آپ ﷺ نے کرتہ دینے کا وعدہ فرمادیا تھا پھر عبداللہ کے عزیزوں نے آپ ﷺ کو تکلیف دینا مناسب نہ جانا اور عبداللہ کا جنازہ تیار کرکے قبر میں اتاردیا کہ آنحضرت ﷺ تشریف لے آئے اور آپ ﷺ نے وہ کیا جو روایت میں مذکور ہے۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 1270   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:1270  
1270. حضرت جابر ؓ سے روایت ہے،انھوں نے کہا:نبی کریم ﷺ عبداللہ بن ابی منافق کے دفن ہونے کے بعد تشریف لائے، اسے قبر سے باہر نکالا اور اس کے منہ میں اپنا لعاب ڈالا اور اسے اپنی قمیص پہنائی۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:1270]
حدیث حاشیہ:

ابن سیرین کا موقف ہے کہ کفن قمیص کی طرح سلا ہوا ہونا چاہیے اور اس کے بٹن وغیرہ لگے ہوئے ہوں۔
امام بخاری ؒ اس موقف کی تردید فرماتے ہیں کہ کفن کے لیے اس قسم کی پابندی ناروا ہے۔
اس کے لیے تین سپاٹ چادریں بھی ہو سکتی ہیں اور دو چادریں بھی ہو سکتی ہیں اور دو چادریں اور ایک قمیص، خواہ سلی ہو یا اَن سلی وہ بھی کافی ہے۔
رسول اللہ ﷺ نے عبداللہ بن ابی منافق کو سلی ہوئی قمیص پہنائی جو کفن کے طور پر تھی۔
رسول اللہ ﷺ نے رئیس المنافقین عبداللہ بن ابی کو اپنی قمیص کیوں پہنائی؟ علامہ عینی ؒ نے اس کی تین وجوہات لکھی ہیں:
٭ رسول اللہ ﷺ نے رئیس المنافقین کے مومن بیٹے عبداللہ بن عبداللہ ؓ کے اکرام کے پیش نظر اسے اپنی قمیص پہنائی۔
٭ اس کے قبیلے کی دل جوئی مقصود تھی، چنانچہ آپ کے اس خلق کریم کے باعث قبیلہ خزرج کے ایک ہزار اشخاص مسلمان ہو گئے۔
حضرت عباس ؓ جب غزوہ بدر میں قیدی بن کر آئے تو ان کے گلے میں قمیص نہ تھی۔
چونکہ وہ طویل القامت تھے، اس لیے عبداللہ بن ابی نے اپنی قمیص پہنائی کیونکہ وہ طویل القامت تھا۔
اس احسان کا بدلہ چکانے کے لیے آپ نے اسے قمیص پہنائی۔
(عمدة القاري: 75/6)
والله أعلم۔
(2)
سیاق حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ حضرت عمر فاروق ؓ کے پیش نظر درج ذیل آیت کریمہ تھی:
﴿اسْتَغْفِرْ لَهُمْ أَوْ لَا تَسْتَغْفِرْ لَهُمْ إِن تَسْتَغْفِرْ لَهُمْ سَبْعِينَ مَرَّةً فَلَن يَغْفِرَ اللَّـهُ لَهُمْ﴾ آپ ان کے لیے بخشش مانگیں یا نہ مانگیں (فرق نہیں پڑے گا)
۔
اگر آپ ان کے لیے ستر مرتبہ بھی دعائے مغفرت کریں تو بھی اللہ انہیں معاف نہیں کرے گا۔
(التوبة: 80/9)
انہوں نے اس آیت سے استدلال کیا کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو منافقین کی نماز جنازہ پڑھانے سے منع کر دیا ہے، لیکن رسول اللہ ﷺ کے موقف سے معلوم ہوا کہ اس آیت میں ممانعت کی صراحت نہیں بلکہ جنازہ پڑھنے اور نہ پڑھنے میں اختیار ہے، اسی لیے آپ نے فرمایا کہ مجھے دو باتوں کا اختیار دیا گیا ہے، اس لیے ستر سے زیادہ مرتبہ دعا کے بعد بخشش کی امید کی جا سکتی ہے۔
اس کے بعد صراحت کے ساتھ اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل فرمائی کہ ﴿وَلَا تُصَلِّ عَلَىٰ أَحَدٍ مِّنْهُم مَّاتَ أَبَدًا﴾ ان کے لیے بخشش طلب کرنے سے منع فرما دیا جیسا کہ حدیث میں اس کی وضاحت موجود ہے۔
