صحيح البخاري
أَبْوَابُ صِفَةِ الصَّلَاةِ -- کتاب: اذان کے مسائل کے بیان میں («صفة الصلوة»)
100. بَابُ الْجَهْرِ فِي الْعِشَاءِ:
باب: نماز عشاء میں بلند آواز سے قرآن پڑھنا۔
حدیث نمبر: 767
حَدَّثَنَا أَبُو الْوَلِيدِ، قَالَ: حَدَّثَنَا شُعْبَةُ، عَنْ عَدِيٍّ، قَالَ: سَمِعْتُ الْبَرَاءَ،" أَنّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ كَانَ فِي سَفَرٍ فَقَرَأَ فِي الْعِشَاءِ فِي إِحْدَى الرَّكْعَتَيْنِ بِالتِّينِ وَالزَّيْتُونِ".
ہم سے ابوالولید ہشام بن عبدالملک نے بیان کیا، کہا کہ ہم سے شعبہ نے بیان کیا عدی بن ثابت سے، انہوں نے بیان کیا کہ میں نے براء بن عازب سے سنا کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم سفر میں تھے کہ عشاء کی دو پہلی رکعات میں سے کسی ایک رکعت میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے «والتين والزيتون‏» پڑھی۔
  الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابي داود ، تحت الحديث 1221  
´سفر کی نماز میں قرآت مختصر کرنے کا بیان۔`
براء رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ ہم لوگ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ایک سفر میں نکلے آپ نے ہمیں عشاء پڑھائی اور دونوں رکعتوں میں سے کسی ایک رکعت میں «والتين والزيتون» پڑھی۔ [سنن ابي داود/كتاب صلاة السفر /حدیث: 1221]
1221۔ اردو حاشیہ:
امام کو چاہیے کہ اپنے مقتدیوں کے احوال کا خاص خیال رکھے ایسے ہی سفر میں نماز کی قرأت کو مختصر رکھنا مستحب ہے۔
   سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعدی، حدیث/صفحہ نمبر: 1221   
  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:767  
767. حضرت براء بن عازب ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے دوران سفر میں نماز عشاء کی دو رکعات میں سے ایک میں سورہ ﴿وَالتِّينِ وَالزَّيْتُونِ ﴿١﴾ ) پڑھی [صحيح بخاري، حديث نمبر:767]
حدیث حاشیہ:
(1)
سنن نسائی کی روایت میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے پہلی رکعت میں سورۂ والتین کی تلاوت فرمائی۔
چونکہ آپ سفر میں تھے اور دوران سفر میں تخفیف مطلوب ہوتی ہے، اس لیے آپ نے نماز عشاء میں چھوٹی چھوٹی سورتوں کی تلاوت فرمائی۔
اس سے پہلے حدیث ابو ہریرہ حضر پر محمول ہوگی کہ رسول اللہ ﷺ نے نماز عشاء میں اوساط مفصل سورتیں تلاوت کی تھیں۔
(فتح الباري: 324/2) (2)
یہ احادیث اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ نمازوں میں قراءت کی کوئی طے شدہ مقدار مقرر نہیں۔
امام کو چاہیے کہ وہ حالات وظروف کا لحاظ رکھتے قراءت کا تعین کرے، بہر حال مقتدی حضرات کا خیال رکھنا انتہائی ضروری ہے۔
(عمدة القاري: 472/4)
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 767