الحمدللہ ! قرآن پاک روٹ ورڈ سرچ اور مترادف الفاظ کی سہولت پیش کر دی گئی ہے۔

 
سنن ابن ماجه کل احادیث 4341 :حدیث نمبر
سنن ابن ماجه
کتاب: تیمم کے احکام و مسائل
Chapters: Dry Ablution
109. . بَابُ : الْجُنُبِ يَنْغَمِسُ فِي الْمَاءِ الدَّائِمِ أَيُجْزِئُهُ
109. باب: کیا جنبی کا ٹھہرے ہوئے پانی میں غوطہٰ لگا لینا کافی ہے؟
حدیث نمبر: 605
پی ڈی ایف بنائیں مکررات اعراب
حدثنا احمد بن عيسى ، وحرملة بن يحيى المصريان ، قالا: حدثنا بن وهب ، عن عمرو بن الحارث ، عن بكير بن عبد الله بن الاشج ، ان ابا السائب مولى هشام بن زهرة، حدثه انه سمع ابا هريرة ، يقول: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم:" لا يغتسل احدكم في الماء الدائم وهو جنب"، فقال: كيف يفعل يا ابا هريرة؟ قال: يتناوله تناولا.
حَدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ عِيسَى ، وَحَرْمَلَةُ بْنُ يَحْيَى الْمِصْرِيَّانِ ، قَالَا: حَدَّثَنَا بْنُ وَهْبٍ ، عَنْ عَمْرِو بْنِ الْحَارِثِ ، عَنْ بُكَيْرِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ الْأَشَجِّ ، أَنَّ أَبَا السَّائِبِ مَوْلَى هِشَامِ بْنِ زُهْرَةَ، حَدَّثَهُ أَنَّهُ سَمِعَ أَبَا هُرَيْرَةَ ، يَقُولُ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ:" لَا يَغْتَسِلْ أَحَدُكُمْ فِي الْمَاءِ الدَّائِمِ وَهُوَ جُنُبٌ"، فَقَالَ: كَيْفَ يَفْعَلُ يَا أَبَا هُرَيْرَةَ؟ قَالَ: يَتَنَاوَلُهُ تَنَاوُلًا.
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کوئی شخص ٹھہرے ہوئے پانی میں غسل جنابت نہ کرے، پھر کسی نے کہا: ابوہریرہ! تب وہ کیا کرے؟ کہا: اس میں سے پانی لے لے کر غسل کرے ۱؎۔

تخریج الحدیث: «‏‏‏‏صحیح مسلم/الطہارة 29 (283)، سنن النسائی/الطہارة 139 (221)، المیاہ 3 (332)، الغسل 1 (396)، (تحفة الأشراف: 14936) (صحیح)» ‏‏‏‏

وضاحت:
۱؎: ٹھہرے ہوئے پانی میں غوطہ لگانا منع ہے کیونکہ اس سے دوسرے لوگوں کو کراہت ہو گی، اس کا یہ مطلب نہیں کہ پانی ناپاک ہو جائے گا، اس لئے منع ہے کیونکہ پانی اگر دو قلہ سے زیادہ ہو تو وہ اس طرح کی نجاست سے ناپاک نہیں ہوتا۔

It was narrated from Bukair bin 'Abdullah bin Ashajj that: Abu Sa'ib, the freed slave of Hisham bin Zuhrah, told him that he heard Abu Hurairah say: "The Messenger of Allah said: 'No one of you should bathe in standing water when he is sexually impure.'" He (Abu Sa'ib) said: "What should he do, O Abu Hurairah?" He said: "Let him take some out (and pour it over himself)."
