الحمدللہ ! قرآن پاک روٹ ورڈ سرچ اور مترادف الفاظ کی سہولت پیش کر دی گئی ہے۔


مختصر صحيح بخاري کل احادیث (2230)
حدیث نمبر سے تلاش:


مختصر صحيح بخاري
نماز کے اوقات کا بیان
2. نماز (گناہوں) کا کفارہ ہے۔
حدیث نمبر: 326
سیدنا حذیفہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ وہ لوگ امیرالمؤمنین عمر رضی اللہ عنہ کے پاس بیٹھے ہوئے تھے تو انھوں نے کہا کہ فتنہ کے بارے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیث تم میں سے کسے یاد ہے؟ میں نے کہا کہ مجھے (بالکل اسی طرح) یاد ہے جیسا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔ امیرالمؤمنین عمر رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ پھر بیان کیجئیے تو میں نے کہا کہ آدمی کا وہ فتنہ جو اس کی بیوی اور اس کے مال اور اولاد میں ہوتا ہے نماز، روزہ، صدقہ اور امر (بالمعروف) اور نہی (عن المنکر) اس کو مٹا دیتا ہے۔ امیرالمؤمنین عمر رضی اللہ عنہ نے کہا کہ میں یہ نہیں (پوچھنا) چاہتا بلکہ وہ فتنہ جو دریا کی طرح موج زن ہو گا۔ سیدنا حذیفہ رضی اللہ عنہ نے کہا کہ اے امیرالمؤمنین؟ اس فتنہ سے آپ کو کچھ خوف نہیں کیونکہ آپ کے اور اس کے درمیان ایک بند دروازہ ہے۔ امیرالمؤمنین عمر رضی اللہ عنہ نے فرمایا اچھا: وہ دروازہ توڑ ڈالا جائے گا یا کھولا جائے گا؟ تو سیدنا حذیفہ رضی اللہ عنہ نے کہا کہ توڑ ڈالا جائے گا۔ پھر امیرالمؤمنین عمر رضی اللہ عنہ نے کہا تو پھر (وہ دروازہ) کبھی بند نہ ہو گا۔ سیدنا حذیفہ رضی اللہ عنہ سے پوچھا گیا کہ کیا عمر رضی اللہ عنہ اس دروازے کو جانتے تھے؟ انھوں نے کہا ہاں (اس طرح جانتے تھے) جیسے (تم جانتے ہو) کہ دن کے بعد رات ہو گی۔ (سیدنا حذیفہ رضی اللہ عنہ) نے وہ حدیث بیان کی جو غلط نہ تھی۔ پس ان سے (دروازے کا) پوچھا گیا تو انھوں نے کہا کہ دروازہ امیرالمؤمنین سیدنا عمر رضی اللہ عنہ تھے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 326]
حدیث نمبر: 327
سیدنا ابن مسعود رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ ایک شخص نے کسی (اجنبی) عورت کو بوسہ دے دیا پھر وہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس حاضر ہوا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے بیان کیا تو اللہ بزرگ و برتر نے یہ آیت نازل فرما دی: نماز کو دن کے سروں میں اور کچھ رات گئے قائم کرو بیشک نیکیاں برائیوں کو مٹا دیتی ہیں۔ تو وہ شخص بولا کہ اللہ کے رسول! کیا یہ میرے ہی لیے ہے؟ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ میری تمام امت کے لیے ہے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 327]
حدیث نمبر: 328
ایک اور روایت میں ابن مسعود رضی اللہ عنہما سے مروی ہے: میری امت میں سے ہر ایک (صغیرہ گناہ کا) کام کرنے والے کے لیے (یہ کفارہ) ہے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 328]