الحمدللہ ! قرآن پاک روٹ ورڈ سرچ اور مترادف الفاظ کی سہولت پیش کر دی گئی ہے۔


مختصر صحيح بخاري کل احادیث (2230)
حدیث نمبر سے تلاش:


مختصر صحيح بخاري
عمرہ کے بیان میں
3. نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے کتنے عمرے ادا فرمائے ہیں؟
حدیث نمبر: 865
سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے پوچھا گیا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے کتنے عمرے ادا فرمائے؟ تو ابن عمر رضی اللہ عنہما نے جواب دیا کہ چار۔ ان میں سے ایک رجب میں۔ پس سائل نے کہا کہ ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا سے میں نے پوچھا کہ کیا آپ کو خبر ملی کہ ابوعبدالرحمن (ابن عمر رضی اللہ عنہما) کیا کہہ رہے ہیں؟ ام المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا نے پوچھا کہ کیا کہتے ہیں؟ اس نے کہا کہ وہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے چار عمرے ادا فرمائے جن میں سے ایک رجب میں تھا۔ ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا نے جواب دیا کہ اللہ ابوعبدالرحمن پر رحم فرمائے جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے عمرہ ادا فرمایا تو وہ ضرور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہمراہ تھے لیکن (اس کے باوجود بھول گئے) آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کبھی بھی رجب میں عمرہ ادا نہیں فرمایا۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 865]
حدیث نمبر: 866
سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے پوچھا گیا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کتنے عمرے ادا فرمائے تو انھوں نے کہا، چار ایک عمرہ حدیبیہ ذیقعدہ میں کیا جہاں پر مشرکوں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو واپس کر دیا تھا اور ایک عمرہ قضاء ذیقعدہ ہی میں آئندہ سال کیا جب کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مشرکوں سے صلح کی تھی اور ایک عمرہ جعرانہ (آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے) اس وقت (کیا) جب کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے (شاید حنین کا) مال غنیمت تقسیم کیا۔ راوی کہتا ہے کہ میں نے پوچھا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کس قدر حج ادا فرمائے؟ تو سیدنا انس رضی اللہ عنہ نے کہا کہ صرف ایک ہی (یعنی حجتہ الوداع)۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 866]
حدیث نمبر: 867
سیدنا انس رضی اللہ عنہ نے ہی ایک روایت میں کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک عمرہ اس وقت ادا فرمایا جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو مشرکوں نے واپس کر دیا تھا اور ایک عمرہ حدیبیہ سال آئندہ میں اور ایک عمرہ ذیقعدہ میں اور ایک عمرہ اپنے حج (حجتہ الوداع) کے ساتھ ادا فرمایا تھا۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 867]
حدیث نمبر: 868
سیدنا براء بن عازب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حج کرنے سے پہلے ذیقعدہ میں دو مرتبہ عمرہ ادا فرمایا تھا۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 868]