صحيح البخاري
كِتَاب الْأَذَانِ -- کتاب: اذان کے مسائل کے بیان میں
56. بَابُ إِمَامَةِ الْمَفْتُونِ وَالْمُبْتَدِعِ:
باب: باغی اور بدعتی کی امامت کا بیان۔
حدیث نمبر: 696
حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ أَبَانَ، حَدَّثَنَا غُنْدَرٌ، عَنْ شُعْبَةَ عَنْ أَبِي التَّيَّاحِ، أَنَّهُ سَمِعَ أَنَسَ بْنَ مَالِكٍ، قَالَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ لِأَبِي ذَرٍّ:"اسْمَعْ وَأَطِعْ وَلَوْ لِحَبَشِيٍّ كَأَنَّ رَأْسَهُ زَبِيبَةٌ".
ہم سے محمد بن ابان نے بیان کیا، کہا کہ ہم سے غندر محمد بن جعفر نے بیان کیا شعبہ سے، انہوں نے ابوالتیاح سے، انہوں نے انس بن مالک سے سنا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ابوذر سے فرمایا (حاکم کی) سن اور اطاعت کر۔ خواہ وہ ایک ایسا حبشی غلام ہی کیوں نہ ہو جس کا سر منقے کے برابر ہو۔
  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:696  
696. حضرت انس ؓ سے رایت ہے انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے حضرت ابوذر ؓ سے فرمایا کہ امیر کا حکم سنو اور اس کی فرمانبرداری کرو اگرچہ وہ حبشی غلام ہو جس کا سر انگور کی طرح ہو۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:696]
حدیث حاشیہ:
(1)
امام بخاری ؒ نے اس حدیث کو اپنے عنوان کی دلیل اس لیے بنایا ہے کہ ایسی صفات کا حامل عام طور پر ایک عجمی حکمران ہوسکتا ہے جو نیا نیا مسلمان ہوا ہو جسے ابھی دین کے متعلق پوری معلومات نہ ہوں۔
اس قسم کے انسان کے لیے بدعات کا ارتکاب بعید نہیں۔
ایسے حکمران خود پسندی اور خود فریبی میں مبتلا ہوتے ہیں۔
جب ایسے حکمران کی اطاعت ضروری ہے تو اس کی اقتدا بھی درست ہونی چاہیے۔
جب اس قسم کا حاکم قابل اطاعت ہے تو اس کی امامت میں نماز بھی درست ہوگی۔
(فتح الباري: 246/2) (2)
حافظ ابن حجر ؒ نے اس حدیث کے متعلق ابو ذر ؓ کا ایک واقعہ لکھا ہے کہ ایک دفعہ وہ ربذہ مقام پر اس وقت پہنچے جب جماعت ہو رہی تھی اور ایک غلام امامت کے فرائض سرانجام دے رہا تھا، اسے نماز کے دوران میں کہا گیا کہ یہ حضرت ابو ذر ؓ عنہ تشریف لاچکے ہیں، وہ پیچھے ہٹنے لگا تو آپ نے فرمایا:
مجھے میرے محبوب نے وصیت کی تھی کہ اپنے امیر کی بات سنوں اور اس کی اطاعت کروں اگرچہ کٹی ہوئی ناک والا حبشی غلام ہی کیوں نہ ہو۔
(فتح الباري: 242/2) (3)
واضح رہے کہ بدعت اگر کفرو شرک تک پہنچ جائے تو اس کا حکم شرک ہی کا ہے جس طرح مشرک کی اقتدا جائز نہیں، اسی طرح بدعت مکفرہ کا حامل انسان بھی امامت کے اہل نہیں۔
اگر وہ بدعت مکفرہ کا حامل نہیں تو بوقت ضرورت کبھی اس کی اقتدا میں نماز پڑھ لی جائے تو جائز ہوگا۔
اس کا حکم فاسق کا ہے اور اس کے پیچھے نماز صحیح ہے، البتہ بدعتی اور فتنہ پرور کو مستقل طور پر امام نہیں بنانا چاہیے۔
والله اعلم۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 696