الحمدللہ ! قرآن پاک روٹ ورڈ سرچ اور مترادف الفاظ کی سہولت پیش کر دی گئی ہے۔

 
صحيح البخاري کل احادیث 7563 :حدیث نمبر
صحيح البخاري
کتاب: اخلاق کے بیان میں
The Book of Al-Adab (Good Manners)
44. بَابُ مَا يُنْهَى مِنَ السِّبَابِ وَاللَّعْنِ:
44. باب: گالی دینے اور لعنت کرنے کی ممانعت۔
(44) Chapter. What is forbidden as regards calling bad names and cursing.
حدیث نمبر: 6049
پی ڈی ایف بنائیں مکررات اعراب English
حدثنا مسدد، حدثنا بشر بن المفضل، عن حميد، قال: قال انس، حدثني عبادة بن الصامت، قال: خرج رسول الله صلى الله عليه وسلم ليخبر الناس بليلة القدر فتلاحى رجلان من المسلمين، قال النبي صلى الله عليه وسلم:" خرجت لاخبركم فتلاحى فلان وفلان وإنها رفعت، وعسى ان يكون خيرا لكم، فالتمسوها في التاسعة والسابعة والخامسة".حَدَّثَنَا مُسَدَّدٌ، حَدَّثَنَا بِشْرُ بْنُ الْمُفَضَّلِ، عَنْ حُمَيْدٍ، قَالَ: قَالَ أَنَسٌ، حَدَّثَنِي عُبَادَةُ بْنُ الصَّامِتِ، قَالَ: خَرَجَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ لِيُخْبِرَ النَّاسَ بِلَيْلَةِ الْقَدْرِ فَتَلَاحَى رَجُلَانِ مِنَ الْمُسْلِمِينَ، قَالَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ:" خَرَجْتُ لِأُخْبِرَكُمْ فَتَلَاحَى فُلَانٌ وَفُلَانٌ وَإِنَّهَا رُفِعَتْ، وَعَسَى أَنْ يَكُونَ خَيْرًا لَكُمْ، فَالْتَمِسُوهَا فِي التَّاسِعَةِ وَالسَّابِعَةِ وَالْخَامِسَةِ".
ہم سے مسدد نے بیان کیا، کہا ہم سے بشر بن مفضل نے بیان کیا، ان سے حمید نے بیان کیا، ان سے انس رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ مجھ سے عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ نے کہا، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم لوگوں کو لیلۃ القدر کی بشارت دینے کے لیے حجرے سے باہر تشریف لائے، لیکن مسلمانوں کے دو آدمی اس وقت آپس میں کسی بات پر لڑنے لگے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ میں تمہیں (لیلۃ القدر کے متعلق) بتانے کے لیے نکلا تھا لیکن فلاں فلاں آپس میں لڑنے لگے اور (میرے علم سے) وہ اٹھا لی گئی۔ ممکن ہے کہ یہی تمہارے لیے اچھا ہو۔ اب تم اسے 29 رمضان اور 27 رمضان اور 25 رمضان کی راتوں میں تلاش کرو۔

Narrated 'Ubada bin As-Samit: Allah's Apostle went out to inform the people about the (date of the Night of decree (Al-Qadr). There happened a quarrel between two Muslim men. The Prophet said, "I came out to inform you about the Night of Al-Qadr, but as so-and-so and so-and-so quarrelled, so the news about it had been taken away; and may be it was better for you. So look for it in the ninth, the seventh, or the fifth (of the last ten days of Ramadan).
USC-MSA web (English) Reference: Volume 8, Book 73, Number 75

   صحيح البخاري49أنس بن مالكخرجت لأخبركم بليلة القدر وإنه تلاحى فلان وفلان فرفعت وعسى أن يكون خيرا لكم التمسوها في السبع والتسع والخمس
   صحيح البخاري6049أنس بن مالكلأخبركم فتلاحى فلان وفلان وإنها رفعت وعسى أن يكون خيرا لكم فالتمسوها في التاسعة والسابعة والخامسة
   صحيح البخاري2023أنس بن مالكالتمسوها في التاسعة والسابعة والخامسة
   موطا امام مالك رواية ابن القاسم270أنس بن مالكإني اريت هذه الليلة حتى تلاحى رجلان فرفعت، فالتمسوها فى التاسعة والسابعة والخامسة

تخریج الحدیث کے تحت حدیث کے فوائد و مسائل
  حافظ زبير على زئي رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث موطا امام مالك رواية ابن القاسم 270  
´لیلۃ القدر رمضان کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں ہوتی ہے`
«. . . خرج علينا رسول الله صلى الله عليه وسلم فى رمضان فقال: إني اريت هذه الليلة حتى تلاحى رجلان فرفعت، فالتمسوها فى التاسعة والسابعة والخامسة . . .»
. . . روایت ہے کہ رمضان میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہمارے پاس تشریف لائے تو فرمایا: مجھے آج رات (لیلتہ القدر) دکھائی گئی تھی حتیٰ کہ دو آدمی جھگڑ پڑے تو اسے اٹھا لیا گیا لہٰذا اسے نویں، ساتویں اور پانچویں (راتوں)میں تلاش کرو . . . [موطا امام مالك رواية ابن القاسم: 270]