USC-MSA web (English) Reference: 0


قال الشيخ الألباني: صحيح

قال الشيخ زبير على زئي: صحيح مسلم
   صحيح البخاري239عبد الرحمن بن صخرلا يبولن أحدكم في الماء الدائم الذي لا يجري ثم يغتسل فيه
   صحيح مسلم657عبد الرحمن بن صخرلا تبل في الماء الدائم الذي لا يجري ثم تغتسل منه
   صحيح مسلم656عبد الرحمن بن صخرلا يبولن أحدكم في الماء الدائم ثم يغتسل منه
   جامع الترمذي68عبد الرحمن بن صخرلا يبولن أحدكم في الماء الدائم ثم يتوضأ منه
   سنن أبي داود69عبد الرحمن بن صخرلا يبولن أحدكم في الماء الدائم ثم يغتسل منه
   سنن أبي داود70عبد الرحمن بن صخرلا يبولن أحدكم في الماء الدائم ولا يغتسل فيه من الجنابة
   سنن النسائى الصغرى58عبد الرحمن بن صخرلا يبولن أحدكم في الماء الدائم ثم يغتسل منه
   سنن النسائى الصغرى221عبد الرحمن بن صخرلا يغتسل أحدكم في الماء الدائم وهو جنب
   سنن النسائى الصغرى222عبد الرحمن بن صخرلا يبولن أحدكم في الماء الراكد ثم يغتسل منه
   سنن النسائى الصغرى332عبد الرحمن بن صخرلا يغتسل أحدكم في الماء الدائم وهو جنب
   سنن النسائى الصغرى400عبد الرحمن بن صخرلا يبولن أحدكم في الماء الدائم الذي لا يجري ثم يغتسل منه
   سنن النسائى الصغرى399عبد الرحمن بن صخريبال في الماء الراكد ثم يغتسل منه
   سنن النسائى الصغرى398عبد الرحمن بن صخرأن يبال في الماء الدائم ثم يغتسل فيه من الجنابة
   سنن النسائى الصغرى396عبد الرحمن بن صخرلا يغتسل أحدكم في الماء الدائم وهو جنب
   سنن النسائى الصغرى57عبد الرحمن بن صخرلا يبولن أحدكم في الماء الدائم ثم يتوضأ منه
   سنن النسائى الصغرى397عبد الرحمن بن صخرلا يبولن الرجل في الماء الدائم ثم يغتسل منه أو يتوضأ
   سنن ابن ماجه605عبد الرحمن بن صخرلا يغتسل أحدكم في الماء الدائم وهو جنب
   سنن ابن ماجه344عبد الرحمن بن صخرلا يبولن أحدكم في الماء الراكد
   بلوغ المرام5عبد الرحمن بن صخرلا يغتسل احدكم في الماء الدائم وهو جنب
   مسندالحميدي999عبد الرحمن بن صخرلا يبولن أحدكم في الماء الدائم، ثم يغتسل منه
   مسندالحميدي1000عبد الرحمن بن صخرلا يبولن أحدكم في الماء الدائم الذي لا يجري ثم يغتسل منه

تخریج الحدیث کے تحت حدیث کے فوائد و مسائل
  علامه صفي الرحمن مبارك پوري رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث بلوغ المرام 5  
´کھڑا پانی اگر مقدار میں کم ہے تو پھر وہ ناپاک ہو جائے گا`
«. . . قال رسول الله صلى الله عليه وآله وسلم: ‏‏‏‏لا يغتسل احدكم في الماء الدائم وهو جنب . . .»
. . . رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم میں سے جو شخص حالت جنابت میں ہو وہ کھڑے (ساکن) پانی میں غسل نہ کرے . . . [بلوغ المرام/كتاب الطهارة: 5]

لغوی تشریح:
«الدَّائِمِ» ایسا ساکن جو بہتا نہ ہو۔
«جُنُبٌ» جیم اور نون کے ضمہ کے ساتھ ہے۔ جسے جنابت لاحق ہو جائے۔ جنابت ایسی کیفیت ہے جو جماع یا احتلام کی وجہ سے انزال کے بعد پیدا ہوتی ہے۔
«ثُمَّ يَغْتَسِلُ فِيهِ» اس میں «ثُمَّ» استبعاد، یعنی دوری ظاہر کرنے کے لیے ہے، یعنی عقل مند آدمی سے یہ بعید ہے کہ وہ ایسا کرے۔ اور «يَغْتَسِلُ» کے آخر میں پیش (رفع) بھی جائز ہے، مبتدا محذوف «ھُوَ» کی خبر ہونے کے اعتبار سے۔ اور سکون (جزم) بھی جائز ہے، اس صورت میں اس کا عطف «لَا یَبُولَنَّ» میں نہی کے محل پر ہو گا اور «اَنْ» مقدر ماننے کی صورت میں اس پر نصب (زبر) بھی جائز ہے۔

فوائد ومسائل:
➊ مسلم کی روایت میں «فِیهِ» کی جگہ «مِنْهُ» ہے۔ اگر «فِیهِ» ہو تو اس سے مراد ہے کہ اس پانی میں داخل ہونا اور غوطہ لگانا منع ہے۔ اور «مِنْهُ» ہو تو اس سے مراد ہے کہ اس میں سے کسی برتن میں پانی لے کر الگ طور پر غسل کرنے کی بھی نہی ہے۔ بہر حال صحیح مسلم کی روایت سے صرف غسل کرنے کی ممانعت نکلتی ہے اور صحیح بخاری کی روایت میں اس میں پیشاب کرنے اور اس میں غسل کرنے دونوں کے جمع کرنے کی ممانعت ہے جبکہ ابوداؤد کی روایت کی رو سے دونوں کی انفرادی طور پر بھی ممانعت ہے، یعنی اس میں پیشاب کرنا بھی ممنوع ہے اور اس پانی میں سے کچھ لے کر نہانا دونوں کی ممانعت ہے۔ تمام روایات سے حاصل یہ ہوا کہ یہ تمام عمل ہی ممنوع ہیں۔
➋ یہ اس بنا پر ہے کہ کھڑا پانی اگر مقدار میں کم ہے تو پھر وہ ناپاک ہو جائے گا اور کثیر مقدار میں ہے تو یکے بعد دیگرے پیشاب اور غسل کرنا پانی کے اوصاف میں تغیر و تبدل کا موجب ہو گا، چنانچہ نہی تحریم کے لئے ہے جبکہ پانی کم مقدار میں ہو اور جب پانی مقدار میں کثیر ہو تو پھر نہی تنزیہی ہے کیونکہ کثیر مقدار والا پانی رواں اور جاری کے حکم میں ہوتا ہے اور وہ ناپاک ونجس نہیں ہوتا۔
   بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث\صفحہ نمبر: 5   
  الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث سنن ابي داود 70  
´کوئی بھی ٹھہرے ہوئے پانی میں ہرگز پیشاب نہ کرے`
«. . . قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: لَا يَبُولَنَّ أَحَدُكُمْ فِي الْمَاءِ الدَّائِمِ وَلَا يَغْتَسِلُ فِيهِ مِنَ الْجَنَابَةِ . . .»
. . . رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم میں سے کوئی شخص ٹھہرے ہوئے پانی میں ہرگز پیشاب نہ کرے اور نہ ہی اس میں جنابت کا غسل کرے . . . [سنن ابي داود/كِتَاب الطَّهَارَةِ: 70]
فوائد و مسائل:
➊ حوض اور تالاب کے پانی کو پاک صاف رکھنا ازحد ضروری ہے، کیونکہ یہ عوام الناس کی بنیادی ضرورتوں میں سے ہے۔
➋ مستعمل پانی اگرچہ پاک رہتا ہے مگر گندا تو ضرور ہو جاتا ہے۔ نہانے کی ضرورت ہو تو الگ ہو کر نہانا چاہیے۔ لوگ اس میں اگر پیشاب کرنا شروع کر دیں تو یقیناً ناپاک ہو جائے گا۔
   سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعدی، حدیث\صفحہ نمبر: 70   
  حافظ عمران ايوب لاهوري حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري 239  
´ ٹھہرے ہوئے پانی میں پیشاب کرنا منع ہے `
«. . . قَالَ: لَا يَبُولَنَّ أَحَدُكُمْ فِي الْمَاءِ الدَّائِمِ الَّذِي لَا يَجْرِي، ثُمَّ يَغْتَسِلُ فِيهِ . . .»
