الحمدللہ ! قرآن پاک روٹ ورڈ سرچ اور مترادف الفاظ کی سہولت پیش کر دی گئی ہے۔


مختصر صحيح بخاري کل احادیث (2230)
حدیث نمبر سے تلاش:


مختصر صحيح بخاري
فضائل قرآن کے بیان میں
4. سورۃ الاخلاص کی فضیلت کا بیان۔
حدیث نمبر: 1812
سیدنا ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ ایک شخص نے کسی کو ((قل ھو اللہ احد)) (سورۃ الاخلاص) باربار پڑھتے ہوئے سنا، پس وہ صبح کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا اور یہ بیان کیا، گویا کہ وہ شخص ((قل ھو اﷲ احد)) کو (بوجہ قلت الفاظ کے ثواب میں) قلیل جانتا تھا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے! بیشک یہ سورۃ ((قل ھو اﷲ احد)) تہائی قرآن کے برابر ہے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1812]
حدیث نمبر: 1813
سیدنا ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ ہی سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے اصحاب سے (بطور استفہام انکاری) کہا کہ کیا یہ مشکل ہے کہ تم میں سے کوئی شخص ایک رات میں تہائی قرآن پڑھے؟ ان (صحابہ رضی اللہ عنہم) کو یہ دشوار معلوم ہوا اور کہنے لگے کہ یا رسول اللہ! ہم میں سے کس کو اتنی طاقت حاصل ہے؟ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: سورۃ الاخلاص جس میں اللہ واحد صمد کی صفات مذکور ہیں، تہائی قرآن (کے برابر) ہے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1813]