تخریج الحدیث:
[وأخرجه النسائي فى السنن الكبريٰ 3396، من حديث مالك به ورواه البخاري 2023، من حديث حميد الطّويل: حدثني أنس عن عبادة بن الصامت به وسنده صحيح]

تفقه:
➊ لیلۃ القدر کے بارے میں راجح یہی ہے کہ رمضان کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں ہوتی ہے۔ یہ رات ہر رمضان میں ہوتی ہے۔
➋ مسلمانوں کا آپس میں جھگڑنا سخت نقصان کا باعث ہے اور دنیا وآخرت کے خسارے کا بھی امکان ہے اِلا یہ کہ اللہ تعالیٰ معاف فرما دے۔
➌ حافظ ابن عبدالبر نے کہا: اس باب میں آثار اس پر دلالت کرتے ہیں کہ اس رات «ليلة القدر» کی کوئی خاص علامت نہیں ہوتی جس سے اس کی حقیقی معرفت کا یقین ہو جیسا کہ عوام کہتے ہیں۔ [التمهيد 2/212]
● لیکن یاد رہے کہ صحیح حدیث سے ثابت ہے کہ اس رات کے بعد والی صبح میں سورج اس طرح طلوع ہوتا ہے کہ اُس کی شعاعیں نہیں ہوتیں۔
➍ عوام میں جو مشہور ہے کہ لیلۃ القدر کو درخت سجدہ کرتے ہیں۔ وغیرہ، ان کی کوئی اصل صحیح احادیث سے ثابت نہیں ہے۔
   موطا امام مالک روایۃ ابن القاسم شرح از زبیر علی زئی، حدیث\صفحہ نمبر: 148   
  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري 49  
´شب قدر رمضان کے آخری عشرہ کی طاق راتوں میں سے ایک پوشیدہ رات ہے `
«. . . أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ خَرَجَ يُخْبِرُ بِلَيْلَةِ الْقَدْرِ، فَتَلَاحَى رَجُلَانِ مِنَ الْمُسْلِمِينَ، فَقَالَ:" إِنِّي خَرَجْتُ لِأُخْبِرَكُمْ بِلَيْلَةِ الْقَدْرِ، وَإِنَّهُ تَلَاحَى فُلَانٌ وَفُلَانٌ، فَرُفِعَتْ وَعَسَى أَنْ يَكُونَ خَيْرًا لَكُمُ، الْتَمِسُوهَا فِي السَّبْعِ وَالتِّسْعِ وَالْخَمْسِ . . .»
. . . نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اپنے حجرے سے نکلے، لوگوں کو شب قدر بتانا چاہتے تھے (وہ کون سی رات ہے) اتنے میں دو مسلمان آپس میں لڑ پڑے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا، میں تو اس لیے باہر نکلا تھا کہ تم کو شب قدر بتلاؤں اور فلاں فلاں آدمی لڑ پڑے تو وہ میرے دل سے اٹھا لی گئی اور شاید اسی میں کچھ تمہاری بہتری ہو۔ (تو اب ایسا کرو کہ) شب قدر کو رمضان کی ستائیسویں، انتیسویں و پچیسویں رات میں ڈھونڈا کرو . . . [صحيح البخاري/كِتَاب الْإِيمَانِ: 49]

تشریح:
اس حدیث سے بھی حضرت امام بخاری رحمہ اللہ کا مقصود مرجیہ کی تردید کرتے ہوئے یہ بتلانا ہے کہ نیک اعمال سے ایمان بڑھتا ہے اور گناہوں سے گھٹتا ہے۔

شب قدر کے بارے میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ وہ رمضان کے آخری عشرہ کی طاق راتوں میں سے ایک پوشیدہ رات ہے اور وہ ہر سال ان تواریخ میں گھومتی رہتی ہے، جو لوگ شب قدر کو ستائیسویں شب کے ساتھ مخصوص سمجھتے ہیں، ان کا خیال صحیح نہیں۔