. . . فرمایا کہ تم میں سے کوئی ٹھہرے ہوئے پانی میں جو جاری نہ ہو پیشاب نہ کرے، پھر اسی میں غسل کرنے لگے . . . [صحيح البخاري/كِتَاب الْوُضُوءِ/بَابُ الْبَوْلِ فِي الْمَاءِ الدَّائِمِ: 239]

تخريج الحديث:
[161۔ البخاري فى: 4 كتاب الوضوء: 68 باب البول فى الماء الدائم 239، مسلم 282، دارمي 730]
لغوی توضیح:
«لَا يَبُوْلَنَّ» ہرگز پیشاب نہ کرے۔
«الدَّائِم» ساکن اور ٹھہرنے والی چیز۔
فھم الحدیث:
معلوم ہوا کہ کھڑے پانی میں پیشاب کرنا، یا پیشاب کے بعد اس میں غوطہ لگا کر نہانا ممنوع و ناجائز ہے۔ شیخ عبداللہ بسام رحمہ اللہ کا کہنا ہے کہ ممانعت کا ظاہر یہی ہے کہ خواہ پانی کم ہو یا زیادہ یہ عمل حرام ہے۔ [توضيح الأحكام شرح بلوغ المرام 129/1]
   جواہر الایمان شرح الولووالمرجان، حدیث\صفحہ نمبر: 161   
  حافظ عمران ايوب لاهوري حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث بلوغ المرام 5  
«ومتحرك و ساكن»
متحرک و ساکن پانی کے درمیان کوئی فرق نہیں۔
جمہور علماء اسی کے قائل ہیں۔ [الروضة الندية 66/1]
جن علماء نے مندرجہ ذیل حدیث سے استدلال کرتے ہوئے متحرک اور ساکن پانی کے درمیان فرق کیا ہے اور کہا ہے کہ کھڑا پانی مجرد نجاست گرنے سے ہی ناپاک ہو جاتا ہے اگرچہ اس کے اوصاف ثلثہ میں سے کوئی تبدیل ہو یا نہ ہو اور یہ کہ اس حدیث میں منع کا سبب یہ ہے کہ جب کھڑے پانی میں غسل کیا جائے گا تو وہ مستعمل ہو جائے گا اور مستعمل پانی مطہر نہیں ہوتا، ان کی یہ بات درست نہیں بلکہ باطل و بےبنیاد ہے کیونکہ اس کے اثبات میں کوئی شرعی دلیل موجود نہیں۔ لہٰذا پانی اپنی اصل (طہارت) پر ہی باقی رہے گا جب تک کہ اس کے اوصاف ثلثہ میں سے کوئی متغیر نہ ہو جائے اور باقی رہی یہ حدیث تو اس میں صرف کھڑے پانی میں پیشاب یا غسل کی ممانعت ہے اور پیشاب کرنے والے کے لیے اس سے غسل یا وضو کی ممانعت ہے۔ اس کے علاوہ وہ شخص اس پانی سے فائدہ حاصل کر سکتا ہے اور پیشاب کرنے والے کے علاوہ کسی دوسرے شخص کے لیے اس سے غسل اور وضو کرنا جائز ومباح ہے۔ [المحلى بالآثار 186/1، الأحكام لابن حزم 21/1]
کھڑے پانی سے غسل کا طریقہ یہ ہو گا کہ کسی برتن کے ذریعے پانی باہر نکال کر اس سے غسل کیا جائے جیسا کہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے بیان کیا ہے۔ «يَتَنَاوَلُهُ تَنَاوُلًا» [صحيح مسلم/ فواد: 283، دارالسلام: 658]
(البانی) اسی کو ترجیح دیتے ہوئے رقمطراز ہیں کہ حدیث میں صرف جنبی کے لیے کھڑے پانی میں غوطہ (لگا کر غسل کرنے) کی ممانعت ہے جبکہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کے کلام سے پتہ چلتا ہے کہ پانی کو باہر نکال کر اس سے طہارت حاصل کرنا درست ہے۔ [التعليقات الرضية على الروضة الندية 98/1]
مطلوبہ احادیث درج ذیل ہیں:
❀ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
«لَا يَبُولَنَّ أَحَدُكُمْ فِي الْمَاءِ الدَّائِمِ الَّذِي لَا يَجْرِي، ثُمَّ يَغْتَسِلُ فِيهِ»
تم میں سے کوئی بھی کھڑے پانی میں پیشاب نہ کرے اور پھر اس میں غسل کرے۔ [صحيح البخاري/ ح: 239]
