صحيح البخاري
كِتَاب الْحِيَلِ -- کتاب: شرعی حیلوں کے بیان میں
11. بَابٌ في النِّكَاحِ:
باب: نکاح پر جھوٹی گواہی گزر جائے تو کیا حکم ہے۔
حدیث نمبر: 6971
حَدَّثَنَا أَبُو عَاصِمٍ، عَنِ ابْنِ جُرَيْجٍ، عَنِ ابْنِ أَبِي مُلَيْكَةَ، عَنْ ذَكْوَانَ، عَنْ عَائِشَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا، قَالَتْ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ:" الْبِكْرُ تُسْتَأْذَنُ، قُلْتُ: إِنَّ الْبِكْرَ تَسْتَحْيِي، قَالَ: إِذْنُهَا صُمَاتُهَا"، وَقَالَ بَعْضُ النَّاسِ: إِنْ هَوِيَ رَجُلٌ جَارِيَةً يَتِيمَةً أَوْ بِكْرًا، فَأَبَتْ فَاحْتَالَ، فَجَاءَ بِشَاهِدَيْ زُورٍ عَلَى أَنَّهُ تَزَوَّجَهَا، فَأَدْرَكَتْ، فَرَضِيَتِ الْيَتِيمَةُ، فَقَبِلَ الْقَاضِي شَهَادَةَ الزُّورِ، وَالزَّوْجُ يَعْلَمُ بِبُطْلَانِ ذَلِكَ، حَلَّ لَهُ الْوَطْءُ.
ہم سے ابوعاصم ضحاک بن مخلد نے بیان کیا، ان سے ابن جریج نے، ان سے ابن ابی ملیکہ نے، ان سے ذکوان نے، اور ان سے عائشہ رضی اللہ عنہا نے بیان کیا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کنواری لڑکی سے اجازت لی جائے گی۔ میں نے پوچھا کہ کنواری لڑکی شرمائے گی۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اس کی خاموشی ہی اجازت ہے۔ اور بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ کوئی شخص اگر کسی یتیم لڑکی یا کنواری لڑکی سے نکاح کا خواہشمند ہو۔ لیکن لڑکی راضی نہ ہو اس پر اس نے حیلہ کیا اور دو جھوٹے گواہوں کی گواہی اس کی دلائی کہ اس نے لڑکی سے شادی کر لی ہے پھر جب وہ لڑکی جوان ہوئی اور اس نکاح سے وہ بھی راضی ہو گئی اور قاضی نے اس جھوٹی شہادت کو قبول کر لیا حالانکہ وہ جانتا ہے کہ یہ سارا ہی جھوٹ اور فریب ہے تب بھی اس سے جماع کرنا جائز ہے۔
  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 6971  
6971. سیدہ عائشہ‬ ؓ س‬ے روایت ہے،انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کنواری لڑکی سے نکاح کی اجازت لی جائے گی۔ میں نے کہا: کنواری لڑکی تو شرمائے گی۔ آپ ﷺ نے فرمایا: اس کی خاموشی ہی اس کی اجازت ہے۔ اس کے باوجود بعض لوگوں نے کہا ہے: اگر کوئی یتیم بچی یا کنواری لڑکی سے نکاح کرنا چاہیے لیکن لڑکی نکاح پر رضا مند نہ ہوتو یہ حیلہ کرے كہ دو جھوٹے گواہ لائے جو گواہی دیں کہ اس مرد نے اس عورت سے نکاح کیا ہے جب لڑکی کو خبر پہنچی تو وہ بھی راضی ہوگئی، قاضی نے بھی جھوٹی گواہی قبول کر لی، حالانکہ شوہر جانتا ہے کہ اس نے نکاح نہیں کیا۔ اس کے باوجود اس عورت سے جماع کرنا جائز ہے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:6971]
حدیث حاشیہ:
ان جملہ احادیث بالا سے حضرت امام بخاری نے بعض الناس کے ایک نہایت ہی کھلے ہوئے غلط فیصلے کی تردید فرمائی ہے۔
جیسا کہ روایات کے ذیل میں تشریح ہے۔
فقہاء کی ایسی ہی حیلہ بازیوں کی قلعی کھولنا یہاں کتاب الحیل کا مقصد ہے جیسا کہ بنظر انصاف مطالعہ کرنے والوں پر ظاہر ہوگا۔
شیخ سعدی نے ایسے ہی فقہائے کرام کے بارے میں کہا ہے:
فقیہان طریق جدل ساختند لم لا نسلم درانداختند کتنے ہی علمائے احناف حق پسند ایسے بھی ہیں جو ان حیلہ سازیوں کو تسلیم نہیں کرتے وہ یقینا ان سے مستثنیٰ ہیں۔
جزاهم اﷲ أحسن الجزاء۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 6971   
  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:6971  
6971. سیدہ عائشہ‬ ؓ س‬ے روایت ہے،انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کنواری لڑکی سے نکاح کی اجازت لی جائے گی۔ میں نے کہا: کنواری لڑکی تو شرمائے گی۔ آپ ﷺ نے فرمایا: اس کی خاموشی ہی اس کی اجازت ہے۔ اس کے باوجود بعض لوگوں نے کہا ہے: اگر کوئی یتیم بچی یا کنواری لڑکی سے نکاح کرنا چاہیے لیکن لڑکی نکاح پر رضا مند نہ ہوتو یہ حیلہ کرے كہ دو جھوٹے گواہ لائے جو گواہی دیں کہ اس مرد نے اس عورت سے نکاح کیا ہے جب لڑکی کو خبر پہنچی تو وہ بھی راضی ہوگئی، قاضی نے بھی جھوٹی گواہی قبول کر لی، حالانکہ شوہر جانتا ہے کہ اس نے نکاح نہیں کیا۔ اس کے باوجود اس عورت سے جماع کرنا جائز ہے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:6971]
حدیث حاشیہ:

امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے حیلہ سازوں کی قباحت اورخرابی بیان کرنے کے لیے مختلف اسلوب اختیار کیے ہیں:
پہلی صورت کنواری لڑکی کے متعلق تھی، دوسری شوہردیدہ کے بارے میں اور تیسری صورت میں گواہی کے بعد اعتراف ہے۔
امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ سب صورتوں میں ایک ہی موقف کو بار بار بیان کرنا چاہتے ہیں کہ عدالت کا فیصلہ ظاہری طور پر نافذ ہو سکتا ہے لیکن باطنی اعتبار سے اس کی کوئی حیثیت نہیں بلکہ ایسا شخص قیامت کے دن اللہ تعالیٰ کے ہاں قابل مواخذہ ہوگا کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے:
بعض اوقات تم میں سے کوئی اپنے فریق مخالف کے مقابلے میں زیادہ چالاکی سے بولنے والا ہوتا ہے، اس طرح میں اس کی باتیں سن کر اس کے حق میں فیصلہ دے دیتا ہوں، حالانکہ وہ جانتا ہے کہ اسے غیر کا حق مل رہا ہے تو وہ اسے نہ لے کیونکہ اس طرح میں نے اسے جہنم کا ایک ٹکڑا کاٹ کر دیا ہے۔
(صحیح البخاري، الحیل، حدیث: 6967)

اس واضح اور دو ٹوک حدیث کے باوجود بعض لوگوں کواس بات پر اصرار ہے کہ عدالت کا فیصلہ ظاہری اور باطنی دونوں طرح سے نافذ ہو جاتا ہے اور یہ حضرات اس حدیث کے متعلق کہتے ہیں کہ اس کا محل نزاع کے ساتھ کوئی تعلق ہی نہیں کیونکہ یہ حدیث اموال کے بارے میں ہے، عقود ومعاملات کے بارے میں نہیں ہے، حالانکہ یہ حدیث عام ہے خواہ حکم حاکم مال سے متعلق ہو یا کسی دوسرے حق کے بارے میں ہو، وہ حق خواہ مالِ عقود سے متعلق ہویا عقد نکاح سے تعلق رکھتا ہو۔
اموال وعقود کی تفریق دست ہنرشناس کا نتیجہ ہو سکتا ہے لیکن حدیث کے الفاظ اس تفریق کی اجازت نہیں دیتے۔
ان حضرات کا یہ کہنا کہ یہ حدیث جھوٹی گواہی کے متعلق نہیں بلکہ چرب لسانی اور زبان درازی کے بارے میں ہے۔

ہمارے رحجان کے مطابق اس طرح کی موشگافی حدیث سے ثابت نہیں ہوتی اور نہ شرعاً اس طرح کی سخن بازی کی اجازت ہی ہے۔
واللہ أعلم۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6971