الحمدللہ ! قرآن پاک روٹ ورڈ سرچ اور مترادف الفاظ کی سہولت پیش کر دی گئی ہے۔


مختصر صحيح بخاري کل احادیث (2230)
حدیث نمبر سے تلاش:


مختصر صحيح بخاري
دل کو نرم کرنے والی باتوں کا بیان
28. حوض کوثر کا بیان۔
حدیث نمبر: 2132
سیدنا عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما کہتے ہیں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: میرا حوض (کوثر، طول و عرض میں) مہینے کی مسافت کا ہے۔ پانی اس کا دودھ سے زیادہ سفید اور مشک سے زیادہ خوشبودار ہے اور آبخورے (پینے کے برتن جیسے جام، پیالہ وغیرہ) اس کے ایسے ہیں جیسے آسمان کے ستارے، جس نے اس میں سے (ایک دفعہ) پی لیا وہ پھر کبھی پیاسا نہ ہو گا۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 2132]
حدیث نمبر: 2133
سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کی ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تمہارے سامنے میرا حوض (کوثر) ہو گا۔ وہ اتنا بڑا ہے جتنا جرباء سے اذرح تک کا فاصلہ۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 2133]
حدیث نمبر: 2134
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: میرے حوض کی مقدار اتنی ہے جتنی ایلہ سے صنعا تک (کی مسافت ہے۔ اور یہ دونوں شہر ملک یمن میں واقع ہیں) اور اس کے کوزے (پینے پلانے کے برتن) اس قدر ہیں جتنے آسمان کے ستارے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 2134]
حدیث نمبر: 2135
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: قیامت کے دن حوض پر میں کھڑا ہوا ہوں گا۔ ایک گروہ آئے گا، جب میں ان کو پہچان لوں گا تو میرے اور ان کے درمیان سے شخص (فرشتہ) نکل کر (ان لوگوں سے) کہے گا کہ چلو۔ میں کہوں گا کہ ان کو کدھر لے چلے؟ وہ کہے گا دوزخ کی طرف، اللہ کی قسم (اور کہاں)۔ میں کہوں گا کہ اس کا کیا سبب ہے؟ وہ کہے گا کہ یہ لوگ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کے بعد (دین سے) الٹے پاؤں پھر گئے تھے (اور اللہ کے احکامات کو پس پشت ڈال دیا تھا)۔ پھر (ان کے بعد) ایک اور گروہ آئے گا اور جب میں ان کو پہچان لوں گا (کہ میری امت کے لوگ ہیں) تو میرے اور ان کے درمیان ایک شخص (فرشتہ) نکلے گا اور کہے گا کہ چلو۔ میں کہوں گا کہ ان کو کہاں لے جاؤ گے؟ وہ کہے گا دوزخ کی طرف میں کہوں گا کیوں؟ وہ کہے گا کہ یہ لوگ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کے بعد دین سے الٹے پاؤں پھر گئے تھے۔ (اور اللہ کے احکامات کو پشت ڈال دیا تھا۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: پھر ان میں سے بہت ہی تھوڑے (لوگ) بچیں گے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 2135]
حدیث نمبر: 2136
سیدنا حارثہ بن وہب رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حوض کوثر کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا: اس کا طول اتنا ہے جیسے مدینہ سے صنعاء یمن تک (کی مسافت)۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 2136]