صحيح البخاري
كِتَاب الِاعْتِصَامِ بِالْكِتَابِ وَالسُّنَّةِ -- کتاب: اللہ اور سنت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو مضبوطی سے تھامے رہنا
2. بَابُ الاِقْتِدَاءِ بِسُنَنِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ:
باب: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنتوں کی پیروی کرنا۔
حدیث نمبر: 7280
حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ سِنَانٍ، حَدَّثَنَا فُلَيْحٌ، حَدَّثَنَا هِلَالُ بْنُ عَلِيٍّ، عَنْ عَطَاءِ بْنِ يَسَارٍ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ، أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، قَالَ:" كُلُّ أُمَّتِي يَدْخُلُونَ الْجَنَّةَ إِلَّا مَنْ أَبَى، قَالُوا: يَا رَسُولَ اللَّهِ، وَمَنْ يَأْبَى؟، قَالَ: مَنْ أَطَاعَنِي دَخَلَ الْجَنَّةَ، وَمَنْ عَصَانِي فَقَدْ أَبَى".
ہم سے محمد بن سنان نے بیان کیا، ان سے فلیح بن سلیمان نے بیان کیا، ان سے ہلال بن علی نے بیان کیا، ان سے عطاء بن یسار نے اور ان سے ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ساری امت جنت میں جائے گی سوائے ان کے جنہوں نے انکار کیا۔ صحابہ نے عرض کیا: یا رسول اللہ! انکار کون کرے گا؟ فرمایا جو میری اطاعت کرے گا وہ جنت میں داخل ہو گا اور جو میری نافرمانی کرے گا اس نے انکار کیا۔
  حافظ زبير على زئي رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث مشكوة المصابيح 143  
´جنت میں جانے سے انکار کرنے والا`
«. . . ‏‏‏‏وَعَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: " كُلُّ أُمَّتِي يَدْخُلُونَ الْجَنَّةَ إِلَّا مَنْ أَبَى. قِيلَ: وَمَنْ أَبَى؟ قَالَ: مَنْ أَطَاعَنِي دَخَلَ الْجَنَّةَ وَمَنْ عَصَانِي فقد أَبى " رَوَاهُ البُخَارِيّ . . .»
. . . سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: میری امت کا ہر شخص جنت میں داخل ہو گا مگر جس نے میرا انکار کیا (وہ نہیں داخل ہو گا) آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے دریافت کیا گیا وہ کون شخص ہے جس نے آپ کا انکار کیا؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس نے میری تابعداری کی وہ جنت میں داخل ہو گا اور جس نے میری نافرمانی کی اس نے میرا انکار کر دیا ہے۔ اس حدیث کو بخاری نے روایت کیا ہے۔ . . . [مشكوة المصابيح/كِتَاب الْإِيمَانِ: 143]

تخریج الحدیث:
[صحیح بخاری 7280]

فقہ الحدیث
➊ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت فرض ہے۔
➋ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی صحیح حدیث کا انکار کرنے والا شخص جنت سے محروم رہے گا۔
✿ ارشاد باری تعالی ہے:
«مَنْ يُطِعِ الرَّسُولَ فَقَدْ أَطَاعَ اللَّـهَ»
جس نے رسول کی اطاعت کی اس نے اللہ کی اطاعت کی۔ [النساء: 80]
درج بالا حدیث اس آیت کی تصدیق و بیان ہے۔ «والحمد لله»
➍ گناہ گار مسلمانوں کو نبی صلی اللہ علیہ و سلم کی امت سے خارج کرنا یا سمجھنا غلط ہے۔
➎ راجح یہی ہے کہ امت سے مراد امت اجابت ہے یعنی امت میں سے وہ لوگ جنت میں جائیں گے جنہوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم کا سچے دل سے کلمہ پڑھا ہے اور اسلام سے دور کرنے والے عقائد و اعمال سے اپنے آپ کو محفوظ رکھا ہے۔
➏ ہر وقت سنت کا دامن مضبوطی سے تھامنا اور بدعات سے بچنا ضروری ہے۔
   اضواء المصابیح فی تحقیق مشکاۃ المصابیح، حدیث/صفحہ نمبر: 143   
  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:7280  
7280. سیدنا ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: میری امت کے سب لوگ جنت میں داخل ہوں گے مگر کو انکار کرے گا۔ صحابہ کرام نے پوچھا: اللہ کے رسول! وہ کون ہے جو انکار کرے گا؟ آپ نے فرمایا: جس نے میری اطاعت کی وہ جنت میں داخل ہوگا اور جس نے میری نافرمانی کی تو اس کا یقیناً انکار کیا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:7280]
حدیث حاشیہ:

جوشخص قبول دعوت اور فرماں برادری سے رُک گیا اس نے انکار کیا، اسلام کا انکار کرنے والا، ہمیشہ جہنم میں رہے گا، البتہ ایمان کے بعد اگر کسی سے کوئی کوتاہی ہوگی تو وہ اپنی سزا بھگت بالآخر جنت میں داخل ہوگا۔
ایک حدیث میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
جس نے میری اطاعت کی، یقیناً اس نے اللہ کی اطاعت کی اور جس نے میری نافرمانی کی، اس نے اللہ کی نافرمانی کی۔
(صحیح البخاري، الأحکام، حدیث: 7137)

مطلب یہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم چونکہ اللہ تعالیٰ کے ایک مستند نمائندے ہیں، اس لیے ان کی اطاعت اور فرماں برداری ایک اتھارٹی کی حیثیت رکھتی ہے۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے:
جس نے رسول کی اطاعت کی تو یقیناً اس نے اللہ کی اطاعت کی۔
(النساء 4/80)
بہرحال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت اور پیروی انتہائی ضروری ہے۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی مخالفت پر سخت وعید بیان ہوئی ہے۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 7280