صحيح البخاري
كِتَاب الْأَدَبِ -- کتاب: اخلاق کے بیان میں
92. بَابُ مَا يُكْرَهُ أَنْ يَكُونَ الْغَالِبُ عَلَى الإِنْسَانِ الشِّعْرُ حَتَّى يَصُدَّهُ عَنْ ذِكْرِ اللَّهِ وَالْعِلْمِ وَالْقُرْآنِ:
باب: شعر و شاعری میں اس طرح اوقات صرف کرنا منع ہے کہ آدمی اللہ کی یاد اور علم حاصل کرنے اور قرآن شریف کی تلاوت کرنے سے باز رہ جائے۔
حدیث نمبر: 6155
حَدَّثَنَا عُمَرُ بْنُ حَفْصٍ، حَدَّثَنَا أَبِي، حَدَّثَنَا الْأَعْمَشُ، قَالَ: سَمِعْتُ أَبَا صَالِحٍ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ، قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ:" لَأَنْ يَمْتَلِئَ جَوْفُ رَجُلٍ قَيْحًا يَرِيهِ خَيْرٌ مِنْ أَنْ يَمْتَلِئَ شِعْرًا".
ہم سے عمر بن حفص بن غیاث نے بیان کیا، انہوں نے کہا مجھ سے میرے والد نے بیان کیا، انہوں کہا ہم سے اعمش نے بیان کیا، کہا کہ میں نے ابوصالح سے سنا اور ان سے ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے فرمایا اگر تم میں سے کوئی شخص اپنا پیٹ پیپ سے بھر لے تو یہ اس سے بہتر ہے کہ وہ شعروں سے بھر جائے۔
  الشیخ ڈاکٹر عبد الرحمٰن فریوائی حفظ اللہ، فوائد و مسائل، سنن ترمذی، تحت الحديث 2851  
´پیٹ کا مواد سے بھرا ہونا (گندے) اشعار سے بھرے ہونے سے بہتر ہے۔`
ابوہریرہ رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کسی شخص کے پیٹ کا خون آلود مواد سے بھر جانا جسے وہ گلا، سڑا دے، یہ کہیں بہتر ہے اس سے کہ اس کے پیٹ (و سینے) میں (کفریہ شرکیہ اور گندے) اشعار بھرے ہوئے ہوں۔‏‏‏‏ [سنن ترمذي/كتاب الأدب/حدیث: 2851]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
پچھلے باب کی احادیث اور اس باب کی احادیث میں تطبیق یہ ہے کہ اشعار اگر تو حید وسنت،
اخلاق حمیدہ،
وعظ ونصیحت،
پندونصائح اور حکمت ودانائی پر مشتمل ہوں تو ان کا کہنا،
پڑھنا سب جائز ہے،
اور اگر کفریہ،
شرکیہ،
بدعت اور خلاف شرع باتوں پر مشتمل ہوں یا بازاری اور گندے اشعار ہوں تو ان کو اپنے دل وماغ میں داخل کرنا (یا ذکر کرنا) پیپ اورمواد سے زیادہ مکروہ اور نقصان دہ ہے۔
   سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 2851   
  الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابي داود ، تحت الحديث 5009  
´شعر کا بیان۔`
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم میں سے کسی کے لیے اپنا پیٹ پیپ سے بھر لینا بہتر ہے اس بات سے کہ وہ شعر سے بھرے، ابوعلی کہتے ہیں: مجھے ابو عبید سے یہ بات پہنچی کہ انہوں نے کہا: اس کی شکل (شعر سے پیٹ بھرنے کی) یہ ہے کہ اس کا دل بھر جائے یہاں تک کہ وہ اسے قرآن، اور اللہ کے ذکر سے غافل کر دے اور جب قرآن اور علم اس پر چھایا ہوا ہو تو اس کا پیٹ ہمارے نزدیک شعر سے بھرا ہوا نہیں ہے (اور آپ نے فرمایا) بعض تقریریں جادو ہوتی ہیں یعنی ان میں سحر کی سی تاثیر ہوتی ہے، وہ کہتے ہیں: اس کے معنی گویا یہ ہیں کہ وہ اپنی تقریر میں اس مقام ۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ابي داود/كتاب الأدب /حدیث: 5009]