❀ جامع ترمذی میں یہ لفظ ہیں:
«ثُمَّ يَتَوَضَّأُ مِنْهُ» پھر اس سے وضو کرے۔ [سنن ترمذي/ ح: 68]
❀ سنن ابی داود اور مسند احمد میں ہیں:
«لَا يَبُولَنَّ أَحَدُكُمْ فِي الْمَاءِ الدَّائِمِ وَلَا يَغْتَسِلُ فِيهِ مِنَ الْجَنَابَةِ»
تم میں سے کوئی بھی کھڑے پانی میں پیشاب نہ کرے اور نہ ہی اس میں غسل جنابت کرے۔ [سنن ابي داود/ ح: 70]
❀ حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ
«أَنَّهُ نَهَى أَنْ يُبَالَ فِي الْمَاءِ الرَّاكِدِ»
نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے کھڑے پانی میں پیشاب سے منع فرمایا ہے۔ [صحيح مسلم/ فواد: 281، دارالسلام: 655]
❀ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ایک روایت میں مرفوعاً یہ الفاظ بھی موجود ہیں:
«لَا يَغْتَسِلْ أَحَدُكُمْ فِي الْمَاءِ الدَّائِمِ وَهُوَ جُنُبٌ»
تم میں سے کوئی بھی حالت جنابت میں کھڑے پانی میں غسل نہ کرے۔ [صحيح مسلم/ فواد:283، دارالسلام: 658] ۱؎
(علامہ عینی) فرماتے ہیں کہ یہ حدیث عام ہے اور اسے بالاتفاق خاص کرنا ضروری ہے (یا تو) ایسے وسیع الظرف پانی کے ساتھ جس کے ایک کنارے کو حرکت دینے سے دوسرا کنارہ متحرک نہ ہو یا حدیث قلتین کے ساتھ جیسا کہ امام شافی رحمہ اللہ کے قائل ہیں یا ایسی عمومات کے ساتھ جو پانی کے اس وقت تک پاک ہونے پر دلالت کرتی ہیں جب تک کہ اس کے اوصاف ثلثہ میں سے کوئی تبدیل نہ ہو جائے جیسا کہ امام مالک رحمہ اللہ کا یہی موقف ہے۔ [عمدة القاري 50/3]
(شوکانی) اس حدیث میں شارع علیہ السلام کی طرف سے ایسا کوئی بیان نہیں ہے کہ ممانعت کا سبب یہ ہے کہ پانی مستعمل ہو جائے گا اور مستعمل پانی مطہر نہیں ہوتا۔ بلکہ زیادہ سے زیادہ اس سے جو اخذ کیا جا سکتا ہے وہ یہ ہے کہ اس میں منع کا سبب (اس میں پیشاب یا غسل کرنے کے ساتھ) اس کے کھڑا رہنے کی وجہ سے اس کے خراب ہونے کا اندیشہ ہے۔ [السيل الجرار 57/1]
(ابن حزم) ان لوگوں کا یہ کہنا کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے جنبی کو کھڑے پانی میں داخل ہونے سے اس لیے منع فرمایا ہے کہ کہیں پانی مستعمل نہ ہو جائے باطل ہے۔ [المحلی 186/1]
(نووی) کھڑے پانی میں داخل ہو کر جنبی شخص کے غسل کرنے سے ممانعت کی حدیث اس عمل کے مکروہ تنزیہی ہونے کی دلیل ہے۔ [شرح مسلم 189/3]
جاری پانی کے متعلق مختلف اقوال ہیں۔
➊ جسے عرف میں جاری تسلیم کیا جاتا ہو۔
➋ جس میں خشک تنکے بہ جائیں۔
➌ پانی اس قدر ہو کہ وضو کرنے والے کے دوبارہ چلو بھرنے پر پہلے پانی کے بجائے (چلنے کی وجہ سے) نیا پانی ہاتھ لگے۔ [فتح القدير 83/1]
(را جح) پہلا قول را جح ہے۔
* * * * * * * * * * * * * *

   فقہ الحدیث، جلد اول، حدیث\صفحہ نمبر: 133   
  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث 57  
´ٹھہرے ہوئے پانی کا بیان۔`
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ رسول اللہ صلی الله علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم میں سے کوئی شخص ٹھہرے ہوئے پانی میں پیشاب نہ کرے، پھر اسی سے وضو کرے۔‏‏‏‏ [سنن نسائي/ذكر الفطرة/حدیث: 57]