(فتح الباري: 178/3) (3)
امام بخاری ؒ کی پیش کردہ پہلی حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے عبداللہ بن ابی کے بیٹے حضرت عبداللہ ؓ کو اپنی قمیص عطا فرمائی تاکہ وہ اپنے باپ کو پہنا دے، لیکن حدیث جابر سے معلوم ہوتا ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے اسے قبر سے نکلوا کر خود قمیص پہنائی۔
ان دونوں احادیث میں کوئی تضاد نہیں۔
جہاں قمیص دینے کا ذکر ہے تو اس سے مراد یہ ہے کہ نبی ﷺ نے عبداللہ بن ابی کے بیٹے سے وعدہ کیا تھا کہ آپ اسے قمیص دیں گے اور اس وعدے پر دینے کا اطلاق مجازی طور پر ہے، کیونکہ آپ نے حتمی طور پر قمیص عطا فرمانی تھی، اس لیے تحقق وقوع کے اعتبار سے "أعطاہ" فرمایا اور عملا خود اسے پہنائی جس کا ذکر حدیث جابر میں ہے۔
(فتح الباري: 178/3)
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 1270   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:1350  
1350. حضرت جابر بن عبداللہ ؓ سے روایت ہے،انھوں نے فرمایا: رسول اللہ ﷺ رئیس المنافقین عبد اللہ بن ابی کے پاس آئے جبکہ اسے قبر میں داخل کردیا گیا تھا۔ آپ نے اسے نکالنے کا حکم دیا۔ چنانچہ اسے باہر نکالا گیا۔ آپ نے اسے اپنے گھٹنوں پررکھ لیا اور اس کے منہ میں اپنا لعاب مبارک ڈالا، نیز اسے اپنی قمیص پہنائی۔ ویسے تو اس کی وجہ اللہ ہی بہتر جانتا ہے، البتہ اس نے حضرت عباس ؓ کو اپنی قمیص پہنائی تھی۔ ابو ہارون کا بیان ہے کہ رسول اللہ ﷺ کے بدن پر دوقمیصیں تھیں اور عبد اللہ بن عبد اللہ بن ابی ؓ نے عرض کیا:اللہ کے رسول اللہ ﷺ!میرے باپ کو نیچے والی قمیص پہنائیں جو آپ کے بدن سے لگ چکی ہے۔ سفیان نےکہا:لوگوں کے خیال کے مطابق نبی ﷺ نے رئیس المنافقین عبد اللہ کو قمیص بدلہ چکانے کے لیے پہنائی تھی، کیونکہ اس نے حضرت عباس ؓ کو پہنائی تھی۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:1350]
حدیث حاشیہ:
(1)
ایک حدیث میں ہے کہ غزوہ بدر کے موقع پر جب جنگی قیدیوں کو مدینہ منورہ لایا گیا تو رسول اللہ ﷺ کے چچا حضرت عباس بن عبدالمطلب کا بدن ننگا تھا۔
رسول اللہ ﷺ نے دیکھا تو رئیس المنافقین کی قمیص ان کے قد کے مطابق پوری تھی تو آپ نے اس کی قمیص حضرت عباس ؓ کو پہنا دی۔
جب وہ فوت ہوا تو آپ نے اس کا احسان چکانے کے لیے اپنی قمیص اسے پہنا دی۔
(صحیح البخاري، الجھادوالسیر، حدیث: 3008) (2)
امام بخاری ؒ نے اس حدیث سے یہ مسئلہ ثابت کیا ہے کہ بوقت ضرورت میت کو قبر سے نکالا جا سکتا ہے، جبکہ بعض حضرات کا خیال ہے کہ اگر میت کو غسل یا جنازہ کے بغیر دفن کیا گیا ہو تو اسے غسل دینے اور جنازہ پڑھنے کے لیے نکالا جا سکتا ہے۔
امام بخاری ؒ نے ان حضرات کی تردید فرما دی ہے کہ ان اسباب کے علاوہ بھی اگر ضرورت ہو تو قبر سے میت کو نکالنے میں کوئی حرج نہیں۔
(فتح الباري: 274/3)
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 1350