تفسير ابن كثير



سورۃ الناس

[ترجمہ محمد جوناگڑھی][ترجمہ فتح محمد جالندھری][ترجمہ عبدالسلام بن محمد]
بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـنِ الرَّحِيمِ﴿﴾
شروع کرتا ہوں اللہ تعالٰی کے نام سے جو بڑا مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے۔

 
 

قُلْ أَعُوذُ بِرَبِّ النَّاسِ[1] مَلِكِ النَّاسِ[2] إِلَهِ النَّاسِ[3] مِنْ شَرِّ الْوَسْوَاسِ الْخَنَّاسِ[4] الَّذِي يُوَسْوِسُ فِي صُدُورِ النَّاسِ[5] مِنَ الْجِنَّةِ وَالنَّاسِ[6]

[ترجمہ محمد عبدالسلام بن محمد] تو کہہ میں پناہ پکڑتا ہوں لوگوں کے رب کی۔ [1] لوگوں کے بادشاہ کی۔ [2] لوگوں کے معبود کی۔ [3] وسوسہ ڈالنے والے کے شر سے، جو ہٹ ہٹ کر آنے والا ہے۔ [4] وہ جو لوگوں کے سینوں میں وسوسہ ڈالتا ہے۔ [5] جنوں اور انسانوں میں سے۔ [6]
........................................

[ترجمہ محمد جوناگڑھی] آپ کہہ دیجئے! کہ میں لوگوں کے پروردگار کی پناه میں آتا ہوں [1] لوگوں کے مالک کی (اور) [2] لوگوں کے معبود کی (پناه میں) [3] وسوسہ ڈالنے والے پیچھے ہٹ جانے والے کے شر سے [4] جو لوگوں کے سینوں میں وسوسہ ڈالتا ہے [5] (خواه) وه جن میں سے ہو یا انسان میں سے [6]۔
........................................

[ترجمہ فتح محمد جالندھری] کہو کہ میں لوگوں کے پروردگار کی پناہ مانگتا ہوں [1] (یعنی) لوگوں کے حقیقی بادشاہ کی [2] لوگوں کے معبود برحق کی [3] (شیطان) وسوسہ انداز کی برائی سے جو (خدا کا نام سن کر) پیچھے ہٹ جاتا ہے [4] جو لوگوں کے دلوں میں وسوسے ڈالتا ہے [5] وہ جنّات میں سے (ہو) یا انسانوں میں سے [6]۔
........................................

 

تفسیر آیت/آیات، 1، 2، 3، 4، 5، 6،

خالق، پرورش کنندہ، مالک، حکمران، معبود حقیقی اور پناہ دہندہ ٭٭

اس میں اللہ تعالیٰ عزوجل کی تین صفتیں بیان ہوئی ہیں، پالنے اور پرورش کرنے کی، مالک اور شہنشاہ ہونے کی، معبود اور لائق عبادت ہونے کی تمام چیزیں اسی کی پیدا کی ہوئی ہیں اسی کی ملکیت میں ہیں اور اسی کی غلامی میں مشغول ہیں، پس وہ حکم دیتا ہے کہ ان پاک اور برتر صفات والے اللہ کی پناہ میں آ جائے جو بھی پناہ اور بچاؤ کا طالب ہو، شیطان جو انسان پر مقرر ہے اس کے وسوسوں سے وہی بچانے والا ہے، شیطان ہر انسان کے ساتھ ہے۔ برائیوں اور بدکاریوں کو خوب زینت دار کر کے لوگوں کے سامنے وہ پیش کرتا رہتا ہے اور بہکانے میں راہ راست سے ہٹانے میں کوئی کمی نہیں کرتا۔ اس کے شر سے وہی محفوظ رہ سکتا ہے جسے اللہ بچا لے۔

صحیح حدیث میں ہے تم میں سے ہر شخص کے ساتھ ایک شیطان ہے لوگوں نے کہا کیا آپ کے ساتھ بھی آپ نے فرمایا: ہاں! لیکن اللہ تعالیٰ نے اس پر میری مدد فرمائی ہے پس میں سلامت رہتا ہوں وہ مجھے صرف نیکی اور اچھائی کی بات ہی کہتا ہے ۔ [صحیح مسلم:2814] ‏‏‏‏
10934