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ:
حدیث 45 میں اور اسی طرح بہت سی مرویات میں حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کا نام بار بار آتا ہے لہٰذا ان کے مختصر حالات جاننے کے لیے یہ کافی ہے کہ آپ علم حدیث کے سب سے بڑے حافظ اور اساطین میں شمار ہیں، صاحب فتویٰ ائمہ کی جماعت میں بلند مرتبہ رکھتے تھے۔ علمی شوق میں سارا وقت صحبت نبوی میں گزارتے تھے دعائیں بھی ازدیاد علم ہی کی مانگتے تھے، نشر حدیث میں بھی اتنے ہی سرگرم تھے، مرویات کی تعداد 5374 تک پہنچی ہوئی ہے۔ جن میں 325 متفق علیہ ہیں، فقہ میں بھی کامل دستگاہ حاصل تھی۔ عربی کے علاوہ فارسی و عبرانی بھی جانتے تھے، مسائل توارۃ سے بھی پوری واقفیت تھی۔

خشیت ربانی کا یہ عالم تھا کہ احتساب قیامت کے ذکر پر چیخ مار کر بےہوش ہو جاتے تھے، ایک مرتبہ مخصوص طور پر یہ حدیث سنائی جس کے دوران میں کئی مرتبہ بےہوش ہوئے۔
حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ سے فرمایا کہ بروز قیامت سب سے پہلے عالم قرآن، شہید اور دولت مند فیصلہ کے لیے طلب ہوں گے، اول الذکر سے پوچھا جائے گا کہ میں نے تجھے علم قرآن عطا کیا، اس پر تو نے عمل بھی کیا؟ جواب دے گا شبانہ روز تلاوت کرتا رہتا تھا۔ فرمائے گا، جھوٹ بولتا ہے، تو اس لیے تلاوت کرتا تھا کہ قاری کا خطاب مل جائے، مل گیا۔ دولت مند سے سوال ہو گا کہ میں نے تجھے دولت مند بنا کر دوسروں کی دست نگری سے بے نیاز نہیں کیا تھا؟ اس کا بدلا کیا دیا؟ عرض کرے گا صلہ رحمی کرتا تھا، صدقہ دیتا تھا۔ ارشاد ہو گا، جھوٹ بولتا ہے مقصد تو یہ تھا کہ سخی مشہور ہو جائے، وہ ہو گیا۔ شہید سے سوال ہوگا۔ وہ کہے گا کہ الٰہ العالمین میں تو تیرے حکم جہاد ہی کے تحت لڑا، یہاں تک کہ تیری راہ میں مارا گیا۔ حکم ہو گا غلط ہے، تیری نیت تو یہ تھی کہ دنیا میں شجاع و جری مشہور ہو جائے، وہ مقصد حاصل ہو گیا۔ ہمارے لیے کیا کیا؟ یہ حدیث بیان کر کے حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے میرے زانو پر ہاتھ مار کر ارشاد فرمایا کہ سب سے پہلے انہیں تینوں سے جہنم کی آگ بھڑکائی جائے گی۔ [ترمذی، ابواب الزہد]

شوق عبادت، گھر میں ایک بیوی اور ایک خادم تھا، تینوں باری باری تہائی تہائی شب مصروف عبادت رہتے تھے بعض اوقات پوری پوری راتیں نماز میں گزار دیتے۔ آغاز ماہ میں تین روزے التزام کے ساتھ رکھتے، ایک روز تکبیر کی آواز سن کر ایک صاحب نے پوچھا تو فرمایا کہ اللہ کا شکر ادا کر رہا ہوں کہ ایک دن تھا کہ میں برہ بنت غزوان کے پاس محض روٹی پر ملازم تھا، اس کے بعد وہ دن بھی اللہ نے دکھایا کہ وہ میرے عقد میں آ گئی۔

حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے بےحد محبت تھی، اسوہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر سختی سے پابند تھے، اہل بیت اطہار سے والہانہ محبت رکھتے تھے اور جب حضرت حسن رضی اللہ عنہ کو دیکھتے تو آبدیدہ ہو جاتے تھے۔ اطاعت والدین کا یہ کتنا شاندار مظاہرہ تھا کہ شوق عبادت کے باوجود محض ماں کی تنہائی کے خیال سے ان کی زندگی میں حج نہیں کیا۔ [مسلم، جلد: 2]

قابل فخر خصوصیت یہ ہے کہ ویسے تو آپ کے اخلاق بہت بلند تھے اور حق گوئی کے جوش میں بڑے سے بڑے شخص کو فوراً پیچھے روک دیتے تھے، چنانچہ جب مدینہ میں ہنڈی یا چک کا رواج ہوا ہے تو آپ نے مروان سے جا کر کہا کہ تو نے «ربا» حلال کر دیا، کیونکہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ اشیائے خوردنی کی بیع اس وقت تک جائز نہیں جب تک کہ بائع اسے ناپ تول نہ لے، اسی طرح اس کے یہاں تصاویر آویزاں دیکھ کر اسے ٹوکا اور اسے سر تسلیم خم کرنا پڑا۔ ایک دفعہ مروان کی موجودگی میں فرمایاکہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے صحیح فرمایا ہے کہ میری امت کی ہلاکت قریش کے لونڈوں کے ہاتھوں میں ہو گی۔