57۔ اردو حاشیہ:
➊ گویا اس روایت میں عوف کے دو استاذ ہیں، محمد بن سیرین اور خلاس اور یہ دونوں حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے یہ حدیث بیان کرتے ہیں۔
➋ ٹھہرے پانی میں پیشاب کرنے سے اس لیے منع کیا تھا کہ یہ پانی کی نجاست کا سبب بن سکتا ہے کیونکہ بار بار پیشاب کرنے یا کئی اشخاص کے پیشاب کرنے سے پانی کا رنگ، بو یا ذائقہ بدل سکتا ہے۔ اس طرح پانی ناقابل استعمال ہو جائے گا۔ وضو اور غسل کرنے والوں کو دقت پیش آئے گی۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث\صفحہ نمبر: 57   
  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث 58  
´ٹھہرے ہوئے پانی کا بیان۔`
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم میں سے کوئی شخص ہرگز ٹھہرے ہوئے پانی میں پیشاب نہ کرے، پھر اسی سے غسل کرے۔ ‏‏‏‏ابو عبدالرحمٰن (امام نسائی) نے فرمایا: (میرے استاذ) یعقوب بن ابراہیم یہ حدیث دینار لیے بغیر بیان نہیں کرتے تھے۔ [سنن نسائي/ذكر الفطرة/حدیث: 58]
58۔ اردو حاشیہ: تعلیم حدیث پر اجرت لینے کے بارے میں اہل علم میں اختلاف ہے۔ بعض کے نزدیک اجرت لینا جائز نہیں اور بعض اسے جائز سمجھتے ہیں۔ خصوصاً جب محدث تدریس حدیث کے علاوہ کوئی دوسرا کام نہ کرے۔ یعقوب دو رقی کے نزدیک اس پر اجرت لینا جائز ہے، اس لیے وہ یہ حدیث بیان کرنے پر اجرت لیتے تھے۔ اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے فرمان: «إن أحق ما أخذتم عليه اجرا كتاب الله» بے شک جن چیزوں پر تم اجرت لے سکتے ہو، ان میں سب سے زیادہ اس کی مستحق اللہ کی کتاب ہے۔ [صحیح البخاري، الطب، حدیث: 5737]
سے بھی اس کا جواز ثابت ہوتا ہے، لہٰذا ضرورت کے پیش نظر تدریس حدیث پر اجرت لینے میں کوئی حرج نہیں۔ لیکن بلاضرورت اور کشائش کے باوجود اس کی حرص و طمع رکھنا اخلاص کے منافی ہے، لہٰذا اس سے اجتناب کرنا چاہیے۔ واللہ أعلم۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث\صفحہ نمبر: 58   
  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث 398  
´ٹھہرے ہوئے پانی میں جنبی کے غسل کرنے کی ممانعت کا بیان۔`
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے منع فرمایا کہ ٹھہرے ہوئے پانی میں پیشاب کیا جائے پھر اس میں جنابت کا غسل کیا جائے۔ [سنن نسائي/كتاب الغسل والتيمم/حدیث: 398]
398۔ اردو حاشیہ: ٹھہرا پانی وضو یا غسل کے کام آسکتا ہے اور یہی اس کا اصل مقصود اور استعمال ہے، لہٰذا اسے پیشاب کر کے ناقابل استعمال نہیں بنانا چاہیے کیونکہ اجازت عامہ کی صورت میں آخر وہ پانی متعفن ہو ہی جائے گا۔ مزید تفصیل کے لیے دیکھیے: (کتاب المیاہ کا ابتدائیہ اور حدیث: 35، 221، 222 کے فوائدومسائل)
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث\صفحہ نمبر: 398   
  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث 400  
´ٹھہرے ہوئے پانی میں جنبی کے غسل کرنے کی ممانعت کا بیان۔`