بخاری و مسلم کی اور حدیث میں سیدنا انس رضی اللہ عنہ کی زبانی ایک واقعہ منقول ہے جس میں بیان ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب اعتکاف میں تھے تو ام المؤمنین سیدہ صفیہ رضی اللہ عنہا آپ کے پاس رات کے وقت آئیں جب واپس جانے لگیں تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم بھی پہنچانے کے لیے ساتھ چلے راستے میں دو انصاری صحابی مل گئے جو آپ کو بیوی صاحبہ کے ساتھ دیکھ کر جلدی چل دیے، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں آواز دے کر ٹھہرایا اور فرمایا: سنو! میرے ساتھ میری بیوی صفیہ بنت حی ہیں، انہوں نے کہا سبحان اللہ یا رسول اللہ! اس فرمان کی ضرورت ہی کیا تھی؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: انسان کے خون کے جاری ہونے کی جگہ شیطان گھومتا پھرتا رہتا ہے، مجھے خیال ہوا کہ کہیں تمہارے دلوں میں وہ کوئی بدگمانی نہ ڈال دے [صحیح بخاری:2035] ‏‏‏‏

حافظ ابو یعلیٰ موصلی رحمہ اللہ نے ایک حدیث وارد کی ہے جس میں ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں کہ شیطان اپنا ہاتھ انسان کے دل پر رکھے ہوئے ہے اگر یہ اللہ کا ذکر کرتا ہے تب اس کا ہاتھ ہٹ جاتا ہے اور اگر یہ ذکر اللہ بھول جاتا ہے تو وہ اس کے دل پر پورا قبضہ کر لیتا ہے، یہی «وَسْوَاسِ الْخَنَّاسِ» ہے۔ [سلسلة احادیث ضعیفہ البانی:1367] ‏‏‏‏، یہ حدیث غریب ہے۔

مسند احمد میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے گدھے پر سوار ہو کر کہیں جا رہے تھے ایک صحابی آپ کے پیچھے بیٹھے ہوئے تھے گدھے نے ٹھوکر کھائی تو ان کے منہ سے نکلا شیطان برباد ہو، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: یوں نہ کہو اس سے شیطان پھول کر بڑا ہو جاتا ہے، [مسند احمد:71/5:صحیح] ‏‏‏‏ اور کہتا ہے کہ میں نے اپنی قوت سے گرا دیا اور جب تم «بسم الله» کہو تو وہ گھٹ جاتا ہے یہاں تک مکھی کہ برابر ہو جاتا ہے، اس سے ثابت ہوا کہ ذکر اللہ سے شیطان پست اور مغلوب ہو جاتا ہے اور اس کے چھوڑ دینے سے وہ بڑا ہو جاتا ہے اور غالب آ جاتا ہے۔
10935

مسند احمد میں ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں: جب تم میں سے کوئی مسجد میں ہوتا ہے اس کے پاس شیطان آتا ہے اور اسے تھپکتا اور بہلاتا ہے جیسے کوئی شخص اپنے جانور کو بہلاتا ہو پھر اگر وہ خاموش رہا تو وہ ناک میں نکیل یا منہ میں لگام چڑھا دیتا ہے ، سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے یہ حدیث بیان فرما کر فرمایا: تم خود اسے دیکھتے ہو نکیل والا تو وہ ہے جو ایک طرف جھکا کھڑا ہو اور اللہ کا ذکر نہ کرتا ہو [مسند احمد:330/2:اسنادہ قوی] ‏‏‏‏ اور لگام والا وہ ہے جو منہ کھولے ہوئے ہو اور اللہ کا ذکر نہ کرتا ہو۔

سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما اس آیت کی تفسیر میں فرماتے ہیں: شیطان ابن آدم کے دل پر چٹکی مارے ہوئے ہے جہاں یہ بھولا اور غفلت کی کہ اس نے وسوسے ڈالنے شروع کئے اور جہاں اس نے ذکر اللہ کیا اور یہ پیچھے ہٹا۔