لیکن سب سے نمایاں چیز یہ تھی کہ منصب امارت پر پہنچ کر اپنے فقر کو نہ بھولے۔ یا تو یہ حالت تھی کہ روٹی کے لیے گھوڑے کے پیچھے دوڑتے، مسلسل فاقوں سے غش پہ غش آتے، حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے سوا کوئی پوچھنے والا نہ تھا۔ اصحاب صفہ میں تھے کسی سے سوال نہ کرتے، لکڑیاں جنگل سے کاٹ لاتے، اس سے بھی کام نہ چلتا، رہگزر پر بیٹھ جاتے کہ کوئی کھلانے کے لیے لے جائے یا یہ عالم ہوا کہ گورنری پر پہنچ گئے، سب کچھ حاصل ہو گیا، لیکن فقیرانہ سادگی برابر قائم رکھی، ویسے اچھے سے اچھا پہنا، کتاں کے بنے ہوئے کپڑے پہنے اور ایک سے ناک صاف کر کے کہا، واہ واہ! ابوہریرہ آج تو کتاں سے ناک صاف کرتے ہو، حالانکہ کل شدت فاقہ سے مسجد نبوی میں غش کھا کر گر پڑا کرتے تھے۔ شہر سے نکلتے تو سواری میں گدھا ہوتا، جس پر معمولی نمدہ کسا ہوتا۔ چھال کی رسی کی لگام ہوتی۔ جب سامنے کوئی آ جاتا تو مزاحاً خود کہتے، راستہ چھوڑو امیرکی سواری آ رہی ہے۔

بڑے مہمان نواز اور سیر چشم تھے، اللہ تعالیٰ آج کسی کو معمولی فارغ البالی بھی عطا کرتا ہے تو غرور سے حالت اور ہو جاتی ہے مگر اللہ نے آپ کو زمین سے اٹھاکر عرش پر بٹھا دیا، لیکن سادگی کا وہی عالم رہا۔ (رضی اللہ عنہ)
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث\صفحہ نمبر: 49   
  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 6049  
6049. حضرت عبادہ بن صامت ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ لوگوں کو لیلۃ القدر کی بشارت دینے کے لیے گھر سے نکلے۔ اس دوران میں مسلمانوں کے دو آدمی کسی بات پر جھگڑنے لگے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: میں اس لیے گھر سے نکلا تھا کہ تمہیں شب قدر کی بشارت دوں لیکن فلاں فلاں جھگڑنے لگے اس لیے وہ اٹھالی گئی۔ ممکن ہے کہ یہی تمہارے لیے اچھا ہو۔ اب تم اسے 29۔ 27، 25 رمضان کی راتوں میں تلاش کرو۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:6049]
حدیث حاشیہ:
ان کے علاوہ دیگر طاق راتوں میں کبھی کبھی لیلۃ القدر کا امکان ہو سکتا ہے جیسا کہ دوسری روایات میں آیا ہے۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث\صفحہ نمبر: 6049   
  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:6049  
6049. حضرت عبادہ بن صامت ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ لوگوں کو لیلۃ القدر کی بشارت دینے کے لیے گھر سے نکلے۔ اس دوران میں مسلمانوں کے دو آدمی کسی بات پر جھگڑنے لگے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: میں اس لیے گھر سے نکلا تھا کہ تمہیں شب قدر کی بشارت دوں لیکن فلاں فلاں جھگڑنے لگے اس لیے وہ اٹھالی گئی۔ ممکن ہے کہ یہی تمہارے لیے اچھا ہو۔ اب تم اسے 29۔ 27، 25 رمضان کی راتوں میں تلاش کرو۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:6049]
حدیث حاشیہ:
(1)
مسلمانوں میں سے جھگڑنے والے حضرت کعب بن مالک رضی اللہ عنہ اور حضرت عبداللہ بن ابی حدرد رضی اللہ عنہ تھے، (فتح الباري: 574/10)
ان کا جھگڑا قرض لینے دینے کے متعلق تھا۔
شاید لڑتے وقت گالی گلوچ تک نوبت پہنچ گئی ہو۔
اس کی نحوست سے شب قدر کی تعیین کو اٹھا لیا گیا، شب قدر کو نہیں اٹھایا گیا تھا۔
(2)
بہرحال لڑائی جھگڑا اور گالی گلوچ اس قدر باعث نحوست ہے کہ انسان ان کی وجہ سے بڑی سے بڑی سعادت سے محروم ہو سکتا ہے۔
امام بخاری رحمہ اللہ نے گالی گلوچ کی نحوست بیان کرنے کے لیے یہ حدیث بیان کی ہے۔
واللہ أعلم
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث\صفحہ نمبر: 6049   


http://islamicurdubooks.com/ 2005-2023 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to www.islamicurdubooks.com will be appreciated.