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ تم میں سے کوئی ٹھہرے ہوئے پانی میں جو بہتا نہ ہو ہرگز پیشاب نہ کرے، پھر اسی سے غسل بھی کرے۔ [سنن نسائي/كتاب الغسل والتيمم/حدیث: 400]
400۔ اردو حاشیہ:
➊ دراصل حضرت ہشام بن حساب اس حدیث کو مرفوع بیان فرماتے تھے اور حضرت ایوب اسے موقوف (حضرت ابوہریرہ کا اپنا فرمان) بیان کرتے تھے، اس لیے شاگردوں نے حضرت ہشام سے وضاحت طلب کی۔ جواب کا حاصل یہ ہے کہ یہ روایت مرفوع ثابت ہے۔ حضرت ایوب کا اسے موقوف بیان کرنا ان کی احتیاط ہے۔ بہت سے محدثین حدیث کو مرفوع بیان کرنے سے ڈرا کرتے تھے کہ کہیں کوئی غلط بات آپ کی طرف منسوب نہ ہو جائے، اس لیے وہ تابعی، صحابی تک رک جایا کرتے تھے۔ مگر یہ ضرورت سے زیادہ احتیاط ہے، اس لیے اس سے روایت کی صحت میں کوئی شک نہیں ہونا چاہیے۔
➋ یہ دراصل نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے جسے ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے نقل فرمایا۔ کسی راوی نے اسے انہیں کی طرف منسوب کر دیا۔ دوسرے راویوں سے بلاشک و شبہ یہ فرمان رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف منسوب بیان ہوا ہے۔
➌ عربی الفاظ میں «الْمَاءُ الدَّائِمُ» کے ساتھ «الَّذِي لَا يَجْرِي» کی قید مزید وضاحت کے لیے ہے۔
➍جاری پانی میں، جبکہ شدید حاجت ہو، پیشاب کیا جا سکتا ہے کیونکہ وہاں نجاست پانی کے ساتھ ہی آگے چلی جائے گی، بلکہ تحلیل ہو جائے گی اور تعفن پیدا نہیں ہو گا، تاہم جہاں تک ہو سکے بچنا ہی بہتر ہے۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث\صفحہ نمبر: 400   
  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث 221  
´ٹھہرے ہوئے پانی میں جنبی کے غسل کرنے کی ممانعت کا بیان۔`
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم میں سے کوئی شخص ٹھہرے ہوئے پانی میں جنبی ہونے کی حالت میں غسل نہ کرے۔‏‏‏‏ [سنن نسائي/ذكر ما يوجب الغسل وما لا يوجبه/حدیث: 221]
221۔ اردو حاشیہ:
➊ ٹھہرے پانی میں داخل ہو کر جنبی کا نہانا پانی کو ناقابل استعمال بنا سکتا ہے۔ اگرچہ ایک آدمی کے نہانے سے رنگ، بو اور ذائقے میں تبدیلی نہیں ہو گی مگر اجازت کی صورت میں تو جتنے آدمی بھی چاہیں، نہا سکتے ہیں۔ اس طرح رنگ، بو اور ذائقہ بدلنے کا امکان پیدا ہو جاتا ہے۔
➋ نجاست سے قطع نظر پینے والوں کے لیے اس پانی کا استعمال طبعاً گوارا نہ ہو گا جس میں جنبی لوگ نجاست سمیت نہاتے ہوں۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث\صفحہ نمبر: 221   
  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث 222  
´ٹھہرے ہوئے پانی میں پیشاب کرنا اور اس سے غسل کرنا منع ہے۔`
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم میں سے کوئی شخص ٹھہرے ہوئے پانی میں پیشاب نہ کرے، پھر یہ کہ اسی سے غسل بھی کرے ۱؎۔ [سنن نسائي/ذكر ما يوجب الغسل وما لا يوجبه/حدیث: 222]
222۔ اردو حاشیہ:
جب ٹھہرے پانی میں جنبی کا غسل کرنا درست نہیں، تو اس میں پیشاب کرنا تو بدرجہ اولیٰ منع ہو گا، خواہ بعد میں غسل کرے یا نہ کرے، کیونکہ کوئی اور آدمی بھی تو غسل کر سکتا ہے۔ غسل کا ذکر تو تقبیح کے لیے ہے، یعنی یہ تصور کیسا قبیح ہو گا کہ وہیں پیشاب کیا ہو اور وہیں غسل شروع کر دے، خواہ یہ شخص کرے یا کوئی اور، بہرحال اس حدیث سے کھڑے پانی میں پیشاب کرنے کی حرمت ثابت ہوتی ہے۔ مزید دیکھیے: [حديث: 35]
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث\صفحہ نمبر: 222   
  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث 332  
´ٹھہرے ہوئے پانی میں جنبی کے غسل کرنے کی ممانعت کا بیان۔`
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم میں سے کوئی شخص ٹھہرے ہوئے پانی میں غسل نہ کرے اس حال میں کہ وہ جنبی ہو۔‏‏‏‏ [سنن نسائي/كتاب المياه/حدیث: 332]
332۔ اردو حاشیہ: دیکھیے سنن نسائی حدیث: 35، 221 اور 222 اور ان کے فوائد و مسائل۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث\صفحہ نمبر: 332   
  مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث605  
´کیا جنبی کا ٹھہرے ہوئے پانی میں غوطہٰ لگا لینا کافی ہے؟`
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کوئی شخص ٹھہرے ہوئے پانی میں غسل جنابت نہ کرے، پھر کسی نے کہا: ابوہریرہ! تب وہ کیا کرے؟ کہا: اس میں سے پانی لے لے کر غسل کرے ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/أبواب التيمم/حدیث: 605]
اردو حاشہ:
(1)
  ٹھہرے ہوئے پانی میں غسل کرے سے ممانعت میں یہ حکمت ہے کہ اگر اس میں ایک کے بعد دوسرا آدمی غسل کرے گا تو وہ جلد ہی ناقابل استعمال ہوجائے گا۔
جب کہ الگ پانی لے کر نہانے سے باقی پانی صاف ستھرا رہے گا اور دوسرے لوگ اس سے فائدہ حاصل کرسکیں گے۔

(2)
یہ اسلام کی خوبی ہے کہ طہارت و نظافت میں ان آداب کی طرف رہنمائی کی ہے جن کی عام طور پر توجہ مبذول نہیں ہوتی۔
   سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث\صفحہ نمبر: 605   
  الشیخ ڈاکٹر عبد الرحمٰن فریوائی حفظ اللہ، فوائد و مسائل، سنن ترمذی، تحت الحديث 68  
´ٹھہرے ہوئے پانی میں پیشاب کرنے کی کراہت کا بیان۔`
ابوہریرہ رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی الله علیہ وسلم نے فرمایا: تم میں سے کوئی آدمی ٹھہرے ہوئے پانی ۱؎ میں پیشاب نہ کرے پھر اس سے وضو کرے۔‏‏‏‏ [سنن ترمذي/كتاب الطهارة/حدیث: 68]
اردو حاشہ:
1؎:
ٹھہرے ہوئے پانی سے مراد ایسا پانی ہے جو دریا کی طرح جاری نہ ہو جیسے حوض اور تالاب وغیرہ کا پانی،
ان میں پیشاب کرنا منع ہے تو پاخانہ کرنا بطریق اولیٰ منع ہوگا،
یہ پانی کم ہو یا زیادہ اس میں نجاست ڈالنے سے بچنا چاہئے تاکہ اس میں مزید بدبو نہ ہو،
ٹھہرے ہوئے پانی میں ویسے بھی سرانڈ پیدا ہو جاتی ہے،
اگر اس میں نجاست (گندگی) ڈال دی جائے تو اس کی سرانڈ بڑھ جائے گی اور اس سے اس کے آس پاس کے لوگوں کو تکلیف پہنچے گی۔
   سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث\صفحہ نمبر: 68   


http://islamicurdubooks.com/ 2005-2023 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to www.islamicurdubooks.com will be appreciated.