سلیمان رحمہ اللہ فرماتے ہیں مجھ سے یہ بیان کیا گیا ہے کہ شیطان راحت و رنج کے وقت انسان کے دل میں سوراخ کرنا چاہتا ہے یعنی اسے بہکانا چاہتا ہے اگر یہ اللہ کا ذکر کرے تو یہ بھاگ کھڑا ہوتا ہے۔

سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے یہ بھی مروی ہے کہ شیطان برائی سکھاتا ہے جہاں انسان نے اس کی مان لی پھر ہٹ جاتا ہے۔

پھر فرمایا: جو وسوسے ڈالتا ہے لوگوں کے سینے میں، لفظ «ناس» جو انسان کے معنی میں ہے اس کا اطلاق جنوں پر بھی بطور غلبہ کے آ جاتا ہے۔

قرآن میں اور جگہ ہے «بِرِجَالٍ مِّنَ الْجِنِّ» [72-الجن:6] ‏‏‏‏ کہا گیا ہے تو جنات کو لفظ «ناس» میں داخل کر لینے میں کوئی قباحت نہیں، غرض یہ ہے کہ شیطان جنات کے اور انسان کے سینے میں وسوسے ڈالتا رہتا ہے۔
10936

اس کے بعد کے جملے میں «مِنَ الْجِنَّةِ وَالنَّاسِ» کا ایک مطلب تو یہ ہے کہ جن کے سینوں میں شیطان وسوسے ڈالتا ہے وہ جن بھی ہیں اور انسان بھی اور دوسرا مطلب یہ ہے کہ وہ وسواس ڈالنے والا خواہ کوئی جن ہو خواہ کوئی انسان۔

جیسے اور جگہ ہے «وَكَذَٰلِكَ جَعَلْنَا لِكُلِّ نَبِيٍّ عَدُوًّا شَيَاطِينَ الْإِنْسِ وَالْجِنِّ يُوحِي بَعْضُهُمْ إِلَىٰ بَعْضٍ زُخْرُفَ الْقَوْلِ غُرُورًا وَلَوْ شَاءَ رَبُّكَ مَا فَعَلُوهُ فَذَرْهُمْ وَمَا يَفْتَرُونَ» [6-الأنعام:112] ‏‏‏‏ یعنی ”اسی طرح ہم نے ہر نبی کے دشمن انسانی اور جناتی شیطان بنائے ہیں ایک دوسرے کے کان میں دھوکے کی باتیں بنا سنوار کر ڈالتے رہتے ہیں“۔
10937