فوائد ومسائل:
شعروشاعری بیان کا ایک فطری اور لازمی حصہ ہے۔
مگر اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ دینی مزاج شاعری پسند نہیں ہے۔
خیرالقرون میں شعر وشعراء سے اشاعت حق اور دفاع اسلام کا کام ضرور لیا گیا ہے، مگر بطور فن اس کی حوصلہ افزائی ہرگزنہیں کی گئی۔
لہذا کوئی صاحب علم شعروشاعری کو ہی اپنا اوڑھنا بچھونا بنا لے۔
اور قرآن اور اللہ کے ذکر سے غافل ہو رہے تو انتہائی مذموم ہے۔
البتہ حد اعتدال میں رہتے ہوئے اپنے اس ذوق اور فن سے اشاعت حق اور ابطال باطل کا فریضہ سرانجام دے تو بلاشبہ کارخیر ہے۔
   سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعدی، حدیث/صفحہ نمبر: 5009   
  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 6155  
6155. حضرت ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کسی آدمی کے پیٹ کا پیپ سے بھر کر خراب ہو جانا اس سے بہتر ہے کہ وہ (وہ پیٹ) شعروں سے بھر جائے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:6155]
حدیث حاشیہ:
پیٹ بھر جانے سے یہی مطلب ہے کہ سوا شعروں کے اس کو اور کچھ یاد نہ ہو۔
نہ قرآن یاد کرے نہ حدیث دیکھے۔
رات دن شعر گوئی کی دھن میں مست رہے جیسا کہ اکثر شعرائے عصر کا ماحول ہے إلا ماشاءاللہ۔
وہ واعظین حضرات بھی ذراغور کریں جو قر آن و حدیث کی جگہ سارا وعظ شعر وشاعری سے بھر دیتے ہیں۔
یوں گاہے گاہےحمد و نعت کے اشعار مذموم نہیں ہیں۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 6155   
  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:6155  
6155. حضرت ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کسی آدمی کے پیٹ کا پیپ سے بھر کر خراب ہو جانا اس سے بہتر ہے کہ وہ (وہ پیٹ) شعروں سے بھر جائے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:6155]
حدیث حاشیہ:
(1)
امام بخاری رحمہ اللہ کا مذکورہ عنوان کوئی مسئلہ ثابت کرنے کے لیے نہیں بلکہ ایک حدیث کی وضاحت کرنے کے لیے ہے کیونکہ حدیث کے ظاہری الفاظ مطلق طور پر اشعار کی مذمت پر دلالت کرتے ہیں، حالانکہ اس سے مراد ایسے اشعار ہیں جو فحش اور اخلاق کو خراب کرنے والے ہوں یا ایسے شاعر مراد ہیں جو رات دن شعر گوئی میں مست رہیں اور شعروں کے علاوہ انہیں کسی کام سے کوئی سروکار نہ ہو، نہ قرآن پڑھیں نہ حدیث یاد کریں اور اللہ کے ذکر سے غافل رہیں یا اس سے مراد وہ شعر ہیں جو ظالم و جابر حکمرانوں کی تعریف میں کہے گئے ہوں یا جن میں عورتوں کے محاسن بیان کیے گئے ہوں۔
(2)
اس حدیث کا سبب ورود یہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم یمن کے علاقے عرج میں سفر کر رہے تھے کہ ایک شاعر سامنے آیا اور اشعار پڑھنے لگا، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
اس شیطان کو پکڑو یا اس شیطان کو شعر کہنے سے روکو۔
اس کے بعد آپ نے مذکورہ حدیث بیان فرمائی۔
(صحیح مسلم، الشعر، حدیث: 5895(2259)
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6155