الحمدللہ ! قرآن پاک روٹ ورڈ سرچ اور مترادف الفاظ کی سہولت پیش کر دی گئی ہے۔


مختصر صحيح بخاري کل احادیث (2230)
حدیث نمبر سے تلاش:


مختصر صحيح بخاري
خریدوفروخت کے بیان میں
30. غلہ فروخت اور ذخیرہ کرنے کے بارے میں کیا بیان کیا جاتا ہے؟
حدیث نمبر: 1017
سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ جو لوگ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے دور میں غلہ کو ناپ تول کے بغیر فروخت کرتے تھے، میں نے دیکھا کہ ان کو مارا جاتا تھا اس لیے کہ جب تک وہ اس (غلہ و اناج) کو اپنے گھروں (گوداموں اور دوسرے ٹھکانوں) میں نہ لے جائیں تب تک فروخت نہ کریں۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1017]
حدیث نمبر: 1018
سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس بات سے منع فرمایا ہے کہ کوئی شخص غلہ کی فروخت کرے قبل اس کے کہ اس پر قبضہ کیا ہو (یعنی اس کے اسٹور، دکان، گودام وغیرہ میں نہ پہنچ جائے)۔ ابن عباس رضی اللہ عنہما سے پوچھا گیا کہ یہ (ممانعت) کس وجہ سے ہے؟ تو انھوں نے جواب دیا کہ یہ تو روپے کو روپے کے عوض بیچنا ہے کیونکہ غلہ تو اس وقت نہیں دیا جاتا (جب تک وہ اپنے اسٹور، گودام یا دکان وغیرہ میں نہ آ جائے)۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1018]
حدیث نمبر: 1019
امیرالمؤمنین عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے خبر دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: سونا، سونے کے عوض، گندم، گندم کے عوض، کھجور، کھجور کے عوض اور جو، جو کے عوض فروخت کرنا سود ہے مگر برابر برابر اور ہاتھوں ہاتھ ہو تو درست ہے۔ (یاد رہے کہ 24 قیراط سونا 22 قیراط کے عوض برابر وزن میں فروخت کرنا بھی سود ہے) [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1019]