مسند احمد میں ہے سیدنا ابوذر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس مسجد میں آیا اور بیٹھ گیا، آپ نے فرمایا: نماز پڑھی؟ میں نے کہا نہیں، فرمایا: کھڑے ہو جاؤ اور دو رکعت ادا کر لو، میں اٹھا اور دو رکعت پڑھ کر بیٹھ گیا، آپ نے فرمایا: اے ابوذر! اللہ تعالیٰ کی پناہ مانگو انسان شیطانوں اور جن شیطانوں سے، میں نے کہا: یا رسول اللہ! کیا انسانی شیطان بھی ہوتے ہیں؟ آپ نے فرمایا: ہاں، [سنن نسائی:5509،قال الشيخ الألباني:ضعيف الإسناد] ‏‏‏‏ میں نے کہا: یا رسول اللہ! نماز کیسی چیز ہے، آپ نے ارشاد فرمایا: بہترین چیز ہے، جو چاہے کم کرے جو چاہے اس عمل کو زیادہ کرے، میں نے پوچھا: روزہ؟ فرمایا: کافی ہونے والا فرض ہے اور اللہ کے پاس اجر و ثواب لا انتہا ہے، میں نے پھر پوچھا: صدقہ؟ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: بہت ہی بڑھا چڑھا کر کئی گنا کر کے بدلہ دیا جائے گا، میں نے پھر عرض کی: یا رسول اللہ! کون سا صدقہ افضل ہے؟ فرمایا: باوجود مال کی کمی کے صدقہ کرنا یا چپکے سے چھپا کر کسی مسکین فقیر کے ساتھ سلوک کرنا، میں نے سوال کیا: یا رسول اللہ! سب سے پہلے نبی کون تھے؟ آپ نے فرمایا: آدم علیہ السلام، میں نے پوچھا کیا وہ نبی تھے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ہاں وہ نبی تھے اور وہ بھی وہ جن سے اللہ تعالیٰ نے بات چیت کی، میں نے کہا: یا رسول اللہ! رسول کتنے ہوئے؟ فرمایا: تین سو کچھ اوپر دس بہت بڑی جماعت اور کبھی فرمایا: تین سو پندرہ، میں نے کہا: یا رسول اللہ! جو کچھ آپ پر نازل کیا گیا ان سب سے بڑی عظمت والی آیت کون سی ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: آیت الکرسی «اللَّـهُ لَا إِلَـهَ إِلَّا هُوَ الْحَيُّ الْقَيُّومُ لَا تَأْخُذُهُ سِنَةٌ وَلَا نَوْمٌ لَّهُ مَا فِي السَّمَاوَاتِ وَمَا فِي الْأَرْضِ مَن ذَا الَّذِي يَشْفَعُ عِندَهُ إِلَّا بِإِذْنِهِ يَعْلَمُ مَا بَيْنَ أَيْدِيهِمْ وَمَا خَلْفَهُمْ وَلَا يُحِيطُونَ بِشَيْءٍ مِّنْ عِلْمِهِ إِلَّا بِمَا شَاءَ وَسِعَ كُرْسِيُّهُ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضَ وَلَا يَئُودُهُ حِفْظُهُمَا وَهُوَ الْعَلِيُّ الْعَظِيمُ» [2-البقرة:255] ‏‏‏‏ [مسند احمد:178/5:ضعیف] ‏‏‏‏ یہ حدیث نسائی میں بھی ہے اور ابوحاتم بن حبان کی صحیح ابن حبان میں تو دوسری سند سے دوسرے الفاظ کے ساتھ یہ حدیث بہت بڑی ہے۔ «فَاللهُ اَعْلَمُ»
10938

مسند احمد کی ایک اور حدیث شریف میں ہے کہ ایک شخص نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہو کر عرض کیا کہ یا رسول اللہ! میرے دل میں تو ایسے ایسے خیالات آتے ہیں کہ ان کا زبان سے نکالنا مجھ پر آسمان سے گر پڑنے سے بھی زیادہ برا ہے، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: «اللهُ اكبر اللهُ اكبر» اللہ ہی کے لیے حمد و ثناء ہے جس نے شیطان کے مکر و فریب کو وسوسے میں ہی لوٹا دیا، یہ حدیث ابوداؤد اور نسائی میں بھی ہے ۔ [سنن ابوداود:5112،قال الشيخ الألباني:صحيح] ‏‏‏‏

«الْحَمْدُ لِلَّه» اللہ تعالیٰ کے احسان سے یہ تفسیر ختم ہوئی۔ «وَالْحَمْدُ لِلَّهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ»
10939

اللہ کے فضل و کرم سے تیسویں پارے کی تفسیر بھی ختم ہوئی اور تفسیر ابن کثیر کا ترجمہ تفسیر محمدی بالکل کامل ہو گیا۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اپنے پاک کلام کی صحیح سمجھ دے اور اس پر عمل نصیب فرمائے اور پھر قبول کرے۔ «آمین»

«وَالْحَمْدُ لِلَّهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ . وَصَلَّى اللَّهُ عَلَى سَيِّدِنَا مُحَمَّدٍ وَآلِهِ وَصَحْبِهِ أَجْمَعِينَ . وَرَضِيَ اللَّهُ عَنِ الصَّحَابَةِ أَجْمَعِينَ»
10940



http://islamicurdubooks.com/ 2005-2023 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to www.islamicurdubooks.com will be appreciated.